آج آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور، راجستھان رائلز کی میزبان کرے گی۔ بنگلور کی ٹیم گھر پر اپنا ریکارڈ بہتر کرنا چاہے گی۔
EPAPER
Updated: April 24, 2025, 12:26 PM IST | Agency | Bengaluru
آج آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور، راجستھان رائلز کی میزبان کرے گی۔ بنگلور کی ٹیم گھر پر اپنا ریکارڈ بہتر کرنا چاہے گی۔
رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) جمعرات کو یہاں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ایک میچ میں راجستھان رائلز سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے ہوم گراؤنڈ، چناسوامی اسٹیڈیم پر اپنے ریکارڈ کو بہتر کرنے کا ارادہ کرے گا۔
آر سی بی اب تک چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تینوں میچ ہار چکا ہے۔ آر سی بی نے ملک کے دیگر مقامات پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اپنے ہوم گراؤنڈ پر خراب کارکردگی کی وجہ سے نقصان اٹھا رہا ہے۔ آر سی بی کے بلے باز ایک عجیب طرح کے دباؤ میں نظرآرہے ہیں جبکہ ان کے گیند باز بھی یہاں کی پچ کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہو پا رہے ہیں۔
چنا سوامی اسٹیڈیم کی پچ سست ہے اور آر سی بی کے بلے باز اس پر اپنا بہترین مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں۔ وہ اس مخمصے میں مبتلا دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ محتاط انداز میں کھیلے یا جارحانہ رویہ اپنائیں۔ اس کا ثبوت یہاں ٹیم کا اسکور ہے۔ اب تک آر سی بی نے ۸؍ وکٹ پر۱۶۹؍ رن، ۷؍ وکٹ پر۱۶۳؍ رن اور۹؍ وکٹ پر۹۵؍ رن (۱۴؍ اوور میں) بنائے ہیں۔ دوسری جگہوں پر اس نے ۱۰؍ رن فی اوور بنائے ہیں، لیکن یہاں یہ شرح گر کر۷؍ رن فی اوور رہ گئی ہے۔
آر سی بی کے بلے باز وراٹ کوہلی کا اس سیزن میں اب تک اوسط۶۴؍ ہے لیکن فل سالٹ، دیودت پڈیکل اور کپتان رجت پاٹیدار سے بہتر کارکردگی کی امید ہے۔ آر سی بی کے گیند باز بھی پچ سے ملنے والی مدد کا فائدہ نہیں اٹھا سکے ہیں۔ اگر آر سی بی کو گھر پر اپنی شکست کا سلسلہ توڑنا ہے تو اس کے گیند بازوں کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آر سی بی کے۱۰؍ پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے لیکن پنجاب کنگز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے بھی ۱۰؍پوائنٹس ہیں۔ ممبئی انڈینس کی ٹیم ۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ان سے زیادہ پیچھے نہیں ہے۔
راجستھان رائلز کے بھی اپنے مسائل ہیں۔ کپتان سنجو سیمسن انجری کے باعث اس میچ میں نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کی غیر موجودگی میں ریان پراگ کپتانی کریں گے۔ رائلز کے اس وقت ۴؍ پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر ۸؍ویں نمبر پر ہے۔ راجستھان کے اہم بلے باز یشسوی جیسوال، پراگ، شمرون ہتمائر اور نتیش رانا ۸؍ میچوں میں ۶؍ ہارنے کے باوجود اچھے فارم میں ہیں اور نوجوان ویبھو سوریہ ونشی کی جانب سے کی گئی شروعات بھی حوصلہ افزا ہے۔ اس کے باوجود راجستھان رائلز کے گیند بازوں نے اب تک مایوس کیا ہے۔ وینندو ہسرنگا (۶؍ میچوں میں ۹؍ وکٹ) نے اب تک ان کے لئے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کئے ہیں لیکن سری لنکا کے اسپنر نے ایک میچ میں ۴؍ وکٹ حاصل کئے اور باقی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جوفرا آرچر (۸؍ میچ، ۸؍ وکٹ)، مہیش تھیکشنا (۸؍ میچ، ۷؍ وکٹ) اور سندیپ شرما (۸؍ میچ، ۶؍ وکٹ) بھی اسی طرح کی کہانی پیش کرتے ہیں۔
ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ نہیں ہوگا : دراوڑ
راجستھان رائلز کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ نے بدھ کو کہا کہ کھلاڑیوں کے نئی ٹیموں میں شامل ہونے اور زمینی حالات کے بارے میں زیادہ علم نہ ہونے کے ساتھ، ٹیمیں اس سیزن کے آئی پی ایل میں ہوم گراؤنڈس پر کھیلنے کا فائدہ حاصل نہ کرنے کی بات کر رہی ہیں۔ رائل چیلنجرز بنگلور، چنئی سپر کنگز، لکھنؤ سپر جائنٹس اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس جیسی کئی مضبوط ٹیموں نے اپنے ہوم گراؤنڈس کی پچوں پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ دراوڑ نے آر سی بی کے خلاف راجستھان رائلز کے میچ کے موقع پر کہا کہ ’’ `یہ زمین پر منحصر ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ ٹیمیں اپنے کیوریٹرس سے کیا چاہتی ہیں۔ میگا نیلامی کے بعد نئی ٹیمیں بھی ہیں۔ انہوں نے راجستھان رائلز کے نتیش رانا اور آر سی بی کے فل سالٹ کی مثال دی جو گزشتہ سال کی نیلامی کے بعد ان ٹیموں میں شامل ہوئے تھے۔