Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل: کیا بنگلور میں سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈ ٹوٹ جائیگا !

Updated: April 10, 2025, 11:20 AM IST | Bengaluru

بنگلور کی چھوٹی باؤنڈریز کی وجہ سے بلے بازوں کیلئے بڑے شاٹس کھیلنا آسان۔ زیادہ تر ہائی اسکورنگ میچ دیکھے جاتے ہیں۔

Rajat Patidar. Photo: INN.
رجت پاٹیدار۔ تصویر: آئی این این۔

آئی پی ایل۲۰۲۵ء کا۲۵؍ واں میچ رائل چیلنجرز بنگلور اور دہلی کیپٹلس ٹائٹنس کے درمیان جمعرات کو شام ساڑھے بجے کھیلا جائے گا۔ رائل چیلنجرز بنگلور اپنے ۴؍ میں سے ۳؍ میچ جیت کر تیسرے نمبر پر ہے، جب کہ دہلی کیپٹلس اس سیزن میں واحد ناقابل شکست ٹیم ہے جو لگاتار چوتھی جیت درج کرنے کی کوشش کرے گی۔ جہاں رجت پاٹیدار رائل چیلنجرز بنگلور ٹیم کی قیادت کریں گے، وہیں دہلی کو فتح سے ہمکنار کرنے کی ذمہ داری اکشر پٹیل کو دی گئی ہے۔ 
بنگلور اسٹیڈیم کی پچ کیسی ہے؟
بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کیلئے سازگار سمجھی جاتی ہے۔ بلے باز اس گراؤنڈ پر بڑے شاٹس لگاکر لطف اندوز ہوتے ہیں کیونکہ یہاں کی باؤنڈریز چھوٹی ہیں۔ تیز گیند بازوں کو شروع میں کچھ مدد ملتی ہے لیکن بعد میں ان کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ تاہم، جس ٹیم کے پاس بہتر اسپنرس ہیں، اس کا ہاتھ اوپر لگتا ہے۔ ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دیتی ہے۔ 
بنگلور اسٹیڈیم میں آئی پی ایل کے اعدادوشمار
بنگلور میں وکٹ عام طور پر تیز گیند بازوں کے پاس آتی ہیں لیکن اگر اسپنرس کو تھوڑی مدد ملے تو وہ کھیل کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آئی پی ایل میں اب تک اس گراؤنڈ پر ۹۵؍ میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے۴۱؍ میچ جیتے ہیں جبکہ دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے والی ٹیم۵۰؍ بار جیت چکی ہے۔ اس گراؤنڈ پر پہلی اننگز کا اوسط اسکور ۱۷۱؍رن ہے۔ آئی پی ایل کی تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور اسی گراؤنڈ پر بنایا گیا ہے جہاں سن رائزرس حیدرآباد نے۲۸۷؍ رن بنائے۔ میزبان بنگلورو۸۲؍ رن پر آل آؤٹ ہو گیا جو اس گراؤنڈ پر سب سے کم اسکور ہے۔ 
ان کھلاڑیوں پر نظر رہے گی
رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کے درمیان ہونے والے میچ میں سب کی نظریں ان۶؍ کھلاڑیوں پر ہوں گی۔ وراٹ کوہلی اس سیزن میں زبردست فارم میں ہیں جبکہ کپتان رجت پاٹیدار نے بھی کئی بہترین اننگز کھیلی ہیں۔ اوپنر فل سالٹ دہلی کیلئے سب سے بڑا خطرہ بن سکتے ہیں۔ دوسری طرف، کے ایل راہل، مشیل اسٹارک اور کپتان اکشر پٹیل دہلی کیلئے مضبوط کارکردگی پیش کر رہے ہیں اور بنگلورو میں لگاتار چوتھی کامیابی حاصل کرنے کیلئے اپنی پوری کوشش کرنا چاہیں گے۔ 
آر سی بی بمقابلہ ڈی سی : ہیڈ ٹو ہیڈ
آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور اور دہلی کیپٹلس کے درمیان اب تک کل۳۱؍ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میچوں میں رائل چیلنجرز بنگلور کو دہلی کیپٹلس پر برتری حاصل رہی ہے۔ جہاں رائل چیلنجرز بنگلور نے دہلی کیپٹلس کے خلاف ۱۹؍ میچ جیتے ہیں، وہیں اسے۱۱؍ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ میں کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ 
بیٹنگ پر بنگلور کا زیادہ انحصار
بیٹنگ پر زیادہ انحصار کرنے والی بنگلور کی ٹیم اس سیزن میں متوازن نظر آ رہی ہے۔ اس بار جوش ہیزل ووڈ نے گیند بازی میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے، انہوں نے ۴؍ میچوں میں ۷ء۷۶؍کے اوسط سے۸؍ وکٹ حاصل کئے ہیں جبکہ یش دیال اور کرونال پانڈیا نے بھی گیند بازی میں اپنے جوہر دکھائے ہیں جبکہ بھونیشور کمار کے تجربے نے نئی گیند پر بہت کنٹرول کے ساتھ گیند بازی کی ہے۔ دوسری طرف، دہلی نے اب تک ۳؍ میں سے ۳؍ میچ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کیا ہے۔ حال ہی میں دہلی نے چنئی سپر کنگز کو اس کے گھر میں ۲۵؍ رن سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں کے ایل راہل نے۵۱؍ گیندوں پر ۷۷؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK