Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل۲۰۲۵ء: دہلی کیپٹلس گھر پر جیت کا سلسلہ جاری رکھنے کیلئے کوشاں

Updated: April 13, 2025, 11:28 AM IST | New Delhi

دہلی نے اس سیزن کے ۴؍ میچوں میں ۸؍ پوائنٹس حاصل کئے ہیں جو ان کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ ممبئی نے ۵؍ میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

دہلی کیپٹلس ٹیم اتوار کی شام راجدھانی کے اسٹیڈیم میں انڈین پریمیر لیگ کے ۲۹؍ویں میچ میں جہاں اپنی جیت کے سلسلے کو جاری رکھنے کی کوشش کرے گی، وہیں ممبئی انڈینس مسلسل ۲؍ شکست کے بعد دوسری جیت کے لئے لڑے گی۔ دہلی کیپٹلس اس سیزن کے ۴؍ میچوں میں ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے، جو ان کے اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ اس کے برعکس ممبئی انڈینس ۵؍ میچوں میں صرف ایک جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں ۸؍ویں نمبر پر ہے اور دوسری جیت کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ 
دہلی کی شاندار شروعات کے پیچھے کے ایل راہل کی شاندار کارکردگی کارفرما ہے، جو ان کی بیٹنگ لائن اپ کے محور کے طور پر ابھری ہے۔ دائیں ہاتھ کے اسٹائلش بلے باز میں نہ صرف سرفہرست رہنے کی صلاحیت موجود ہے بلکہ ضرورت پڑنے پر وہ جارحانہ کردار ادا کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ دہلی کے پچھلے میچ میں ۵۳؍ گیندوں پر ان کی ناٹ آؤٹ ۹۳؍ رن، رائل چیلنجرز بنگلور کیخلاف ۶؍ وکٹ کی شاندار فتح سے کسی بھی دباؤ میں ہدف کا تعاقب کرنے کیلئے ان کی مہارت ظاہر ہوتی ہے۔ ۵۸؍ رن پر۴؍ وکٹ گنوانے کے بعد راہل نے ٹرسٹن اسٹبس ( ناٹ آؤٹ ۳۸؍رن) کے ساتھ۱۱۱؍ رن کی میچ وننگ شراکت کی۔ ۳؍ اننگز میں ۱۶۹ء۷۲؍ کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے۱۸۵؍ رن بنانے والے راہل کی موجودگی سے دہلی کی بیٹنگ لائن اپ میں مضبوطی نظر آتی ہے۔ اس بلے باز نے ضرورت پڑنے پر متوازن اور موقع ملنے پر دھماکہ خیز انداز میں بیٹنگ کی۔ اس دوران اسٹبس مڈل آرڈر میں شاندار رہے ہیں، اسٹرائیک کا تبادلہ کرتے ہيں اور خراب گیندوں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا۔ 
دہلی کیپٹلس کا بولنگ اٹیک بھی شاندار رہا ہے۔ مشیل اسٹارک کی تیز گیند بازی نے ۴؍ میچوں میں ۹؍ وکٹ حاصل کئے ہیں، جبکہ کلدیپ یادو نے درمیانی اوورس میں اپنی کلائی اسپن سے اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا، جس نے فی اوور۵ء۶۶؍ رن کے اوسط سے ۸؍ وکٹ حاصل کئے۔ نوجوان کھلاڑی وپراج نگم بھی اہم کھلاڑی کے طور پر ابھرے ہیں۔ انہوں نے آر سی بی کے خلاف۱۸؍ رن پر ۲؍ وکٹ جھٹکے۔ 
جہاں دہلی نے مستحکم اور شاندار کردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہیں ممبئی نے بلے اور گیند دونوں کے ساتھ جدوجہد کی ہے۔ اپنی تازہ ترین کارکردگی میں وہ وانکھیڈے میں آر سی بی کے خلاف ۲۲۲؍رن کے چیلنجنگ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے۱۲؍ رن سے پیچھے رہ گئے۔ اگرچہ تلک ورما (۲۹؍ گیندوں پر۵۶؍ رن) اور کپتان ہاردک پانڈیا (۱۵؍ گیندوں پر۴۲؍ رن) نے آخر میں زبردست مقابلہ کیا، لیکن ٹاپ آرڈر ایک بار پھر مضبوط بنیاد رکھنے میں ناکام رہا۔ سوریہ کمار یادو بلے بازی کے شعبے میں ان کی واحد امید رہے، جنہوں نے ۵؍ اننگز میں ۱۵۰؍ سے اوپر کے اسٹرائیک ریٹ پر۱۹۹؍رن بنائے۔ روہت شرما ابھی تک اپنا  فارم تلاش نہیں کر پائے ہیں جبکہ ول جیکس اور ریان رکیلٹن اچھی شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ 
بحیثیت کپتان بڑھتے ہوئے دباؤ کے باوجود پانڈیا نے گیند بازی میں مثال قائم کی ہے اور ۸ء۵۷؍ کی کفایتی شرح سے۱۰؍ وکٹ لئے ہیں۔ تاہم ان کے گیند بازوں کو اہم لمحات میں رن کو محدود کرنا مشکل ہوا ہے۔ ٹرینٹ بولٹ اور مشیل سینٹنر نے چند مواقع پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن وہ بدستور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔ جسپریت بمراہ کی واپسی سے ٹیم مضبوط ہوئی ہے لیکن تیز گیند باز اب بھی بھرپور فارم میں واپس آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ الیون میں نئے آنے والے، وگنیش پتھور نے ہر میچ میں باقاعدہ وکٹ لے کر شاندار مظاہرہ کیا ہے حالانکہ وہ اکیلے ہی میچ کا رخ تبدیل نہیں کر پائے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK