• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کی نوجوان فوج ۹؍ویں مرتبہ ’ایشیا‘ پرغلبہ حاصل کرنے کیلئے بیقرار

Updated: December 08, 2024, 2:12 PM IST | Agency | Dubai

آج انڈر ۱۹؍ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مقابلہ۔ محمد امان کی قیادت میں ہندوستان خطاب جیتنا چاہےگا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

محمد امان کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف ایشیا کپ انڈر۱۹؍ کے خطاب کے ساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کے گزشتہ ایڈیشن میں سیمی فائنل میں ہمسایہ ملک سے شکست کا حساب برابر کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔
 ہندوستان اور بنگلہ دیش ۲۰۲۳ء کے سیمی فائنل کے بعد دوبارہ میچ میں آمنے سامنے ہوں گے۔یہ دفاعی  چمپئن  اور سب سے زیادہ ۸؍ مرتبہ اے سی سی انڈر ایشیا کپ ٹرافی والے ملک کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ میچ اتوار کی صبح سوا ۱۰؍بجے  دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا اور سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
 موجودہ مقابلے میں پاکستان کیخلاف پہلے میچ میں شکست کے علاوہ  ہندوستان نے اپنے تمام حریفوں کو بڑے فرق سے ہرایا ہے، جس میں سری لنکا کے خلاف جمعہ کا سیمی فائنل میچ بھی شامل ہے، جہاں انہوں نے ۲۸؍ اوورس باقی رہتے ہوئے ۷؍ وکٹ سے آسانی سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان کی اوپننگ جوڑی مہاترے  اور سوریا ونشی بہت اچھی بلے بازی کررہی ہے اس لئے ہندوستان اگر ٹاس جیتتا ہے تو وہ زیادہ سے زیادہ رن بنانے کی کوشش کرے گا۔ ٹیم کے کپتان محمد امان نے بھی اس ٹورنامنٹ میں سنچری بنائی ہے اور وہ بھی فائنل میں اچھا کھیلنا چاہیں گے۔ 
 دوسری جانب بنگلہ دیش بھی اتنا ہی متاثر کن رہا ہے، جس نے گروپ مرحلے میں سری لنکا سے صرف ایک میچ ہارا اور دن کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو۷؍ وکٹ  سے شکست دی۔ ہندوستان کے لیے آیوش مہاترے اور۱۳؍ سالہ ویبھو سوریاونشی کی اوپننگ جوڑی نے اب تک کھیلے جانے والے ۴؍ میچوں میں بالترتیب۱۷۵؍ اور۱۶۷؍ رن کے ساتھ سب سے زیادہ اسکورنگ کی ہے۔ بنگلہ دیش کے لیے ان کا ہتھیار بولنگ اٹیک ہے جو اب تک مخالف ٹیم کے لیے مہلک ثابت ہوا ہے۔ محمد الفہد۱۰؍ وکٹ  کے ساتھ وکٹ لینے والوں میں سرفہرست ہیں، ان کے بعد محمد اقبال حسن ایمون کی بھی اتنے ہی وکٹ ہیں۔
 مجموعی طور پر یہ ہندوستان کی دلچسپ بیٹنگ لائن اپ اور بنگلہ دیش کی مضبوط بولنگ لائن اپ کے درمیان ٹکراؤ ہوگا۔ ٹورنامنٹ کے گزشتہ ایڈیشن میں بنگلہ دیش نے سیمی فائنل میچ میں ہندوستان کو۴۳؍ گیندیں باقی رہتے ہوئے ۴؍وکٹ سے شکست دی تھی جس کے بعد اس نے میزبان متحدہ عرب امارات کو فائنل میں شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ دوسری طرف، ہندوستان ۱۹۸۹ء ،۲۰۰۳ء، ۲۰۱۲ء، ۱۴۔۲۰۱۳ء،۲۰۱۶ء،۲۰۱۸ء، ۲۰۱۹ء، ۲۰۲۱ء میں ایشیا کپ کی باوقار ٹرافی اپنے گھر لانے میں کامیاب رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK