Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان کا پاکستان کےساتھ پہلا میچ

Updated: January 22, 2022, 12:56 PM IST | Agency | Dubai

امسال اکتوبر ۔نومبر میں ہونےوالے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری۔ ۲۰؍اکتوبر کو میلبورن میں ایشیا کے ۲؍روایتی حریف آمنے سامنے ہوں گے۔ آسٹریلیا کی ٹیم خطاب کا دفاع اپنے ملک میں کریگی

Good news for Indian and Pakistani fans.Picture:INN
ہندوستانی اور پاکستانی شائقین کیلئے اچھی خبر۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان اس سال منعقد ہونے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز روایتی حریف پاکستان کے خلاف ۲۰؍ اکتوبر کو  میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر میچ سے کرے گا  جبکہ میزبان آسٹریلیا اپنے خطاب کے دفاع کی شروعات گزشتہ سال عالمی کپ فائنل میں جگہ بنانے والی نیوزی لینڈ کے خلاف ایس سی جی میں کرے گا۔  جمعہ کو ۲۰۲۲ء ٹی ۲۰؍ عالمی کپ کے پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔  ٹورنامنٹ کی شروعات ۱۶؍ اکتوبر سے ہوگی جہاں سری لنکا کا سامنا نامبیا سے جیلانگ میں ہوگا۔سپر۱۲؍ کا آغاز۲۲؍ اکتوبر سے سڈنی میں ہوگا۔ہندوستان اور پاکستان۲۳؍ اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گے جو سپر۱۲؍ مرحلے کا دوسرا دن ہوگاجس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہوگا۔اپنے دوسرے میچ میں روہت شرما کی کپتانی والی ہندوستانی ٹیم کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے ہوگا۔ ہندوستان۳۰؍ اکتوبر کو دوبارہ جنوبی افریقہ اور۲؍ نومبر کو بنگلہ دیش سے مقابلہ کرے گا۔ ہندوستان کا آخری میچ ۶؍ نومبر کو گروپ بی کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ پہلا سیمی فائنل  ۹؍نومبر کو سڈنی میں اور دوسرا سیمی فائنل ۱۰؍ نومبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔ فائنل ۱۳؍ نومبر کو ایم سی جی میں ہوگا۔ سپر۱۲؍ کے گروپ  ایک  میں  آسٹریلیا کے ساتھ  نیوزی لینڈ، انگلینڈ، افغانستان کے ساتھ گروپ اے کے کوالیفائر کے فاتح  اور گروپ بی کے رنراپ ہوں گے۔ گروپ۲؍   میں ہندوستان، پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور گروپ اے کوالیفائر کے رنر اپ اور گروپ بی کے فاتح  ہوں گے۔  ٹورنامنٹ کے مقابلے ایڈیلیڈ، برسبین، جیلانگ، ہوبارٹ، میلبورن، پرتھ اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔ میزبان آسٹریلیا نے گزشتہ سال دبئی میں فائنل میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنا پہلا ٹی ۲۰؍ عالمی کپ جیتا تھا۔  خیال رہے کہ ٹورنامنٹ۱۸؍ اکتوبر سے ۱۳؍ نومبر تک آسٹریلیا کے ۷؍ شہروں میں کھیلا جائے گا جس میں۱۶؍ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ان۱۶؍ میں سے۱۲؍ ٹیموں کی پہلے ہی تصدیق ہو چکی ہے  جبکہ بقیہ۴؍ کا تعین گلوبل کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے دلچسپ ترین مقابلوں میں سے ایک ہندوستان اورپاکستان کے درمیان۲۳؍ اکتوبر کو میلبورن میں سپر۱۲؍ مرحلے کے دوسرے دن کھیلا جائے گا۔پاکستان نے گزشتہ سال روایت توڑتے ہوئے دبئی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے کے اختتام پر آسٹریلیا بمقابلہ نیوزی لینڈمیچ بھی نمایاں ہوگا۔ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۱ءکے سیمی فائنل میں ٹکرانے والے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ اب یکم نومبر کو آمنے سامنے ہوں گے جو دونوں ٹیموں کا آخری گروپ میچ ہوگا۔  سڈنی کرکٹ اسٹیڈیم ۹؍نومبر کو پہلے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا۔ دوسرا سیمی فائنل اگلے دن ایڈیلیڈ اوول گراؤنڈ میں ہوگا۔ آئی سی سی مینز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کا فائنل۱۳؍ نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ آسٹریلیا کو ۲۰۲۰ء میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی تھی لیکن اس میں کورونا کی وجہ سے ۲؍ سال کی تاخیر ہوئی جب کہ۲۰۲۱ءمیں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی میزبانی ہندوستان  کے حصے میں آئی تھی، تاہم اس ٹورنامنٹ کو کورونا کی وجہ سے دبئی منتقل کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK