ممبئی کی ٹیم آئی پی ایل میں بنگلور کی ٹیم کی میزبانی کرے گی۔ بنگلور کی ٹیم نے اس سیزن میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔
EPAPER
Updated: April 07, 2025, 1:52 PM IST | Mumbai
ممبئی کی ٹیم آئی پی ایل میں بنگلور کی ٹیم کی میزبانی کرے گی۔ بنگلور کی ٹیم نے اس سیزن میں اچھی کارکردگی کامظاہرہ کیا ہے۔
۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۲۰؍ویں میچ میں اپنے غیر متوازن مہم کو بحال کرنے کیلئے پیرکورائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے خلاف گھریلو میدان کا فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کرے گی۔
ممبئی نے رواں سیزن میں اب تک کھیلے جانے والے ۴؍ میچوں میں صرف ایک کامیابی حاصل کی ہے۔ ایم آئی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کے توازن اور قیادت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ہاردک پانڈیا کی شروعاتبحیثیت کپتان سیزن کے خراب آغاز کے ساتھ ہوئی تاہم لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف گزشتہ میچ میں پانڈیا نے ۵؍ وکٹ لے کر فارم کی جھلک دکھائی ہے۔
ممبئی کی ناکامی کی بڑی وجہ ٹیم میں ہم آہنگی کی کمی نظر آ رہی ہے۔ بیٹنگ آرڈرتسلسل کے ساتھ اچھا کھیلنے میں ناکام رہا ہے۔ روہت شرما، جو گزشتہ میچ میں چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیلے تھے، ابھی تک اپنے فارم میں نہیں ہیں۔ ٹیم میں سوریا کمار یادو واحد بلے باز ہیں، جنہوں نے۵۷؍ کے اوسط اور۱۶۱ء۳۲؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے۱۷۱؍ رن بنائے ہیں اور وہ بکھرتی بیٹنگ لائن کے باوجود ٹک کر کھیلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ بڑےاسکور والے میچوں کے لئے مشہور ہے، جو میزبان ٹیم کو کچھ راحت فراہم کر سکتی ہے۔ ممبئی نے اس میدان پر آر سی بی کے خلاف۱۱؍ میں سے۸؍ میچ جیتے ہیں، لیکن اس بار انہیں اِن فارم بنگلورو کو ہرانے کیلئے سخت محنت کرنی ہوگی۔ آر سی بی دو جیت اور ایک شکست کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ بنگلورو نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف ایک بڑے اسکور والے میچ میں شکست کا سامنا کیا تھا۔
وراٹ کوہلی کا وانکھیڈے اسٹیڈیم میں ۱۸؍ میچوں میں ۴۴ء۱۵؍ کے اوسط سے۵۷۴؍ رن کا شاندار ریکارڈ ہے اور وہ ایک بار پھر اپنی ٹیم کے اہم کھلاڑی ہوں گے۔ انگلش آل راؤنڈر لیام لیونگ اسٹون نے گجرات کے خلاف۵۴؍ رن بنا کر اپنا فارم بحال کیا اور ٹم ڈیوڈ اور جیتیش شرما کے ساتھ مل کر ایک خطرناک مڈل آرڈر تیار کیا ہے۔
گزشتہ سیزن میں اکثر تنقید کا شکار رہنے والی آر سی بی کی بولنگ اس سال کہیں زیادہ مضبوط نظر آ رہی ہے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے ۳؍ میچوں میں ۷ء۲۶؍ کے اکنامی ریٹ سے ۶؍ وکٹ حاصل کئے ہیں جبکہ بھونیشور کمار نئی گیند کے ساتھ قابلِ اعتماد رہے ہیں۔ کرونال پانڈیا اور لیام لیونگ اسٹون کی قیادت میں اسپن کا شعبہ بھی بہتر کارکردگی فراہم کر رہا ہے۔
وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ بیٹنگ کیلئے سازگار ہونے کی توقع ہے۔ اس میدان پر ٹاس جیتنے والی ٹیم عام طور پر پہلے گیند بازی کو ترجیح دیتی ہے کیونکہ۱۱۹؍ ٹی۲۰؍میچوں میں سے۶۵؍ میچ وہ ٹیمیں جیت چکی ہیں جنہوں نے ہدف کا تعاقب کیا ہے۔ ممبئی انڈینس اپنی مہم کو دوبارہ بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ آر سی بی اپنی جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے میدان پر اترے گی۔ پیر کا میچ انتہائی سنسنی خیز ہونے والا ہے۔
ممبئی انڈینس میں جسپریت بمراہ کی شمولیت
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ پیر کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف ممبئی انڈینس کے آئی پی ایل۲۰۲۵ء کے میچ کےلئے دستیاب ہوں گے۔ میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے نے تصدیق کی کہ بمراہ انجری کی وجہ سے طویل غیر حاضری کے بعد میچ کے لئے دستیاب ہوں گے۔ بمراہ اس سال جنوری میں بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں سڈنی ٹیسٹ کے دوران کمر کی انجری میں مبتلا ہونے کے بعد سے ایکشن میں نہیں ہیں۔ جے وردھنے نے تصدیق کی کہ تیز گیند باز پریکٹس میں اچھے لگ رہے ہیں اور وراٹ کوہلی اینڈ کمپنی کے خلاف تصادم کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ دستیاب ہیں۔ جے وردھنے نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ اتوار کو ٹریننگ کر رہےہیں ، اس لئے انہیں دستیاب ہونا چاہیے۔ جسپریت بمراہ آر سی بی کے خلاف واپسی کریں گے۔