آر سی بی ۵؍ میچوں میں ۳؍ جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان اتنے ہی میچوں میں ۲؍ جیت کے ساتھ ۷؍ویں نمبر پر ہے۔
EPAPER
Updated: April 13, 2025, 11:23 AM IST | Jaipur
آر سی بی ۵؍ میچوں میں ۳؍ جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان اتنے ہی میچوں میں ۲؍ جیت کے ساتھ ۷؍ویں نمبر پر ہے۔
آج آر سی بی کے اوپنرس فل سالٹ اور وراٹ کوہلی کو تیز گیند باز راجستھان رائلز کے جوفرا آرچر کے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ راجستھان رائلز اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میچ میں جیت کے راستے پر واپسی کے مقصد کے ساتھ میدان پر اتریں گے۔ ان دونوں ٹیموں کو آخری میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ آر سی بی کو دہلی کیپٹلس سے ۶؍ وکٹ سے شکست ہوئی جبکہ راجستھان کو گجرات ٹائٹنس سے۵۸؍ رن سے شکست ہوئی۔
آر سی بی ۵؍ میچوں میں ۳؍ جیت کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ راجستھان اتنے ہی میچوں میں ۲؍ جیت کے ساتھ ۷؍ویں نمبر پر ہے۔ آرچر، جو اس سیزن کے آئی پی ایل کے افتتاحی میچ میں لیگ میں سب سے زیادہ رن دینے والے گیند باز بن گئے، فارم میں آگئے ہیں۔ ان کی تیز گیندیں پچھلے دو میچوں میں تباہی مچا رہی ہیں۔ پنجاب کنگز کے خلاف انہوں نے۲۵؍ رن کے عوض۳؍ وکٹ حاصل کئے، جس میں فارم میں کھیلنے والے کپتان شریاس ایّرکو۱۴۸ء۶؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنا بھی شامل ہے۔
انہوں نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف۱۵۲ء۳؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند بازی کی، جبکہ انگلش گیندباز نے گجرات کے کپتان شبھمن گل کو ۱۴۷ء۷؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ان سوئنگر کے ساتھ آؤٹ کیا۔ آرچر کو اتوار کو کوہلی (۱۸۶؍رن) اور ان کے انگلینڈ کے ساتھی سالٹ (۱۴۳؍رن) کے حملہ آور جوڑی کو روکنے کا چیلنج ہو گا۔
یہ جوڑی صرف چند اوورس میں میچ کو حریف ٹیم کی گرفت سے دور لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آرچر کے علاوہ صرف سندیپ شرما ہی راجستھان کیلئے گیند بازی میں متاثر کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ آر سی بی کے بلے باز ٹیم کی اس کمزوری کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔ ایسے میں ٹیم کو سری لنکا کی اسپن جوڑی وینندو ہسرنگا اور مہیش تھیکشنا سے درمیانی اوورس میں بہتر کارکردگی کی امید ہوگی۔ وراٹ کوہلی اب تک دو نصف سنچریاں بنا چکے ہیں لیکن فل سالٹ بہت جارحانہ رویہ کے ساتھ بلے بازی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دیو دت پڈیکل بھی بڑی اننگز کھیلنے کے لئے بے چین ہوں گے، جب کہ آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار اپنے شاندار فارم کو جاری رکھنا چاہیں گے۔ ٹم ڈیوڈ اور انگلینڈ کے کھلاڑی لیام لیونگ اسٹون کی کسی بھی بولنگ کے خلاف تیز رفتاری سے رن بنانے کی صلاحیت ٹیم کی بیٹنگ کو بہت مضبوط بناتی ہے۔
ٹیم، جو اپنے پہلے آئی پی ایل ٹائٹل کی تلاش میں ہے، اس کے پاس جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار جیسے تیز گیند باز ہیں لیکن اسپن گیند بازوں کو کچھ زیادہ مستقل مزاجی سے کارکردگی پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ راجستھان رائلز کی ٹیم اس میچ میں اپنے بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی امید رکھے گی۔ ٹیم اس سے قبل گجرات ٹائٹنس کے خلاف۱۵۹؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ وہ سنجو سیمسن، ریان پراگ، یشسوی جیسوال اور نتیش رانا کے ساتھ ٹاپ آرڈر پر جارحانہ بلے بازی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی نچلے آرڈر میں دھرو جریل اور شمرون ہتمائر کی دھماکہ خیز جوڑی ہے۔