Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل: آج دہلی کیپٹلس اور کولکاتا نائٹ رائیڈرس میں گھمسان

Updated: April 29, 2025, 10:54 AM IST | Agency | New Delhi

اکشر پٹیل کی قیادت میں دہلی کی ٹیم کامیاب رہی ہے۔ کولکاتا کی ٹیم جدوجہد کرنے پر مجبور۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

دہلی کیپٹلس (ڈی سی) ٹیم منگل کو یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کے۴۸؍ ویں میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کی میزبانی کرتے ہوئے زوردار مقابلہ کرنے کی کوشش کرے گی۔اکشر پٹیل کی قیادت میں دہلی کیپٹلس نے اب تک کامیابی اورکھیل کا لطف اٹھایا ہے۔ ڈی سی نے ۹؍ میں سے ۶؍ میچ جیت کر ٹاپ ۴؍ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ اس کے برعکس دفاعی چمپئن  کے کے آر نے مستقل مزاجی حاصل کرنے کیلئے جدوجہد کی ہے۔ کے کے آر نے ۹؍ میں سے صرف ۳؍ میچ جیتے ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر ۷؍ویں نمبر پر ہے۔
 گزشتہ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور سے ۶؍ وکٹ سے ہارنے کے باوجود ڈی سی کو اس بار آئی پی ایل میں ایک مضبوط ٹیم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کے ایل  راہل نے خاص طور پر ٹی۲۰؍ فارمیٹ میں اپنی فارم دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ راہل نے اب تک ۵۲؍ کے  اوسط سے۳۶۹؍ رن بنائے ہیں جس میں ۳؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ دھماکہ خیز بلے باز ابھیشیک پورل اور تجربہ کار فاف ڈو پلیسس کے ساتھ ٹاپ پر ان کی شراکت اہم ہو گی، جو الیون میں واپس آ رہے ہیں۔ دہلی کے بولنگ اٹیک کی قیادت تجربہ کار مشیل اسٹارک اور چائنا مین کلدیپ یادو کریں گے۔ جہاں  اسٹارک کے نام۱۱؍ وکٹ ہیں، وہیں کلدیپ نے صرف۶ء۵۵؍کے اکنامی ریٹ سے متاثر کیا ہے اور درمیانی اوورس میں اہم ثابت ہوئے ہیں۔اس کے برعکس  کے کے آر اس بار جدوجہد کر رہی ہے۔ پنجاب کنگز کے خلاف ان کاپچھلا میچ ان کی اننگز کے مختصر آغازکے بعد بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا جس سے انہیں واحد پوائنٹ حاصل ہوا تھا۔ رہانے، جو ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں،۲۷۱؍ رن کے ساتھ ان کے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں لیکن رِنکو سنگھ اور آندرے رسل پر مشتمل مڈل آرڈر مسلسل کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔
 کولکاتا کیمپ میں ان کی بولنگ یونٹ کے تعلق سے بھی خدشات ہیں۔ ورون چکرورتی، ہرشیت رانا اور ویبھو اروڑہ نے۱۱۔۱۱؍ وکٹ حاصل کئے لیکن اہم لمحات میں حملہ کی کمی نظر آئی۔ آل راؤنڈر سنیل نارائن ان چند کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے بلے اور گیند دونوں سے اپنا حصہ ڈالا ہے۔ آمنے سامنے مقابلوں میں،  کے کے آر کو ڈی سی پر تھوڑی برتری حاصل ہے، جس نے اپنے۳۴؍ مقابلوں میں سے۱۸؍ جیتے ہیں  تاہم  دہلی کی موجودہ فارم اور گھر پر کھیلنے کے فائدہ کے ساتھ  میزبان ٹیم اس فرق کو کم کرنے کیلئے پراعتماد ہوگی۔ منگل کو موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔ارون جیٹلی اسٹیڈیم کی پچ روایتی طور پر بلے بازی کیلئے موزوں  رہی ہے حالانکہ ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں  نے عام طور پر بہتر کارکردگی پیش کرنی  ہیں۔ نتیجتاً  ٹاس ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے، جس میں دونوں کپتان  پہلے گیندبازی  کرنے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔  پلے آف کی اپنی  خواہشات کو رفتار دینے کے ساتھ، دہلی کو کولکاتا کو ہراکر ٹیبل کے ٹاپ ہاف میں اپنی جگہ مضبوط کرنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK