کولمبس کریو کو ۲۔ ۳؍سے شکست دی، کپتان لیونل میسی نےاپنی ٹرافیوں کی تعداد ۴۶؍تک پہنچا دی۔
EPAPER
Updated: October 04, 2024, 12:46 PM IST | Columbus
کولمبس کریو کو ۲۔ ۳؍سے شکست دی، کپتان لیونل میسی نےاپنی ٹرافیوں کی تعداد ۴۶؍تک پہنچا دی۔
کپتان لیونل میسی نے اپنی ٹیم کےلئے ۲؍ گول کیا اور انٹر میامی فٹبال کلب نے کولمبس کریو کے خلاف ۲۔ ۳؍سے جیت کے ساتھ اپنی پہلی اسپورٹرس شیلڈ جیت لی۔ اس جیت کے ساتھ لیونل میسی کی ٹیم ۲۰۲۴ء کے سیزن کے اختتام تک ٹیبل میں سرفہرست رہے گی اور اس طرح وہ اس خطاب کی حقدار ہو گئی ہے۔ کپتان لیونل میسی کے ۲؍ گول، اسٹرائیکر لوئس سواریز کے ایک گول اور گول کیپر ڈریک کالینڈر کے ذریعے پنالٹی کک بچانے کی مدد سے انٹر میامی نے کولمبس کریو کے خلاف ۲۔ ۳؍کی تاریخی جیت کو یقینی بنایا۔ انٹر میامی کے پاس ۲؍ میچ باقی رہتے ہوئے۶۸؍ پوائنٹس ہوگئے ہیں جس سے یہ یقینی ہوگیا ہے کہ وہ لیگ کی بہترین ٹیم کے طور پر اپنی مہم کو مکمل کر لے گی۔ اگر وہ بقیہ جیت جاتی ہے تو وہ ایک سیزن میں پوائنٹس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرلے گی۔
انٹر میامی نےا سپورٹرس شیلڈ جیتنے کے ساتھ ہی لیونل میسی کی ٹرافی میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ اپنے پہلے میجر لیگ ساکر(ایم ایل ایس)سیزن کے دوران لیگ کپ جیتنے کے بعد اور اس موسم گرما میں ارجنٹائنا کے ساتھ دوسرا کوپا امریکہ جیتنے کے بعد، ۸؍ بار کے بیلون ڈی اور کے فاتح میسی کے پاس اب کلب اور بین الاقوامی خطابات کی تعداد ۴۶؍ ہوگئی ہے جو عالمی ریکارڈ ہے۔ اپنے پہلے میجر لیگ ساکر میں، کپتان لیونل میسی نے صرف ۱۷؍گیمز میں ۱۷؍گول کئے اور ۱۵؍ اسسٹ کئے ہیں۔ سواریز، جو کلب کے ساتھ اپنے پہلے سیزن میں ہیں، ۶؍ اسسٹ سمیت ۱۸؍گول کے ساتھ ٹیم کےلئے سب سے زیادہ ۱۸؍گول کرنے والے کھلاڑی ہیں۔
پہلے ہاف کا آغاز میزبان ٹیم کولمبس کریو نے تیز حملے اور انٹر میامی پر دباؤ کے ساتھ کیا۔ جب ایسا لگ رہا تھا کہ پہلاہاف بغیر کسی گول کے ختم پر ہوگا لیکن انٹرمیامی کے کپتان لیونل میسی نے ۴۵؍ ویں منٹ میں اپنا اور ٹیم کا پہلا گول کر دیا۔ پہلے ہاف کے اضافی وقت میں میسی نے وقفے سے عین قبل ٹیم کی برتری کو دو صفر کرتےہوئے اپنا دوسرا گول کردیا۔ انہوں نے فری کک سے بائیں پاؤں سے شاندار گول کیا۔
دوسرے ہاف کا آغازکولمبس کریو کے فارورڈ کھلاڑی ڈیاگو راسی نے شاندار طریقے سے کیا اور اپنی ٹیم کیلئے پہلا گول کردیا۔ حالانکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد سواریز نے باکس کے اندر ایک ڈھیلی گیند کا فائدہ اٹھایا اور گیند کوگول پوسٹ ڈال دیا۔ اس گول کے ساتھ ہی انٹر میامی نے ۱۔ ۳؍ برتری حاصل کر لی۔ کولمبس کریو کے کھلاڑی کوچو ہرنانڈیز نے کھیل کے ۶۱؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے ٹیم کے جیتنے کے امکانات کو بنائے رکھا اور اسکور ۲۔ ۳؍کردیا۔ انٹر میامی گول کیپر کالینڈر نے میچ کے بقیہ حصے میں مخالف ٹیم کے کئی حملوں کو ناکام کیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ۸۴؍ ویں منٹ میں ہرنانڈیز کی پنالٹی کک کا بھی انہوں نے خوبصورتی سے دفاع کیا اور اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم رول ادا کیا۔