• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی پی ایل: دھونی اپنے آخری سیزن کیلئے تیار

Updated: March 18, 2024, 11:09 AM IST | Agency | Chennai

چنئی سپرکنگز کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ میدان پر پسینہ بہا رہے ہیں۔ چنئی کی ٹیم آئی پی ایل کی دفاعی چمپئن کی حیثیت سے کھیلے گی۔

MS Dhoni Photo: INN
ایم ایس دھونی۔ تصویر: آئی این این

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے سب سے کامیاب کپتان مہندر سنگھ دھونی کو آخری بار اس لیگ میں بطور کھلاڑی کھیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ آئی پی ایل۲۰۲۴ء کے بعد دھونی کرکٹ کو مکمل طور پر الوداع کہہ دیں گے اور اسی لئے سب کی نظریں ان پر مرکوز ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق۴۲؍ سالہ دھونی آئی پی ایل کے اپنے آخری سیزن کو ٹائٹل جیت کر الوداع کہنا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے وہ سخت تیاری کر رہے ہیں۔ ۵؍ بار کی چمپئن چنئی سپر کنگز اس بار اپنے خطاب کے دفاع کے لئے میدان میں اترے گی۔ 
نظر ریکارڈ چھٹے خطاب پر 
چنئی سپر کنگز کی ٹیم دھونی کی قیادت میں ریکارڈ چھٹی بار ٹائٹل جیتنے کا ارادہ رکھے گی۔ ٹیم نے گزشتہ ایڈیشن میں گجرات ٹائٹنس کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ چنئی اور ممبئی انڈینس کے پاس ۵۔ ۵؍ میچ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔ دھونی ۲۰۰؍ میچوں میں کپتانی کرنے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ۲۱۲؍میچوں میں اب تک آئی پی ایل میں کپتانی کی ہے۔ ۱۲۸؍ میچ جیتے، ۸۲؍ ہارے اور ۲؍ میچ بے نتیجہ رہے۔ 
ایم ایس دھونی آئی پی ایل کی تاریخ میں ۲۰۰؍ سے زیادہ میچوں میں کپتانی کرنے والے واحد کپتان ہیں۔ انہوں نے۲۰۰۸ء میں آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں بطور کپتان چنئی سپر کنگز میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس کے بعد سے وہ مسلسل ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ اگرچہ۲۰۲۲ء میں چنئی نے رویندرجڈیجا کو کچھ وقت کے لئے کپتان بنایا تھا لیکن چند میچوں کے بعد ایم ایس دھونی نے دوبارہ ٹیم کی کمان سنبھال لی۔ 
چیپاک میں ٹیم کا کیمپ جاری 
چنئی سپر کنگز کا کیمپ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ دھونی پہلے ہی یہاں پہنچ چکے ہیں۔ جمعہ کو ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر رویندر جڈیجا اور انگلینڈ کے معین علی کے علاوہ میڈیم پیسر دیپک چاہر بھی کیمپ میں شامل ہوئے۔ 
ماہی کو کھیلنا چاہیے چاہے وہ وہیل چیئر پر ہوں 
سابق ہندوستانی بلے باز اور چنئی سپر کنگز کے کھلاڑی رابن اتھپا نے کہا کہ دھونی کا خلا کو پر کرنا چنئی کیلئے بہت مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر دھونی وہیل چیئر پر ہوں تو بھی سی ایس کے لئے انہیں کھیلنا چاہئے۔ وہ وہیل چیئر سے اٹھ کر بلے بازی کرسکتے ہیں۔ میرا ماننا ہے کہ دھونی کا مسئلہ بیٹنگ نہیں بلکہ وکٹ کیپنگ ہے۔ اتھپا نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ دھونی وکٹ کیپنگ سے محبت کرتے ہیں اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ وہ مستقبل میں اس کے ساتھ کتنی رفتار برقرار رکھ پائیں گے۔ 

وراٹ کوہلی ہندوستان لوٹ آئے

ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی لندن میں اپنے بچے کی پیدائش کے بعد ہندوستان  واپس پہنچ گئے۔ اسٹار بلے باز ذاتی وجوہات کی بنا پر انگلینڈ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں نہیں کھیل سکے تھے۔ کوہلی کو اپنے بیٹے آکائے کی پیدائش کے بعد پہلی بار ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔ کوہلی کے جلد ہی انڈین پریمیر لیگ کے آئندہ سیزن کیلئے  رائل چیلنجرز بنگلور کے تربیتی کیمپ میں شامل ہونے کی امید ہے، جہاں ان کی ٹیم۲۲؍ مارچ کو افتتاحی میچ میں چنئی سپر کنگز سے مقابلہ کرے گی۔
حال ہی میں دوسری بار باپ بننے والے۳۵؍ سالہ کھلاڑی ذاتی وجوہات کی بنا پر ۵؍ میچوں کی سیریز سے دستبردار ہو گئے۔ وہ گزشتہ چند ہفتوں سے اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور بیٹی وامیکا کے ساتھ لندن میں تھے۔ اس دوران انہوں نے۲۰؍ فروری کو اپنے نومولود بیٹے کی خبر کا اعلان کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا’’ `بے حد خوشی اور پیار بھرے دلوں کے ساتھ، سب کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ۱۵؍ فروری کو ہم نے اپنے بچے آکائے اور وامیکا کے چھوٹے بھائی کو اس دنیا میں خوش آمدید کہا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK