ممبئی نے وانکھیڈے میں لکھنؤ سپرجائنٹس کو ۵۴؍رن سے شکست دی۔ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر قابض۔ کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی۔
EPAPER
Updated: April 28, 2025, 2:33 PM IST | Agency | Mumbai
ممبئی نے وانکھیڈے میں لکھنؤ سپرجائنٹس کو ۵۴؍رن سے شکست دی۔ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر قابض۔ کھلاڑیوں کی اچھی کارکردگی۔
آئی پی ایل۲۰۲۵ء کے ۴۵؍ویں میچ میں ممبئی انڈینس نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو۵۴؍ رن سے شکست دی۔ ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ممبئی انڈینس نے ۲۰؍ اوورس میں۷؍ وکٹ کے نقصان پر ۲۱۵؍رن بنائے اور لکھنؤ کو جیت کیلئے ۲۱۶؍ رن کا ہدف دیا۔ جواب میں لکھنؤ کی بیٹنگ ڈگمگا گئی اور وہ صرف ۱۶۱؍ رن ہی بنا سکی۔ممبئی کی یہ مسلسل ۵؍ویں جیت ہے اور اس نے ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
۲۱۶؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں لکھنؤ کی شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے ایڈن مارکرم کو۱۸؍رن کے اسکور پر گنوا دیا۔ اس کے بعد مشیل مارش اور نکولس پورن نے اچھی شراکت کر کے ٹیم کی اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ایک بار جب یہ جوڑی ٹوٹی تو وکٹ گرنا شروع ہوگئے اور اسکور۱۶۱؍ رن پر رک گیا۔ ڈیوڈ ملر اور آیوش بڈونی نے لکھنؤ کیلئے مزاحمت کی لیکن یہ کافی نہیں تھی۔ لکھنؤ کیلئے سب سے زیادہ رن ۳۵؍آیوش بڈونی نے بنائے۔ مشیل مارش نے۳۴، نکولس پورن نے ۲۷؍رن اور ڈیوڈ ملر نے۲۴؍ رن بنائے۔ ممبئی انڈینس کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل ریان رکیلٹن (۵۸؍رن) اور سوریہ کمار یادو (۵۴؍رن) کی نصف سنچریوں کی بدولت ممبئی انڈینس نے اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۴۵؍ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو جیت کیلئے ۲۱۶؍رن کا ہدف دیا۔
اتوارکو لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان رشبھ پنت نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریان رکیلٹن اور روہت شرما کی اوپننگ جوڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ممبئی انڈینس کیلئے پہلے وکٹ کیلئے ۳۳؍ رن جوڑے۔ تیسرے اوور میں مینک یادو نے ۵؍ گیندوں پر روہت شرما (۱۲؍رن) کو آؤٹ کر کے لکھنؤ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ول جیکس بیٹنگ کیلئے آئے اور دوسرے وکٹ کیلئے رِکیلٹن کے ساتھ۵۵؍ رن کی شراکت کی۔ ۹؍ویں اوور میں دگویش راٹھی نے رکیلٹن کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ رِکیلٹن نے۳۲؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۵۸؍رن بنائے۔ ممبئی نے اپنا تیسرا وکٹ ول جیکس (۲۹؍رن) کی صورت میں گنوایا۔ وہ پرنس یادو کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی تلک ورما (۵)، ہاردک پانڈیا (۶) اور کوربن بوش (۲۰؍ رن) بھی آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار یادو نے۲۸؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ۵۴؍رن بنائے۔ ممبئی انڈینس کے بلے بازوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۲۱۵؍ رن بنائے۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کی جانب سے مینک یادو اور اویس خان نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ روی بشنوئی، پرنس یادو اور دگویش راٹھی کو ۱۔۱؍وکٹ ملا۔