لکھنؤ نے ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۶۶؍ رن بنائے، چنئی نے یہ ہدف۳ء۱۹؍ اوور میں حاصل کر لیا، دھونی نے بلے بازی کا پرانا انداز دکھایا۔
EPAPER
Updated: April 16, 2025, 10:35 AM IST | Agency | Lucknow
لکھنؤ نے ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۶۶؍ رن بنائے، چنئی نے یہ ہدف۳ء۱۹؍ اوور میں حاصل کر لیا، دھونی نے بلے بازی کا پرانا انداز دکھایا۔
چنئی سپر کنگز نے مسلسل پانچ شکستوں کے بعد آئی پی ایل میں اپنی دوسری جیت درج کی۔ ٹیم نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو۵؍ وکٹوں سے شکست دی۔ چنئی نے پیر کو ایکانا اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر گیند بازی کا انتخاب کیا۔ لکھنؤ نے ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۶۶؍ رن بنائے۔ چنئی نے یہ ہدف ۳ء۱۹؍ اوور میں حاصل کر لیا۔ چنئی کے کپتان ایم ایس دھونی نے ۱۱؍ گیندوںمیں۲۶؍ رن بنائے۔ شیوم دوبے نے ۴۳؍، راچن رویندرا نے ۳۷؍اور شیخ رشید نے۲۷؍رن بنائے۔ رویندر جڈیجا اور میتھیش پاتھیرانانے دودو وکٹیں حاصل کیں ۔ لکھنؤ کی جانب سے رشبھ پنت نے نصف سنچری بنائی۔ روی بشنوئی نے۲؍ وکٹ لئے۔
چنئی سپرکنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری لکھنؤ کی ٹیم نے شروعات اچھی نہیں کی، کیونکہ پہلا وکٹ محض۶؍ رن پر ایڈن مارکرم کی صورت میں گرا جو۶؍ رن بنا سکے۔ دوسرا وکٹ بھی کچھ وقفہ کے بعد۲۳؍ رنوں کے مجموعی اسکور پر نکولس پورن(۸) کی شکل میں گرا جو اس آئی پی ایل سیزن میں اچھے فارم میں چل رہے تھے۔ اس کے بعد تیسرے وکٹ کے لیے مشیل مارش(۳۰) اور کپتان رشبھ پنت(۶۳) کے درمیان ۴۰؍ رن کی شراکت داری ہوئی۔ کپتان پنت نے اس سیزن میں پہلی مرتبہ اپنی بلے بازی سے شائقین کو متاثر کیا لیکن ان کے علاوہ کوئی دیگر بلے باز بڑی اننگ نہیں کھیل سکا۔ آیوش بدونی نے ۲۲؍رن جبکہ عبدالصمد نے۱۱؍ گیندوں پر۲۰؍ رن بنائے لیکن باقی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ لکھنؤ کی ٹیم کسی طرح مقررہ۲۰؍ اوور میں۷؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۶۶؍ رن بنا سکی۔
چنئی کی ٹیم جب ۱۶۷؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری تو پہلی بار موقع ملنے پر شیخ رشید نے کافی حد تک متاثر کیا اور پہلے وکٹ کیلئے راچن رویندر کے ساتھ ۵۲؍ رن کی شراکت داری کی۔ شیوم دوبے نے سمجھداری بھری اننگ کھیلی اور۴۳؍ رن بنائے۔ اصل کام تو دھونی نے ہی کیا جو ۱۵؍ اوور میں ۱۱۱؍رن کے اسکور پر پانچواں وکٹ گرنے کے بعد آئےاور۱۱؍ گیندوں میں ۲۶؍ رن بناکرٹیم جیت دلائی۔