آج پنجاب کنگز اور آر سی بی کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع،میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو یزویندر چہل کی بولنگ سے ہوشیار رہنے کی ضرورت۔
EPAPER
Updated: April 18, 2025, 11:32 AM IST | Agency | Bengaluru
آج پنجاب کنگز اور آر سی بی کے درمیان دلچسپ مقابلہ متوقع،میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو یزویندر چہل کی بولنگ سے ہوشیار رہنے کی ضرورت۔
آئی پی ایل ۲۰۲۵ء میں تقریباً تمام ٹیمیں اپنے آدھے میچ کھیل چکی ہیں۔ اب جوں جوں ٹورنامنٹ آگے بڑھے گا جوش و خروش بھی بڑھتا جائے گا۔ آئی پی ایل کے ۱۸؍ویں سیزن کا اگلا میچ ۱۸؍ اپریل بروز جمعہ کو بنگلور کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ اس میچ میں پنجاب کنگز بنگلور کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر چیلنج دے گی۔ اپنے پچھلے میچ جیتنے والی یہ دونوں ٹیمیں جیت کی رفتار کو برقرار رکھنا چاہیں گی اور جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گی۔
اگر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کو آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلی جیت درج کرنی ہے تو ان کے بلے بازوں کو یزویندر سنگھ چہل کی قیادت میں جمعہ کو ہونے والے میچ میں پنجاب کنگز کے اسپن حملے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ آر سی بی کے بلے بازوں کو گجرات ٹائٹنز کے سائی کشور اور دہلی کپیٹلز کے کلدیپ یادو اور وپراج نگم کے خلاف یہاں کی سست پچ پر جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ اسپن گیند بازی کیخلاف بنگلور کے بلے بازوں کی کمزوری کا فائدہ چہل اور میکسویل اٹھانا چاہیں گے۔
واضح رہے کہ چہل اور میکسویل یہاں کے حالات سے بخوبی واقف ہیں کیوں کہ یہ دونوں طویل عرصے تک آر سی بی کیلئے کھیل چکے ہیں۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف ۴؍ وکٹیں لے کر فارم میں واپس آنے والے چہل کا سامنا کرنا کسی بھی بلے باز کے لئے آسان نہیں ہوگاجبکہ میکسویل کو اپنی خراب بلے بازی کے باوجود آخری ۱۱؍ میں جگہ ملنا یقینی ہے۔ چہل جادوئی گیندوں کے بجائے لینتھ کے ماہر ہیں۔ یہ لیگ اسپنر بلے بازوں کو آف اسٹمپ سے باہر گیند کر کے لمبے شاٹس کھیلنے پر اکساتےہیں جس کی وجہ سے وہ باؤنڈری لائن کے قریب کیچ ہو جاتے ہیں۔ وہ اپنی رفتار کو بھی بڑی چالاکی سے تبدیل کرتے ہیں ہے اور اگر بلے باز ان کے خلاف چھکے مارنا چاہتے ہیں تو انہیں اضافی کوشش کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
میکسویل ایک بلے باز کے ساتھ ساتھ اسپن گیندباز بھی ہیں جو اچھی لینتھ اور لائن پر گیندبازی کرنے میں ہی یقین رکھتے ہیں۔ آر سی بی کے پاس کرونال پانڈیا اور سویش شرما کی شکل میں اچھے اسپنر ہیں اور ٹیم ان سے بہتر کارکردگی کی امید رکھے گی۔
جہاں تک پنجاب کی بات ہے تو ٹیم کے پاس ارش دیپ سنگھ اور مارکو جانسن کی شکل میں اچھے تیز گیند باز ہیں، حالانکہ وہ آر سی بی کے جوش ہیزل ووڈ اور بھونیشور کمار کی طرح تجربہ کار نہیں ہیں۔ اگر ہم کپتان کی بات کریں تو رجت پاٹیدار اور شریاس ایر میں بہت کم مشترک ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں بلے باز کے طور پر شاندار ریکارڈ رکھنے والے ایر نے آئی پی ایل جیتنے والے کپتان کے طور پر اپنی ساکھ ثابت کی ہے۔ دوسری طرف، پاٹیدار آئی پی ایل میں پہلی بار کپتان بنے ہیں۔ دونوں کھلاڑی پرسکون رہ کر اپنی ٹیموں کی بڑی کارکردگی کے ساتھ قیادت کر رہے ہیں۔ یہ دونوں کھلاڑی اسپن بولنگ کے خلاف اچھے بلے باز مانے جاتے ہیں اس لئے بیٹنگ میں ان کا کردار اہم ہوگا۔ کولکاتا کے خلاف کم اسکور والے میچ میں جیت سے پنجاب کا حوصلہ بڑھے گا لیکن انہیں آر سی بی سے محتاط رہنا ہوگا جس کی بلے بازی اور گیند بازی میں کافی گہرائی ہے اور اس پر قابو پانا کسی بھی ٹیم کے لئے آسان کام نہیں ہے۔ کُل ملاکر یہ کہا جا سکتا ہے کہ میچ دلچسپ ہوگا۔
بنگلور بمقابلہ پنجاب
یہ دونوں ٹیمیں اس سیزن میں ۶؍ میں سے ۴؍ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ ۴؍میں برقرار ہیں۔ بہتر نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے آرسی بی تیسرے مقام پر ہے جبکہ پنجاب چوتھے مقام پر ہے۔ ایسی صورتحال میں شائقین کو سخت میچ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ اس میچ سے پہلے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ اب تک ایک دوسرے پر کون غالب رہا ہے؟آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور اور پنجاب کنگز کے ہیڈ ٹو ہیڈ ریکارڈ کی بات کریں تو دونوں مجموعی طور پر ۳۳؍ بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں۔ ان میں سے آر سی بی نے ۱۶؍میچ جیتے ہیں جبکہ پنجاب کنگز نے ۱۷؍میچ جیتے ہیں۔ اس طرح سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے۔