گجرات ٹائٹنس کو ۱۱؍رن سے مات دی ۔ شریاس ایّر نے ناٹ آؤ ٹ ۹۷؍رن بنائے۔ ششانک سنگھ نے ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن بنائے
EPAPER
Updated: March 26, 2025, 10:26 PM IST | Ahmedabad
گجرات ٹائٹنس کو ۱۱؍رن سے مات دی ۔ شریاس ایّر نے ناٹ آؤ ٹ ۹۷؍رن بنائے۔ ششانک سنگھ نے ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن بنائے
کپتان شریاس ایّر (ناٹ آؤٹ۹۷؍رن)، ششانک سنگھ ( ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن) اور پریانش آریہ (۴۷؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد آخری اوورس میں گیند بازی کے شاندار مظاہرے کی بدولت پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) نے منگل کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کے پانچویں میچ میں گجرات ٹائٹنس (جے ٹی) کو۱۱؍ رن سے شکست دے دی۔
پنجاب کنگز کے۲۴۳؍ رن کے جواب میں بیٹنگ کرتے ہوئے سائی سدرشن اور کپتان شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۶۱؍رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں گلین میکسویل نے شبھمن گل کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ شبھمن گل نے۱۴؍ گیندوں پر ۲؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگاتے ہوئے ۳۳؍رن بنائے۔ اس کے بعد جوس بٹلر بیٹنگ کیلئے آئے اور سائی سدرشن کے ساتھ مل کر تیزی سے رن بنائے۔۱۳؍ویں اوور میں عرشدیپ سنگھ نے سنچری کی طرف بڑھ رہے سائی سدرشن کو ششانک سنگھ کے ہاتھوں باؤنڈری پر کیچ کروا کر آؤٹ کیا۔ سائی سدرشن نے۴۱؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے ۷۴؍ رن بنائے۔۱۸؍ویں اوور میں مارکو جانسن نے جوس بٹلر کو آؤٹ کر کے گجرات کی امیدوں کو بڑا دھچکا دیا۔ جوس بٹلر نے۳۳؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۵۴؍رن بنائے۔۲۰؍ویں اوور میں عرشدیپ سنگھ نے شرفین رُدرفورڈ (۴۶؍رن) اور راہل تیوتیا (۶؍رن) کو آؤٹ کر کے گجرات کی میچ جیتنے کی امیدیں ختم کر دیں۔ گجرات کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹ پر صرف۲۳۲؍ رن بنا سکی اور ۱۱؍ رن سے میچ ہار گئی۔ پنجاب کنگز کی جانب سے عرشدیپ سنگھ نے ۲، گلین میکسویل اور مارکو جانسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل گجرات ٹائٹنس کے کپتان شبھمن گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کا انتخاب کرتے ہوئے، پنجاب کنگز کی شروعات اچھی نہیں رہی، اس نے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر پربھ سمرن سنگھ (۵؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد کپتان شریاس ایّر بیٹنگ کیلئے آئے اور پریانش آریہ کے ساتھ مل کر ذمہ داری سنبھالی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۵۱؍رن کی شراکت ہوئی۔ راشد خان نے ساتویں اوور میں پریانش آریہ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ آریہ نے۲۳؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۴۷؍رن بنائے۔اس کے بعد عظمت اللہ عمرزئی (۱۶)، گلین میکسویل (صفر) اور مارکس اسٹونیس (۲۰؍رن) کو سائی کشور نے اپنا شکار بنایا۔ پنجاب کنگز نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹوں پر ۲۴۳؍ رن بنائے۔ شریاس نے۴۲؍ گیندوں پر ۵؍چوکوں اور ۹؍ چھکوں کی مدد سے۹۷؍ رن کی اننگز کھیلی۔ ششانک سنگھ۱۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگا کر ۴۴؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات ٹائٹنس کی جانب سے سائی کشور نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ کگیسو ربادا اور راشد خان نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔