Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء: ممبئی انڈینس کے سامنے حیدرآباد کی ساکھ داؤ پر

Updated: April 23, 2025, 4:57 PM IST | Hyderabad

آئی پی ایل میں آج حیدرآباد کی ٹیم ممبئی کی میزبانی کرے گی۔ روہت شرما سے ایک بار پھر دھماکہ خیز اننگز کی امید۔ حیدرآباد ٹیم بھی تیار۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

آؤٹ آف فارم سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم بدھ کو اپنے گھریلو میدان پر آئی پی ایل ۱۸؍کے ایک میچ میں ممبئی انڈینس سے مقابلہ کرے گی۔ اس میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کا مقصد فتح کی راہ پر واپس آنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ممبئی، جو اپنی کھوئی ہوئی ساکھ دوبارہ حاصل کرنے کی راہ پر گامزن ہے، اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہے گی۔ ۷؍ میچوں میں ۲؍ جیت کے بعد سن رائزرس کی پوزیشن اچھی نہیں ہے۔ اس ٹیم کے اسٹار بلے بازوں نے مایوس کیا ہے جبکہ ان کے گیند باز بھی متاثر کرنے میں ناکام رہے۔ 
ٹرننگ ٹریک پر مشکل آگئی ہے 
سن رائزرس حیدرآبادکو سست اور ٹرننگ پچوں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پیٹ کمنس کی کپتانی والی ٹیم بھی دو گھریلو میچ ہار چکی ہے۔ ممبئی انڈینس نے انہیں وانکھیڈے اسٹیڈیم کی مشکل پچ پر ۴؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں مشکل حالات میں ان کی کمزوریاں کھل کر سامنے آ گئی تھیں۔ سن رائزرس کے بلے بازوں نے سپاٹ وکٹوں پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے پاس ممبئی انڈینس کے خلاف سازگار پچ پر کھیل کر اپنا کھوا ہوا فارم دوبارہ حاصل کرنے کا سنہری موقع ہے۔ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے ۷؍ بجے شروع ہوگا۔ 
ابھیشیک اور ہیڈ پر نظریں 
سن رائزرس حیدرآباد کی بیٹنگ کی ذمہ داری اس کی اوپننگ جوڑی ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ پر ہوگی۔ پاور پلے میں ان کی کامیابی ٹیم کے لئے بہت اہم ہے۔ ابھیشیک نے حیدرآباد میں پنجاب کنگز کے خلاف گزشتہ میچ میں ۵۵؍ گیندوں پر ۱۴۱؍ رن بنائے، جو اس آئی پی ایل میں کسی بھی بلے باز کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ٹریوس ہیڈ کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان تشویشناک ہے۔ سن رائزرس کو اپنے آسٹریلوی اسٹار سے بہتر کارکردگی کی امیدیں ہوں گی کیونکہ اس میچ میں شکست ٹیم کی پوزیشن کو مزید خراب کر دے گی اور وہ اس سیزن میں جلد باہر ہونے کی دہلیز پر پہنچ جائے گا۔ 
ممبئی انڈینس کے پاس قریبی مواقع
سن رائزرس حیدرآباد نے ممبئی انڈینس کے خلاف ۲۴؍ میں سے۱۰؍ میچ جیتے ہیں اور۱۴؍ ہارے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے لئے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ گھریلو میدان کے باہر خود کو آزمائیں اور اپنے فارم کو برقرار رکھیں۔ انہیں اتوار کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم کے خلاف دوبارہ کھیلنا ہے۔ ممبئی مسلسل ۳؍ جیت کے ساتھ آئی پی ایل میں مایوس کن آغاز سے نکل رہی ہے۔ ۵؍ بار کی چمپئن ٹیم نے آئی پی ایل کے پچھلے میچ میں بلے بازوں کے لئے دوستانہ وکٹ پر چنئی سپر کنگز کو ۹؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔ ممبئی نے تقریباً ۱۸۰؍رن کا ہدف ۴؍ اوور باقی رہ کر پورا کیاتھا۔ 
بمراہ بھی فارم میں نہیں ہیں 
ممبئی انڈینس کے سابق کپتان روہت شرما چنئی کے سامنے ناٹ آؤٹ ۷۶؍ رن بنا کر فارم میں واپس آئے ہیں جبکہ سوریہ کمار یادو نےبھی ۶۸؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔ تلک ورما کو بلے بازی کا موقع نہیں ملا لیکن وہ شاندار فارم میں ہیں جبکہ نمن دھیر نے بھی شاندار اننگز کھیلی ہے۔ جسپریت بمراہ کو ان کی جانی پہچانی شکل میں نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے زیادہ وکٹ نہیں لئے ہیں لیکن انہوں نے لائن اور لینتھ ٹھیک حاصل کی ہے۔ سن رائزرس کے بلے بازوں کے لئے یہ وارننگ ہو سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK