ہرمن نے کہاکہ ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سیمی فائنلسٹ ہیں کیونکہ یہ تمام بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 15, 2024, 12:59 PM IST | Agency | Dhaka
ہرمن نے کہاکہ ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سیمی فائنلسٹ ہیں کیونکہ یہ تمام بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
کپتان ہرمن پریت کور کو یقین ہے کہ ہندوستانی خواتین ٹیم اس سال ہونے والے ٹی۲۰؍ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۳؍ سے۲۰؍ اکتوبر تک بنگلہ دیش میں ہونا ہے اور ہرمن پریت کا خیال ہے کہ حالات سے واقفیت ہندوستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے میں مدد دے گی۔ ٹورنامنٹ کے ۹؍ویں سیزن کیلئے ہندوستان کو گروپ اے میں ۶؍ بار کی چمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ۲۰۱۶ء کی چمپئن ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔
جب سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں کی پیشین گوئی کے بارے میں پوچھا گیا تو ہرمن پریت نے کہاکہ ہندوستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کیونکہ یہ تمام ٹیمیں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور امید ہے کہ چاروں ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکیں گی۔ ` ہندوستان نے حال ہی میں سلہٹ میں ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز میں بنگلہ دیش کو۰۔۵؍ سے شکست دی تھی۔
ہرمن پریت نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ڈھاکہ میں شیڈول کا اعلان کرنے کیلئے ایونٹ کے دوران کہاکہ ’’میرے خیال میں یہ آسٹریلیا ہوگا (جس کا میں سامنا کرنےکیلئے منتظر ہوں) کیونکہ وہ بہت مسابقتی ہیں۔‘‘ہندوستان نے حال ہی میں آسٹریلیائی غلبہ کو چیلنج کیا ہے لیکن اس ٹیم نے عالمی مقابلوں میں ہرمن پریت کی ٹیم پر غلبہ حاصل کیا ہے۔ آسٹریلیا نے ۲۰۲۰ء میں خواتین کےٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل کے ساتھ ساتھ ۲۰۲۲ء میں کامن ویلتھ گیمز کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے ۲۰۲۳ء کےٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھی ہندوستان کو شکست دی تھی۔ ہرمن پریت نے کہا کہ `اگر ہم ان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو اس سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد ملے گا اور میں واقعی ان کے خلاف کھیلنے کیلئے پر امید ہوں۔
ہرمن پریت کا خیال ہے کہ میزبان ٹیم کے خلاف حالیہ ۵؍ میچوں کی سیریز میں ہندوستان کی کامیابی نے انہیں حالات سے زیادہ واقف ہونے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہاکہ `ہاں، یہ کچھ ہندوستان سے ملتا جلتا ہے اور امید ہے کہ ہمیں ان حالات میں اچھا کرنا چاہیے۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کافی عرصے سے سخت دشمنی دیکھنے میں آرہی ہے اور یہ حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز کے دوران واضح طور پر نظر آرہا تھا۔
ہندوستان۲۰۲۳ء کے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد سے بنگلہ دیش سے دو بار کھیل چکا ہے۔ پچھلے سال جولائی میں ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز اور یکروزہ سیریز اور پھر حال ہی میں ۵؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل سیریز کے دوران دیکھا گیا۔ ورلڈ کپ میں ہندوستان کے اب تک کے تجربے کے بارے میں ہرمن پریت نے کہاکہ `مجھے لگتا ہے کہ ہم نے آئی سی سی کے تمام مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بات صرف یہ ہے کہ ہم کئی قریبی میچ ہار چکے ہیں اور اس بار امید ہے کہ ہم قریبی میچ جیت کر ٹیم کیلئے اچھی کارکردگی پیش کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلہ دیش ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ٹی ۲۰؍ سیریز میں زبردست مظاہرہ کیا تھا میزبان ٹیم کو شکست دی تھی۔ اس سیریز کی وجہ سے ہندوستان کی خواتین ٹیم کو اچھی کارکردگی کرنے کا تجربہ مل گیا ہوگا کیونکہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں ہی ہونے والا ہے اور ٹیم نے اس کیلئے مضبوط تیار ی کی ہے اور امید ہے کہ اس بار یہ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب رہے گی۔