• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی پی ایل نیلامی: ایّر، پنت، راہل سمیت ۱۲؍ مارکی کھلاڑی

Updated: November 18, 2024, 10:35 AM IST | Dubai

مارکی کھلاڑیوں کی فہرست میں ۷؍ ہندوستانی ہیں۔ ایّر، پنت اور عرشدیپ سنگھ ۶؍ مارکی کھلاڑیوں کے پہلے سیٹ میں شامل ہیں۔

Rishabh Pant. Photo: INN.
رشبھ پنت۔ تصویر: آئی این این۔

جدہ میں ۲۴؍ اور ۲۵؍ نومبر ۲۰۲۴ءکو ہونے والی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ءکی بڑی نیلامی میں اپنی اپنی ٹیموں کے ذریعہ باہر کئے جانے والے کپتان شریس ایّر، رشبھ پنت اور کے ایل راہل سمیت ۱۲؍مارکی کھلاڑیوں میں شامل ہیں ۔ 
مارکی کھلاڑیوں کی فہرست میں ۷؍ ہندوستانی ہیں۔ ایّر، پنت اور عرشدیپ سنگھ ۶؍ مارکی کھلاڑیوں کے پہلے سیٹ میں شامل ہیں۔ یزویندر چہل، محمد سمیع اور محمد سراج دوسرے سیٹ میں شامل ہیں۔ ان ۵؍ غیر ملکی کھلاڑیوں میں آئی پی ایل کی نیلامی کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی مشیل اسٹارک، انگلینڈ کے سفید گیند کے کپتان جوس بٹلر، انگلینڈ کے آل راؤنڈر لیام لیونگ اسٹون، جنوبی افریقہ کے دھماکہ خیز بلے باز ڈیوڈ ملر اور جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز کگیسو ربادا شامل ہیں۔ جوفرا آرچر۵۷۴؍ کھلاڑیوں کی نیلامی کی فہرست میں شامل نہیں، جو حال ہی میں انجری سے صحت یاب ہو کر واپس آئے ہیں۔ ممبئی انڈینس نے انہیں ۲۰۲۲ء کی نیلامی میں ۸؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ پھر ان کی کہنی کی سرجری ہوئی اور اس سیزن تک ان کے صحت یاب ہونے کی کوئی امید نہیں تھی۔ بالآخر وہ ممبئی انڈینس کیلئے دونوں سیزن نہیں کھیلے اور بعد میں انہیں  باہر کر دیا گیا۔ ۲۰۱۸ءکی نیلامی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب مارکی کھلاڑیوں کی فہرست کو ۲؍ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ۲۰۱۸ء کے ۲؍ سیٹوں میں ۱۶؍ مارکی کھلاڑی شامل تھے۔ ۲۰۲۲ء کی بڑی نیلامی میں ۱۰؍مارکی کھلاڑی ایک ہی سیٹ میں تھے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) اور راجستھان رائلز (آر آر) نے تمام ۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا تھا، جس کی وجہ سے ان کے پاس نیلامی میں رائٹ ۲؍ میچ کا متبادل نہیں ہوگا۔ پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) کے پاس ۴؍ آر ٹی ایم، رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے پاس ۳، دہلی کیپٹلس (ڈی سی ) کے پاس ۲، چنئی سپر کنگز (سی ایس کے)، گجرات ٹائٹنس، لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) اور ممبئی انڈینس کے پاس ایک ایک آر ٹی ایم متبادل ہوگا۔ اس بار بڑی نیلامی میں ۵۷۴؍ کھلاڑیوں کا مستقبل داؤ پرلگے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK