آئی پی ایل کے پلے آف میں داخلے کیلئے بنگلور کی ٹیم کو مقابلہ جیتنا لازمی۔ دہلی کی ٹیم کپتان رشبھ پنت کے بغیر میدان پر اترے گی۔
EPAPER
Updated: May 12, 2024, 1:06 PM IST | Agency | Bengaluru
آئی پی ایل کے پلے آف میں داخلے کیلئے بنگلور کی ٹیم کو مقابلہ جیتنا لازمی۔ دہلی کی ٹیم کپتان رشبھ پنت کے بغیر میدان پر اترے گی۔
رائل چیلنجرز بنگلور، جو لگاتار ۴؍ میچ جیتنے کے بعد پلے آف کی دوڑ میں ہے، اپنی دعویداری برقرار رکھنے کیلئے اسے اتوار کو ہونے والے انڈین پریمیر لیگ کے میچ میں دہلی کیپٹلس کو ہر قیمت پر شکست دینا ہوگی۔ گجرات ٹائٹنس کو دو بار شکست دینے کے علاوہ آر سی بی نے پنجاب کنگز اور سن رائزرس حیدرآباد کو مات دی ہے۔ آر سی بی کو گجرات اور پنجاب سے کسی چیلنج کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور قریبی میچ میں سن رائزرس حیدرآبادکو شکست دی۔
دوسری طرف دہلی کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کا فقدان رہا ہے۔ رشبھ پنت کی کپتانی والی ٹیم نے۲۷؍ اپریل کو ممبئی انڈینس کے خلاف ۱۰؍ رن کی فتح میں ۴؍ وکٹ پر۲۵۷؍ رن بنائے تھے اور۲۹؍ اپریل کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف ۹؍ وکٹ پر صرف۱۵۳؍ رن ہی بنا سکی تھی۔ ۱۲؍ میچوں میں ۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ ۷؍ویں نمبر پر ہے اور اب ہارنا اس کے لئے راستہ بند کر دے گا۔ لگاتار ۴؍ جیت اور وراٹ کوہلی کے شاندار فارم کی بنیاد پر اس کے حوصلے بلند ہیں۔ کوہلی نے اس سیزن میں سب سے زیادہ ۶۳۴؍ رن بنائے ہیں اور ان کا اسٹرائیک ریٹ ۱۵۳؍ رہا ہے۔ کوہلی کے علاوہ کپتان فاف ڈو پلیسس، رجت پاٹیدار، کیمرون گرین اور دنیش کارتک نے بھی اچھی اننگز کھیلی ہے۔ ابتدائی میچوں میں اوسط کارکردگی کے بعد گیندبازوں نے بھی اپنا رول بخوبی نبھایا ہے۔ محمد سراج نے گزشتہ ۴؍ میچوں میں اپنا فارم حاصل کیاہے جبکہ یش دیال اور اسپنر سوپنل سنگھ بھی کارآمد ثابت ہوئے ہیں۔
پنجاب کے خلاف میچ کے بعد سراج اور دیال کا اکانومی ریٹ رواں سیزن میں پہلی بار ۱۰؍ سے نیچے چلا گیا۔ اس سیشن میں رن کے پہاڑ کے درمیان یہ اچھی کارکردگی سمجھی جائے گی۔ ان کا امتحان دہلی کے جیک فریزر میک گرک کے سامنے ہوگاجن کا اسٹرائیک ریٹ ۲۳۵ء۸۷؍ ہے۔ انہوں نے ۷؍میچوں میں ۳۰۹؍رن بنا ئے ہیں۔
ڈیوڈ وارنر نے ۷؍ میچوں میں ۱۳۵؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۱۶۷؍ رن بنائے تھے اور میک گرک انجری کی وجہ سے باہر ہونے کے بعد کھیل رہے ہیں۔ اوپنر ابھیشیک پوریل نے بھی۱۵۷؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے ہیں لیکن ان کی کارکردگی میں کوئی تسلسل نہیں رہا۔ کپتان رشبھ پنت اور ٹرسٹن اسٹبس نے اچھی اننگز کھیلی ہے اور آر سی بی کے گیند بازوں کو بھی سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بولنگ میں دہلی کا ہاتھ اچھا ہے۔ اس کے پاس کلدیپ یادو اور اکشر پٹیل جیسے اسپنر ہیں جنہوں نے مل کر۲۴؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ ان کا اکانومی ریٹ بھی ۹؍ سے کم رہا ہے۔ تیز گیند باز خلیل احمد اور مکیش کمار نے۱۴؍ وکٹ حاصل کئے اور دہلی کو ان سے ابتدائی کامیابیوں کی امید رہے گی۔