• Thu, 23 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین ٹیم کی یکروزہ میں شاندار کامیابی

Updated: December 23, 2024, 11:23 AM IST | Vadodara

ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کو ۲۱۱؍رن سے مات دی۔ رینوکا سنگھ نے ۵؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اسمرتی مندھانا سنچری سے محروم۔

Renuka Singh Thakur. Photo: INN.
رینوکا سنگھ ٹھاکر۔ تصویر: آئی این این۔

اسمرتی مندھانا (۹۱)، ہرلین دیول (۴۴) اور پرتیکا راول (۴۰) کی شاندار بلے بازی کے بعد رینوکا سنگھ (۵؍وکٹ) کی بہترین گیند بازی کی بدولت ہندوستانی خاتون ٹیم نے اتوار کو پہلے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو ریکارڈ۲۱۱؍ رن سے ہرادیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے سیریز میں ۰۔ ۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
ہندوستان کے۳۱۴؍ رن کے جواب میں بیٹنگ کے لیے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات انتہائی خراب رہی اور محض۱۱؍رن کے اسکور پر اس کے۴؍ وکٹ گر گئے۔ ہندوستانی بولنگ اٹیک کے سامنے ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز اور کیانا جوزف کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئیں۔ ڈینڈرا ڈوٹن ۸؍ اور رشدا ولیمز ۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد شمن کیمپ بیل اور عالیہ ایلن نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ ۱۱؍ویں اوور میں رینوکا نے عالیہ ایلن (۱۳) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد رینوکا نے شبیکا غزنوی (۳) کو بولڈ کیا اور ہندوستان کے لیے ان کا چوتھا اور چھٹا وکٹ لیا۔ جیڈا جیمس ۹، کرشمہ رامہیرک ۱۱، شمائلہ کونیل ۸؍اور شمن کیمپ بیل نے ۲۱؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ٹیم کے لیے ایفی فلیچر نے سب سے زیادہ ناٹ آؤٹ ۲۴؍رن کی اننگز کھیلی۔ ہندوستانی بولنگ اٹیک نے ویسٹ انڈیز کو۲۶ء۲؍ اوورس میں ۱۰۳؍ رن پر آؤٹ کر دیا اور میچ ۲۱۱؍ رن سے جیت لیا۔ ہندوستان کی جانب سے رینوکا سنگھ نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ پریا مشرا نے دو وکٹ لئے۔ 
اس سے قبل اسمرتی مندھانا (۹۱)، ہرلین دیول(۴۴) اور پرتیکا راول (۴۰) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے اتوار کو پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو۳۱۵؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ اتوارکو ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے۱۱۰؍ رن کی شراکت قائم کی۔ ہیلی میتھیوز نے۲۴؍ویں اوور میں پرتیکا راول (۴۰؍رن) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ ۳۲؍ویں اوور میں جیڈا جیمس نے اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے ہندوستانی ٹیم کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اسمرتی مندھانا اپنی سنچری کے قریب تھیں۔ انہوں نے۱۰۲؍ گیندوں پر ۱۳؍ چوکوں کی مدد سے ۹۱؍ رن بنائے۔ ہرلین دیول نے۵۰؍ گیندوں پر۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۴۴؍رن بنائے۔ کپتان ہرمن پریت کور نے۲۳؍ گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۴؍ رن بنائے۔ رچا گھوش ۱۳؍گیندوں پر۲۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں، جمائمہ روڈریگیز۱۹؍ گیندوں پر ۳۱؍ رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK