ہندوستان کی تسنیم میرنےتاریخ رقم کردی

Updated: January 14, 2022, 12:33 PM IST | Agency | Mumbai

بیڈمنٹن کھلاڑی نے انڈر ۱۹؍جونیئر درجہ بندی میں دنیا کی پہلے نمبر کی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا

Tasnim Mir.Picture:INN
تسنیم میر۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے گزشتہ چند برسوں کے دوران پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔اولمپک میں تمغہ جیتنا ہوا یا پھر ورلڈ چمپئن شپ کا خطاب حاصل کرنا ہو ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑیوں نے ملک کا پرچم ہر جگہ لہرایا ہے۔سینئر کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے بعد جونیئر کھلاڑیوں نے بھی ملک کو خوشی سے جھومنے اور سروں کو فخر سے اونچا کرنے کا موقع دیا ہے۔تسنیم میر نے جونیئر ورلڈ رینکنگ میںنمبر ون کا مقام حاصل کرتے ہوئے ہندوستان کا نام روشن کردیا ہے۔وہ درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ہندوستان کی پہلی جونیئر خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ نوجوان بیڈمنٹن کھلاڑی تسنیم میر کو گزشتہ روز جاری کردہ بی ڈبلیو ایف جونیئر درجہ بندی میں انڈر۔۱۹؍میں پہلی پوزیشن دی گئی ہے۔گجرات کی ۱۶؍سالہ تسنیم میر کو گزشتہ سال شاندار کارکردگی کا فائدہ ملا جن میں انہوںنے جونیئر زمرےکے بین الاقوامی مقابلے جیتے تھے۔اس وجہ سے انہیں ۳؍جگہ کا فائدہ حاصل ہوا اور وہ جونیئر لیول پر (انڈر۔۱۹) دنیاکی پہلے نمبر کی کھلاڑی بن گئیں۔ اپنی کامیابی پر تسنیم نے کہا ’’ میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ مجھے اس کی امید تھی۔میں نے سوچا تھا کہ میں نمبر ایک نہیں بن سکوںگی کیوںکہ کئی ٹورنامنٹ کورونا کی وباءکی وجہ سےمتاثر ہوئے تھے لیکن میں نے بلغاریہ، فرانس اور بلجیم میں ۳؍ اہم ٹورنامنٹ جیتے تھے جن کا میری درجہ بندی میں مجھے فائدہ ملا۔ میں دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بن کر کافی خوش ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ یہ کارنامہ جونیئر لیول پر کوئی بھی ہندوستانی  خاتون کھلاڑی حاصل نہیں کر سکا تھا۔ان میں ۲؍بار کی اولمپک میڈل فاتح پی وی سندھو اور لندن اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیتنے والے سائنا نہوال بھی شامل ہیں جو انڈر۔۱۹؍درجہ بندی میں کبھی ٹاپ پوزیشن حاصل نہیں کر سکی تھیں۔ جہاں تک لڑکوں کی بات ہے تو لکشیا سین،سریل ورما اور آدتیہ جوشی جونیئر لیول پر دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی بن چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK