Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل۲۰۲۵ء: ۴؍ فتوحات کے بعد گجرات پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست

Updated: April 11, 2025, 11:42 AM IST | New Delhi

ٹائٹنز نے آل راؤنڈکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے راجستھان رائلز کو ۵۸؍رنوں سے شکست دی، سدرشن کی ہاف سنچری، پرسدھ کرشنا نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔

Prasad Karsha (second from left) being congratulated by his teammates for taking a wicket. Photo: PTI.
پرسدھ کرشا (بائیں سے دوسرے)کو وکٹ لینے پر ساتھی کھلاڑی مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں بلے بازی کے دوران سائی سدرشن بالکل مختلف نظر آئے۔ انہوں نے راجستھان رائلز کے خلاف ۵۳؍ گیندوں پر ۸۲؍ رن بنائے، جس سے گجرات ٹائٹنز نے راجستھان رائلز کو ۲۱۷؍رنوں کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں راجستھان رائلز کو پرسدھ کرشنا کی قیادت میں ٹائٹنز کے گیند بازوں نے ۱۵۹؍ رنوں پر محدود کر دیا۔ ممبئی کے خلاف کالی مٹی کی پچ پر کھیلنے والے گجرات ٹائٹنز نے اس میچ کے لئے سرخ مٹی کی پچ کا استعمال کیا اور اس کے بلے بازوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئےگجرات نے سیزن کا اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا لیکن راجستھان کے بلے باز خراب شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ پرسدھ کرشنا (۳؍ وکٹ) راشد خان اور سائی سدرشن (۲۔ ۲؍ وکٹ)محمد سراج، اشرف خان اور کلونت کھجرولیا نے ایک ایک بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور راجستھان رائلز کو ۵۸؍رنوں سے شکست دے دی۔ گجرات ٹائٹنز کی ۵؍ میچوں میں یہ چوتھی جیت ہے اور وہ ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ 
لگاتار پانچویں نصف سنچری
اگرچہ احمد آباد اسٹیڈیم کو شبھمن گل کا پسندیدہ میدان کہا جاتا ہے لیکن اس سیزن میں سدرشن یہاں اپنی بلے بازی کی مہارت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ سدرشن نے اس گراؤنڈ پر لگاتار پانچویں نصف سنچری بنائی ہے۔ آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں اب تک گجرات ٹائٹنز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر ۳؍ میچ کھیلے ہیں اور تینوں میں سدرشن نے نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ گجرات نے اس گراؤنڈ پر پنجاب کنگز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کیا اور اس میچ میں تمل ناڈو کے بلے باز نے ۷۴؍رن بنائے۔ اگرچہ ٹیم یہ میچ ہار گئی لیکن اگلے میچ میں ممبئی کے خلاف انہوں نے ۶۷؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس سے پہلے، انہوں نے ۲۰۲۴ءمیں یہاں ۸۴؍ اور ۱۰۳؍رن بنائے تھے۔ 
راجستھان رائلز کے خلاف سائی نے شبھمن گل کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ذمہ داری سنبھالی اور جوس بٹلر (۳۶) کے ساتھ مل کر ٹیم کو ابتدائی جھٹکے سے نکالنے میں مدد کی۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کیلئے۸۰؍رن جوڑے۔ بٹلر کے آؤٹ ہونے کے بعد سدرشن نے ایک سرے پر اپنے قدم جمائے رکھے اور شاہ رخ خان (۳۶) کے ساتھ اگلے ۵؍اوور میں ۶۲؍ رن جوڑے۔ شاہ رخ کے آؤٹ ہونے کے باوجود سدرشن نے رنوں کی رفتار کو کم نہیں ہونے دی۔ جب تک وہ کریز پر تھے، ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اپنی دوسری سنچری مکمل کر لیں گے لیکن وہ تشار دیشپانڈے کی وائیڈ گیند پر سنجو سیمسن کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 
آرچر نے تیسری بار گل کو اپنا شکار بنایا
گزشتہ میچ میں ۶۱؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے شبھمن گل اپنے پسندیدہ گراؤنڈ پر صرف ۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ وہ جوفرا آرچر کی گیند کو نہ سمجھ سکے اور بولڈ ہو گئے۔ اس گراؤنڈ پر ہر فارمیٹ میں سنچریاں بنانے والے گل اس آئی پی ایل سیزن میں یہاں ایک بھی نصف سنچری اسکور نہیں کر پائے ہیں۔ آرچر نے تیسری بار گل کو اپنا شکار بنایا۔ 
جہاں تک راجستھان رائلز کی بات ہے تو شمرون ہیٹمائر نے راجستھان کے لئے نصف سنچری(۵۲) بنائی لیکن ہدف کافی بڑا تھا۔ ہیٹمائر نے ۳۲؍گیندوں پر ۴؍چوکے اور ۳؍چھکے مارے۔ ان کے علاوہ، سنجو سیمسن نے ۴۱؍ رن بنائے لیکن دیگر بلے بازوں کی رن بنانے میں ناکامی راجستھان کے لئے مہنگی ثابت ہوئی۔ یہ ۵؍ میچوں میں رائلز کی تیسری شکست ہے۔ 
سنجوسیمسن پر ۲۴؍لاکھ روپے کا جرمانہ
راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن پر گجرات ٹائٹنز کے خلاف میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کی وجہ سے ۲۴؍لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ گجرات ٹائٹنز نے بدھ کو نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ ۵۸؍رنوں سے جیت لیا۔ 
آئی پی ایل نے جمعرات کو ایک بیان میں کہاکہ ’’راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن پر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف آئی پی ایل کے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ برقرار رکھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ یہ ان کی ٹیم کا سیزن کا دوسرا جرم تھا جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی دفعہ ۲ء۲۲؍کے تحت سست اوور ریٹ سے متعلق ہے، اس لئے سیمسن پر ۲۴؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ‘‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پلیئنگ الیون میں شامل دیگر کھلاڑیوں پر، بشمول امپیکٹ پلیئر پر ۶؍لاکھ روپے یا ان کی متعلقہ میچ فیس کا ۲۵؍فیصد، جو بھی کم ہو، جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK