• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی پی ایل میگا نیلامی : بمراہ بولٹ کی جوڑی بنانے پر آکاش امبانی نے کہا : ہم یہی چاہتے تھے

Updated: November 26, 2024, 12:19 PM IST | Agency | Jeddah

ممبئی انڈینس کے مالک آکاش امبانی نے خوشی کا اظہار کیا کہ آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں جسپریت بمراہ کے ساتھی کے طور پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو شامل کرنے کا ان کا منصوبہ کامیاب ہو گیا ہے۔

Akash Ambani with head coach Mahila Jayawardene during the IPL mega auction. Photo: INN
آکاش امبانی آئی پی ایل کی میگا نیلامی کے دوران ہیڈ کوچ مہیلا جے وردھنے کے ساتھ۔ تصویر : آئی این این

ممبئی انڈینس کے مالک آکاش امبانی نے خوشی کا اظہار کیا کہ آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں جسپریت بمراہ کے ساتھی کے طور پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کو شامل کرنے کا ان کا منصوبہ کامیاب ہو گیا ہے۔ امبانی نے آئی پی ایل میگا نیلامی کے دوسرے دن پیر کو کہا کہ ممبئی انڈینس نے اپنے۱۲؍ کھلاڑیوں کو فائنل کیا ہے جن میں بولٹ اور بمراہ شامل ہیں۔ ۵؍ بار کی  چمپئن ٹیم نے گزشتہ دو سیزن میں بمراہ اور جوفرا آرچر کی جوڑی بنائی تھی لیکن آرچر کی مسلسل چوٹ نے اس کی حکمت عملی کو متاثر کیا۔
امبانی نے رائل چیلنجرز بنگلور کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ٹرینٹ بولٹ اور بمراہ کی واپسی ہوئی ہے اور ہم یہ جوڑی چاہتے تھے۔ آپ نیلامی میں کسی ایک کھلاڑی کو ترجیح نہیں دے سکتے۔ ہمیں خوشی ہے کہ بولٹ واپس آگئے ہیں۔ امبانی نے کہا کہ افغانستان کے اسپنر اللہ غضنفر کو منتخب کرنے سے پہلے انہیں بہت سوچنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر ملکی اسپنر کو لینے سے پہلے بہت سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے ایک پیکیج کے طور پر دیکھتے ہیں اور ہم اسے اپنی ٹیم میں شامل کر کے خوش ہیں۔
 امبانی نے کہا کہ انہیں پچھلی نیلامی میں گجرات ٹائٹنس کے ہاتھوں روشن منز کو کھونے کا دکھ ہے لیکن اب جھارکھنڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ممبئی انڈینس ٹیم میں کافی ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجھے ایم ایس دھونی یا ایشان کشن کی یاد دلاتے ہیں۔ وہ وکٹ کیپر اور اچھے بلے باز ہیں۔ وہ نچلی  ترتیب میں آتے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ بہت خوش ہیں۔ یہ ہمارے ۲؍ سال کے ترقیاتی دورے کا حصہ تھا۔ پچھلے سال انہیں گنوا کر برا لگا۔ ہم انہیں اپنی ٹیم میں چاہتے تھے اور ایساہی  ہوا ہے۔
 رائل چیلنجرز بنگلور  کے ہیڈ کوچ فلاور نے کہا کہ انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ اگلے آئی پی ایل میں وراٹ کوہلی کے ساتھ ٹاپ آرڈر پر کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا پہلا آپشن مل گیا ہے۔ ہم اپنی ٹیم سے بہت خوش ہیں۔ ہمارے پاس سالٹ اور وراٹ جیسے بلے باز ہیں جو ہمارے لئے بہت اہم ہیں۔ اس میں وراٹ کے ساتھ کھیلنے کی جارحیت ہے۔

عُمران ملک کو کسی نے نہیں خریدا
جموں و کشمیر کے فاسٹ بولر عمران ملک، جنہوں نے کبھی اپنی رفتار سے سب کا دل جیت لیا تھا، کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء میگا نیلامی میں انہیں کسی ٹیم  نے نہیں خریدا۔ ملک کی بنیادی قیمت صرف۷۵؍ لاکھ روپے تھی، لیکن کسی فرنچائزی  نے ان میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ عمران آئی پی ایل کی تاریخ میں تیز ترین گیند کرنے والے تیسرے بولر ہیں۔ عمران نے  ۲۰۲۲ء میں سن رائزرس حیدرآباد کے لئے کھیلتے ہوئے دہلی کیپٹلس  کے خلاف۱۵۷؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی۔ اس آئی پی ایل میں حیدرآباد نے انہیں ۴؍کروڑ میں خریدا تھا۔ عمران ملک اب تک آئی پی ایل میں کل۲۶؍ میچ کھیل چکے ہیں۔ اس عرصے کے دوران وہ ٹورنامنٹ میں۲۹؍ وکٹ اپنے نام کر چکے ہیں۔  ۲۰۲۳ء میں عمران نے کھیلے گئے ۸؍ میچوں میں صرف۵؍ وکٹ حاصل کئے تھے  اور ان کا اکنامی  ریٹ ۱۰ء۸۵؍ تھا۔

عادل رشید کو کوئی خریدار نہیں ملا 
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)۲۰۲۵ء کی میگا نیلامی جدہ، سعودی عرب میں جاری ہے۔ اس میں کین ولیمسن، اجنکیا رہانے، پرتھوی شا اور مینک اگروال جیسے کئی بڑے ناموں کو کوئی خریدار نہیں ملا۔ دریں اثنا  انگلینڈ کے اسٹار اسپنر اور آئی سی سی ٹی  ۲۰؍ رینکنگ میں نمبر وَن گیندباز عادل رشید کو کسی نے نہیں خریدا۔
 عادل رشید انگلینڈ کے بہترین وائٹ بال اسپنر ہیں۔ اس کے باوجود کسی نے ان کیلئے  بولی نہیں لگائی۔ رشید کی بنیادی قیمت۲؍ کروڑ روپے تھی۔۲۰۰۹ء میں  آغاز کرنے کے بعد سے، انہوں نے انگلینڈ کے لئے ۲۶۲؍ وائٹ بال میچوں میں کل۳۳۱؍ وکٹ  لئے ہیں۔   راشد آئی سی سی ٹی ۲۰؍ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ تاہم، رشید نے اب تک صرف ۳؍ آئی پی ایل میچ کھیلے ہیں، تینوں ہی انہوں نے آئی پی ایل۲۰۲۱ء میں پنجاب کنگز کیلئےکھیلے۔ رشید اس وقت۷۰۱؍ ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹی ۲۰؍ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK