ٹی ۲۰؍ لیگ میں سن رائزرس کی ٹیم آج کے میچ میں اپنے جارحانہ انداز کا جائزہ لینے کے لئے میدان پر اترے گی۔
EPAPER
Updated: April 06, 2025, 10:31 AM IST | New Delhi
ٹی ۲۰؍ لیگ میں سن رائزرس کی ٹیم آج کے میچ میں اپنے جارحانہ انداز کا جائزہ لینے کے لئے میدان پر اترے گی۔
سن رائزرس حیدرآباد، جس نے اپنی جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے لئے ایک خاص جگہ بنائی ہے، اپنی جارحیت کی وجہ سے شکست کا سامنا کر رہی ہے اور اسے اتوار کو گجرات ٹائٹنس کے خلاف یہاں ہونے والے میچ میں اپنے انداز کا خود جائزہ لینا ہوگا۔
سن رائزرس نے اپنے پہلے میچ میں ۲۸۶؍ رن بنا کر شاندار آغاز کیا تھا لیکن اس کے بعد اس کے بلے بازوں کی جارحیت برقرار نہ رہ سکی۔ سن رائزرس نے اگلے ۳؍ میچوں میں ۱۹۰، ۱۶۳؍ اور ۱۲۰؍ رن بنائے۔ ان تینوں میچوں میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ سن رائزرس کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ۱۰؍ ویں اور آخری پوزیشن پر ہے اور ایسا لگتا ہے کہ عالمی چمپئن پیٹ کمنس کی قیادت والی یہ ٹیم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے۔ گزشتہ سال کی رنرس اپ سن رائزرس جارحیت اور زیادہ جارحیت کے درمیان توازن تلاش کرنے میں ناکام رہی ہیں اور ان کے زیادہ تر بلے بازوں نے اپنے وکٹ گنوائے ہیں۔ سن رائزرس کیلئے راحت کی بات یہ ہے کہ ٹیم کو اپنا اگلا میچ گجرات کے خلاف اس کے گھریلو میدان پر کھیلنا ہے جہاں اب تک رن کی بارش ہو چکی ہے۔ اگر سن رائزرس کو شکست کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے بعد واپسی کرنی ہے تو اس کے اہم بلے بازوں ٹریوس ہیڈ، ایشان کشن، ہینرک کلاسن کو اچھی بلے بازی کرنی ہوگی۔ بولنگ بھی سن رائزرس کیلئے تشویش کا باعث ہے کیونکہ نوجوان لیگ اسپنر ذیشان انصاری (۴؍ وکٹ) کو چھوڑ کر کوئی بھی گیند باز خطرناک نظر نہیں آیا۔ کپتان کمنس کا اکنامی ریٹ۱۲ء۳۰؍ رن فی اوور ہے، جب کہ ان کے ہم وطن ایڈم زمپا کا اکنامی ریٹ۱۱ء۷۵؍ ہے۔