کے ایل راہل کی موجودگی سےدہلی کپیٹلس کو مضبوطی ملے گی۔ حیدرآباد کی ٹیم بھی مقابلے کیلئے تیار۔
EPAPER
Updated: March 30, 2025, 10:32 AM IST | Visakhapatnam
کے ایل راہل کی موجودگی سےدہلی کپیٹلس کو مضبوطی ملے گی۔ حیدرآباد کی ٹیم بھی مقابلے کیلئے تیار۔
کے ایل راہل کی موجودگی سے دہلی کیپٹلس کی بلے بازی کو اتوارکو یہاں سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف ہونے والے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے میچ میں مضبوطی ملنے کی توقع ہے۔
دہلی نے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کے خلاف اپنے پچھلے میچ میں آخری اوور میں سنسنی خیز جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔ آشوتوش شرما (۳۱؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۶۶؍رن) اور وپرج نگم (۱۵؍ گیندوں پر۳۹؍رن) کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیم نے ایک وکٹ باقی رہتے ۲۱۰؍ رن کا ہدف حاصل کیا تھا تاہم، ڈی سی کیلئے اس کا ٹاپ اور مڈل آرڈر تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔ ایل ایس جی کیخلاف جیک فریزر-میکگرک، فاف ڈو پلیسیس اور ابھیشیک پوریل جدوجہد کرتے نظر آئے تھے، جبکہ مچل اسٹارک، کلدیپ یادو اور موہت شرما ایس آر ایچ کے مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے خلاف ابتدائی برتری حاصل کرنے کا ہدف رکھیں گے۔
دوسری جانب، حیدرآباد نے اپنے سیزن کا آغاز راجستھان رائلز کے خلاف شاندار فتح سے کیا، لیکن اپنے دوسرے میچ میں لکھنؤ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریوس ہیڈ (۲۸؍ گیندوں پر ۴۷؍ رن) کی بہترین کوشش کے باوجود، ایس آر ایچ صرف ۹؍وکٹ پر ۱۹۰؍رن ہی بنا سکی، جسے ایل ایس جی نے بآسانی حاصل کر لیا۔
حیدرآباد ٹورنامنٹ میں سب سے جارحانہ بیٹنگ لائن اپ میں سے ایک ہے، جس میں ابھیشیک شرما، ہینرک کلاسین اور انکیت ورما سے اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے تاہم، ان کی بولنگ اچھی نہیں ہے، جس میں سمرجیت سنگھ اور ایڈم زمپا فارم میں نہیں ہیں۔ کپتان پیٹ کمنس اور سینئر تیز گیند باز محمد سمیع کو ڈی سی کے بلے بازوں کو روکنے کیلئے قدم بڑھانا ہوگا۔
وشاکھاپٹنم کی پچ نے حالیہ میچوں میں ہائی اسکورنگ میچوں کا رجحان دکھایا ہے، جہاں ۲۰۰؍ سے زیادہ کے اسکور کا کامیابی سے تعاقب کیا گیا ہے۔ اسپنرس کے اثرانداز ہونے کا امکان ہے اور میچ کے آخری مراحل میں گیند نیچی رہنے کی امید ہے۔ دونوں ٹیموں کے پاس مضبوط بیٹنگ لائن اپ موجود ہے، جس کی وجہ سے ایک ہائی اسکورنگ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔