آج چنئی میں چنئی سپر کنگز اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے درمیان مقابلہ، رتوراج گائیکواڑ انجری کے باعث آئی پی ایل کے موجودہ سیزن سے باہر ہو گئے۔
EPAPER
Updated: April 11, 2025, 12:00 PM IST | Chennai
آج چنئی میں چنئی سپر کنگز اور کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے درمیان مقابلہ، رتوراج گائیکواڑ انجری کے باعث آئی پی ایل کے موجودہ سیزن سے باہر ہو گئے۔
۵؍ بار کی چمپئن چنئی سپر کنگز(سی ایس کے) کے ریگولر کپتان رتوراج گائیکواڑ انجری کے باعث آئی پی ایل کے ۱۸؍ ویں سیزن سے باہر ہو گئے ہیں۔ سی ایس کے کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے ٹیم کے نئے کپتان کے نام کا بھی اعلان کیا ہے۔ زخمی رتوراج کی غیر موجودگی میں مہندر سنگھ دھونی ایک بار پھر آئی پی ایل کے رواں سیزن میں ٹیم کی قیادت کرتے نظر آئیں گے۔ فلیمنگ نے انکشاف کیا کہ رتوراج گائیکواڑ کہنی کے فریکچر کی وجہ سے آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ہیں۔ اب مہندر سنگھ دھونی کپتان ہوں گے۔ واضح رہے کہ گائیکواڑ جوفرا آرچر کی گیند سے زخمی ہوئے تھے۔
اس کے ساتھ ہی مسلسل شکست سے پریشان چنئی سپر کنگز دھونی کی قیادت میں دوبارہ پٹری پر لوٹنے کے لئے جمعہ کو ہونے والے میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے سخت چیلنج پر قابو پانا ہوگا۔ چنئی کی ٹیم کو اب تک ۵؍ میں سے ۴؍ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس لئے یہ میچ ان کے لئے بہت اہم میچ ہو گیا ہے۔ اسے اپنے آخری میچ میں پنجاب کنگز کے خلاف ۱۸؍رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چنئی کی ٹیم اب اپنے ہوم گراؤنڈ پر اپنی قسمت بدلنے کے مقصد سے کھیلے گی۔ تاہم انہیں ابھی تک یہاں وکٹ سے اتنی مدد نہیں ملی ہے جتنی انہیں ماضی میں ملتی تھی۔ رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بڑی شکست کے بعد چنئی کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ نے کھل کر پچ پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔ ہوم گراؤنڈ پر چنئی کی اچھی کارکردگی نے اس کی پچھلی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن اب یہاں کی پچ کافی بدل چکی ہے اور اس کے کھلاڑی اس کے ساتھ ایڈجسٹ نہیں ہو پا رہے ہیں۔ اگر چنئی کو اپنی مہم کو دوبارہ پٹری پر لانا ہے تو اس کے کھلاڑیوں کو جلد از جلد یہاں کے حالات سے مطابقت پیدا کرنا ہوگی۔ یہی نہیں ان کے اسپن گیند بازوں کو بھی کامیابی حاصل کرنے کا راستہ تلاش کرنا ہوگا۔
ایک بار پھر سب کی نظریں دھونی پر ہوں گی
ایک بار پھر سب کی نظریں مہندر سنگھ دھونی پر ہوں گی۔ انہوں نے پنجاب کنگز کے خلاف آخری میچ میں ۱۲؍گیندوں پر ۲۷؍رن بنائے تھے جن میں ۳؍ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ چنئی کی ٹیم کے لئے اچھی بات یہ ہے کہ ڈیون کونوے، رچن رویندرا اور شیوم دوبے جیسے بلے بازوں نے رفتار پکڑنے کے آثار دکھائے ہیں۔ چنئی کا بولنگ اٹیک کم و بیش وہی رہے گا جس میں خلیل احمد، مکیش چودھری اور متھیشا پاتھیرانا پیس کا شعبہ سنبھالیں گے جبکہ روی چندرن اشون، رویندرا جدیجا اور نور احمد اسپن کا شعبہ سنبھالیں گے۔
جہاں تک نائٹ رائیڈرز کا تعلق ہے، وہ ۳؍ دن قبل لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ہونے والے قریبی شکست کو بھلانا چاہتے ہیں اور بہت دیر ہونے سے پہلے جیتنے کے طریقوں پر واپس جانا چاہتے ہیں۔ ان کے گیند بازوں کو ایڈن گارڈنس میں لکھنؤ کے بلے بازوں کی طرف سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ اسے یہاں اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا ہوگا۔ بلے بازی میں نائٹ رائیڈرز کی ذمہ داری ایک بار پھر کوئنٹن ڈی کاک، سنیل نرائن، کپتان اجنکیا رہانے، انگکرش رگھوونشی، آندرے رسل اور رنکو سنگھ جیسے کھلاڑیوں پر ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی، اگر ہم پوائنٹس ٹیبل میں موجودہ پوزیشن کی بات کریں، تو چنئی ۴؍ ہار اور ایک جیت کے بعد نویں پوزیشن پر ہے جبکہ کے کے آر ۵؍ میچوں میں ۲؍ جیت اور ۳؍ ہار کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ شائقین کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز میچ دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔