• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی نظر پلے آف پر مرکوز

Updated: May 11, 2024, 1:05 PM IST | Agency | Kolkata

آج آئی پی ایل میں کولکاتا کا مقابلہ ممبئی انڈینس سے ہوگا۔ شریاس ایّر کی ٹیم کامیابی کے ساتھ پلے آف کا ٹکٹ حاصل کرنا چاہے گی۔

Bowlers from Kolkata. Photo: INN
کولکاتا کے گیندباز۔ تصویر : آئی این این

 جب دو بار کی سابق چمپئن کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم، جواس سیزن میں شاندار فارم میں ہے، سنیچر کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر اس سیزن کے آخری میچ میں ممبئی انڈینس سے کھیلے گی تو اس کا مقصد آئی پی ایل پلے آف تک رسائی کرنا ہوگا۔ کے کے آر نے اس سیزن میں ۲؍ بار ٹائٹل جیتنے والے کپتان گوتم گمبھیر کی بطور ٹیم مینٹور واپسی کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کے کے آر، جو اب تک۱۱؍ میں سے ۸؍ میچ جیت کر ٹاپ پر ہے، اسے پلے آف کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے ایک اور جیت درکار ہے۔ 
 شاہ رخ خان کی ملکیت والی ٹیم پلے آف کا ٹکٹ اپنے مضبوط گڑھ ایڈن گارڈنس میں ہی حاصل کرنا چاہے گی۔ سنیل نارائن کو عالمی نمبر ۲؍ ٹی ۲۰؍ بلے باز فل سالٹ کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے کے لئے گوتم گمبھیر کا یہ اقدام ماسٹر اسٹروک ثابت ہوا ہے۔ ان دونوں نے پاور پلے میں ٹیم کو شاندار آغاز دیا ہے اور۸؍ میچوں میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو۲۰۰؍ سے آگے لے گئے۔ نارائن نے اب تک۳۲؍ چھکے لگائے ہیں اور وہ ابھیشیک شرما(۳۵؍رن) کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ اب تک ایک سنچری اور ۳؍ نصف سنچریاں بنانے والے نارائن نے۱۸۳؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۶۱؍ رن بنائے ہیں جبکہ انگلینڈ کے سالٹ نے ۱۸۳ء۶۶؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۲۹؍ رن بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ 
 ان دونوں کے عمدہ فارم کی وجہ سے آندرے رسل اور رنکو سنگھ جیسے فنشرز کو زیادہ مواقع نہیں ملے ہیں۔ ان دونوں کی بیٹنگ نے گیند بازوں بالخصوص مشیل ا سٹارک کے خراب فارم کی تلافی بھی کر دی ہے۔ نوجوان انگکرش رگھوونشی نے تیسرے نمبر پر اپنی افادیت ثابت کی ہے۔ 
 ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں ۵؍ بار کی چمپئن ممبئی انڈینس اس سیزن سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم تھی۔ ممبئی انڈینس جس نے گزشتہ میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو شکست دی تھی اب وقار کے لئے کھیل رہی ہے۔ اسٹار بلے بازسوریہ کمار یادو نے گزشتہ ۲؍ میچوں میں ۵۶؍ اور ناٹ آؤٹ۱۰۲؍رن بنائے ہیں جو کہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے قبل ہندوستانی ٹیم کے لئے اچھا اشارہ ہے۔ شائقین ممبئی انڈینس کے سابق کپتان روہت شرما اور پانڈیا سے بھی اچھی اننگز کی توقع کریں گے۔ ہندوستانی کپتان روہت پچھلے ۵؍ میں سے ۴؍ میچوں میں دُہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ 
 ممبئی انڈینس:ہاردک پانڈیا (کپتان)، روہت شرما، سوریہ کمار یادو، دیوالڈ بریوس، جسپریت بمراہ، پیوش چاؤلہ، جیرالڈ کوئٹزی، ٹم ڈیوڈ، شریاس گوپال، ایشان کشن، انشول کمبوج، کمار کارتھیکیہ، آکاش مدھوال، کوینا مفکا، محمد نبی، نمن دھیر، شیوالک شرما، روماریو شیفرڈ، ارجن تینڈولکر، نووان تھشارا، تلک ورما، ہاروک دیسائی (وکٹ کیپر)، نہال ودھیرا اور لیوک ووڈ۔ 
 کولکاتا نائٹ رائیڈرس:شریاس ایّر (کپتان)، کے ایس بھرت، رحمن اللہ گرباز، رنکو سنگھ، انگکرش رگھوونشی، شیرفین رُدرفورڈ، منیش پانڈے، آندرے رسل، نتیش رانا، وینکٹیش ایّر، انوکول رائے، رمندیپ سنگھ، ورون چکرورتی، سنیل نارائن، ویبھو آرکر ہرشیت رانا، سویاش شرما، مشیل اسٹارک، دشمنتھا چمیرا، ثاقب حسین، مجیب الرحمان، گٹ اٹکنسن، غضنفر، فل سالٹ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK