یشسوی جیسوال کی جگہ ٹیم میںاسپنر ورون چکرورتی کو شامل کیا گیا۔ورون نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔
EPAPER
Updated: February 13, 2025, 1:22 PM IST | Agency | Mumbai
یشسوی جیسوال کی جگہ ٹیم میںاسپنر ورون چکرورتی کو شامل کیا گیا۔ورون نے اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔
ٹیم انڈیا کے اہم گیند باز جسپریت بمراہ کمر کی چوٹ کی وجہ سے چمپئن ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ شاندار کارکردگی کے باوجود یشسوی جیسوال بھی ٹیم انڈیا میں جگہ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کی جگہ کرناٹک کے اسپنر ورون چکرورتی کو شامل کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کے اعزازی سکریٹری دیوجیت سائکیا نے پریس ریلیز کے ذریعے ان تبدیلیوں کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کمر کے نچلے حصے میں چوٹ کی وجہ سے ۲۰۲۵ء کی آئی سی سی چمپئن ٹرافی سے باہر ہو گئے ہیں۔ سلیکشن کمیٹی نے ان کی جگہ ہرشیت رانا کو نامزد کیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا نے ورون چکرورتی کو بھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ یشسوی جیسوال کی جگہ لیں گے جنہیں ابتدائی طور پر عارضی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے لیے ہندوستانی ٹیم میں یہ کھلاڑی شامل ہيں: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل (نائب کپتان)، وراٹ کوہلی، شریاس ایّر، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو،ہرشیت رانا، تیز گیند باز محمدسمیع، عر شدیپ سنگھ، رویندر جڈیجا، اور اسپنر ورون چکرورتی۔
واضح رہے کہ ورون چکرورتی نے گزشتہ کچھ عرصے میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر سلیکٹرس کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔ وہ اب تک ۱۸؍ ٹی۲۰؍ میچوں میں۳۳؍ وکٹ لے چکے ہیں جس میں انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں کھیلی جانے والی ٹی۲۰؍ سیریز میں۱۱؍ وکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ایک ون ڈے میں ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان چمپئن ٹرافی ۲۰۲۵ء میں اپنا پہلا میچ ۲۰؍فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا جب کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ ۲۳؍ فروری کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اپنا آخری گروپ میچ۲؍ مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔خیال رہے کہ ہندوستانی ٹیم اپنے میچ متحدہ امارات میں کھیلے گی اور اگر وہ فائنل میں آتی ہے تو فائنل بھی یہیں ہوگا۔