• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

پنجاب کے سامنے گجرات کے گیند بازوں کا چیلنج

Updated: April 04, 2024, 11:16 AM IST | Ahmedabad

آئی پی ایل میں آج شکھر دھون کی ٹیم، شبھمن گل کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ پنجاب کو موٹیرا کی سست پچ پر اچھی بلے بازی کرنی ہوگی۔

Gujarat team. Photo: INN
گجرات کی ٹیم۔ تصویر: آئی این این

مینک یادو کی طوفانی بولنگ کے سامنے منہدم ہونے والے پنجاب کنگز کے بیٹنگ آرڈر کو جمعرات کو یہاں موٹیرا کی سست پچ پر گجرات ٹائٹنس کے گیند بازوں سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پنجاب کنگز اپنے آخری دو میچ حریف کے گراؤنڈ پر ہار چکے ہیں اور ٹائٹنس کے خلاف شکست ان کی راہ مشکل بنا سکتی ہے۔ دوسری جانب ٹائٹنس کی ٹیم آخری میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف ۷؍ وکٹ کی آسان جیت کے بعد پراعتماد ہے۔ 
پنجاب کنگز کی ٹیم کے پاس آخری میچ میں مینک کی رفتار کا کوئی جواب نہیں تھا اور ان کے زیادہ تر ٹاپ آرڈر بلے باز اس تیز گیند باز کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں تھے جو باقاعدگی سے ۱۵۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے گیند پھینکتے ہیں۔ مینک بلے بازوں کے جسم کو نشانہ بنا کر بولنگ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانی ہو رہی ہے۔ پنجاب کنگز کو تجربہ کار تیز گیند باز موہت شرما سے مختلف قسم کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ گجرات کے موہت شرما نیکل گیند، سلو باؤنسر اور وائیڈ یارکر کا خوب استعمال کرتے ہیں اور مینک کے علاوہ اس سال کے آئی پی ایل میں ایسے تیز گیند باز زیادہ کامیاب رہے ہیں جو اچھی سلو گیند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کی وجہ سے شکھر دھون، جونی بیریسٹو اور جیتیش شرما جیسے بلے بازوں کو ایک مختلف قسم کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا جو گیند کو بلے پر آنا پسند کرتے ہیں۔ پنجاب کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا اگر لیام لیونگ اسٹون گزشتہ میچ میں پیرکے پٹھوں میں معمولی انجری کا شکار ہونے کے بعد دستیاب نہ رہے۔ 
پنجاب کنگز کو گجرات کے راشد خان اور نور احمد کی اسپن کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹائٹنس ٹیم میں شامل افغانستان کے تیسرے کھلاڑی عظمت اللہ عمرزئی اپنی آل راؤنڈ مہارت سے پنجاب کنگز کی مشکلات میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ پنجاب کی بولنگ اس کی بلے بازی سے زیادہ تشویش کا باعث ہے، خاص طور پر ڈیتھ اوورس میں۔ ایک ملین ڈالر سے زیادہ کی قیمت پر ٹیم میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہرشل پٹیل نے موجودہ سیزن میں ۱۱ء۴۱؍ کے اکانومی ریٹ سے رن دیتے ہوئے اب تک مایوس کیا ہے۔ وہ اب تک کے تینوں میچوں میں ۴؍ اوورس کا اپنا کوٹہ مکمل کر چکے ہیں۔ 
راہل چاہر نے بھی مایوس کیا اور۱۱ء۳۷؍ کے اکانومی ریٹ سے رن دیئے اور وہ اپنا اوورس کا کوٹہ بھی پورا نہ کر سکے۔ ہندوستان کے ڈیتھ اوورس کے یارکر اسپیشلسٹ ارشدیپ سنگھ بھی توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر سکے جس سے پنجاب کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ 
ٹائٹنس نے دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز کے خلاف اپنے منصوبوں کو بہت اچھی طرح سے انجام دیا۔ بلے باز اب تک ہم آہنگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے لیکن بولنگ یونٹ نے ابتدائی میچ میں اسکور کا دفاع کیا اور آخری میچ میں سن رائزرس کو بڑا اسکور بنانے سے روک کر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی پچ بلے بازی کیلئے اچھی ہے جس کی وجہ سے ان کیلئے رن بنانا آسان ہے۔ گیند بازوں کو وکٹ لینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ پچ زیادہ مدد فراہم نہیں کر رہی ہے۔ یہاں کھیلے گئے گزشتہ۲۰؍ میچوں میں پہلی اننگز کا اوسط اسکور۱۷۴؍ رن رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK