پنجاب کنگز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم کو ۱۶؍ رن سے شکست دے دی۔ یزویندر چہل کی عمدہ بولنگ۔
EPAPER
Updated: April 17, 2025, 10:44 AM IST | Agency | Mohali
پنجاب کنگز نے کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم کو ۱۶؍ رن سے شکست دے دی۔ یزویندر چہل کی عمدہ بولنگ۔
پنجاب کنگز کے گیندبازوں نے چھوٹے اسکور کا شاندار دفاع کرتے ہوئے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۳۱؍ویں میچ میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کی پوری ٹیم کو۹۵؍ رن کے اسکور پر آل آؤٹ کرکے۱۶؍ رن سے شکست دے دی۔
پنجاب کنگز نے آئی پی ایل کی تاریخ کے کم ترین اسکور کا دفاع کیا۔ ٹیم نے منگل کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کو ملاں پور میں۱۱۲؍ رن کے ہدف کا تعاقب نہیں کرنے دیا۔ مہاراجہ یادویندر سنگھ اسٹیڈیم میں منگل کو کے کے آر کی ٹیم محض۹۵؍رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پنجاب کی جانب سے یزویندر چہل نے ۴؍ وکٹ لے کر میچ کا رخ موڑ دیا۔ مارکو جانسن نے۳؍ وکٹ حاصل کئے۔
ہدف کے تعاقب میں اتری کولکاتا کی شروعات پہلے ہی خراب رہی اور ٹیم نے پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوا دی۔ مارکو جانسن نے اوور کی چھٹی گیند گڈ لینتھ پر ان سوئنگ کروائی۔ نارائن پُل کرنے گئے، لیکن بولڈ ہو گئے۔ وہ صرف ۵؍ رن ہی بنا سکے۔ کولکاتا نے دوسرے اوور میں دوسرا وکٹ بھی گنوا دیا۔ زیویئربارٹلیٹ نے اوور کی دوسری گیند فُل لینتھ پر ان سوئنگ کروائی۔ کوئنٹن ڈی کاک نے فلک کیا، لیکن ڈیپ اسکوائر لیگ باؤنڈری پر سوریاش شیڈگے کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ ڈی کاک صرف۲؍ رن بنا سکے۔
شروع کے۲؍ اوور میں۲؍ وکٹ گنوانے کے بعد کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی اننگز کچھ سنبھلی۔ ٹیم نے۶؍ اوورس میں۵۵؍ رن بنا لئے لیکن جلد ہی کولکاتا نے ۸؍ویں اوور میں تیسرا وکٹ گنوا دیا۔ یزویندر چہل نے اوور کی چوتھی گیند پر اجنکیا رہانے کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ رہانے نے ۱۷؍ رن بنائے۔ کولکاتا نے ۱۰؍ویں اوور میں چوتھا وکٹ بھی گنوا دیا۔ یزویندر چہل نے اوور کی پہلی گیند پر انگکرت رگھوونشی کو کیچ کروایا۔ رگھوونشی نے۲۸؍ گیندوں پر۳۷؍ رن بنائے۔کولکاتا نے ۱۱؍ویں اوور میں ۵؍واںوکٹ بھی گنوا دیا۔ گلین میکسویل نے اوور کی چوتھی گیند گڈ لینتھ پر کروائی۔ وینکٹیش ایّر سویپ کرنے گئے، لیکن گیند ان کے پیڈس پر لگی۔ پنجاب نے اپیل کی اور امپائر نے آؤٹ قرار دیا۔
کولکاتا نے ۱۲؍ویں اوور میں چھٹا وکٹ بھی گنوا دیا۔ یزویندر چہل نے اوور کی تیسری گیند آف اسٹمپ کے باہر فلائٹڈ کروائی۔ رنکو سنگھ سنگل لینے کی کوشش میں کریز سے باہر نکل آئے۔ وکٹ کیپر جوش انگلس نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کر دیا۔ یزویندر چہل نے ۱۲؍ویں اوور میں اپنا چوتھا وکٹ لیا۔ انہوں نے اوور کی چوتھی گیند فلائٹڈ کرائی، رمن دیپ سنگھ سویپ کرنے گئے لیکن لیگ سلپ میں شریاس ایّر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ رمن دیپ کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔
کولکاتا نے ۱۳؍ویں اوور میں آٹھواں وکٹ بھی گنوا دیا۔ مارکو جانسن نے اوور کی پانچویں گیند شارٹ پچ کروائی۔ ہرشیت رانا دفاع کرنے گئے، لیکن گیند ان کے بلہ سے لگ کر وکٹوں سے جا ٹکرائی۔ ہرشیت صرف ۳؍ رن ہی بنا سکے۔ کولکاتا نے۱۵؍ویں اوور میں اپنا۹؍واں وکٹ بھی گنوا دیا۔ اوور کی آخری گیند پر عرشدیپ سنگھ نے باؤنسر پھینکا اور ویبھو اروڑہ جوش انگلس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ وہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ کولکاتا کو آخری ۳۰؍گیندوں پر۱۷؍ رن درکار تھے۔ مارکو جانسن بولنگ کرنے آئے۔ انہوں نے اوور کی شارٹ پچ کی پہلی گیند پھینکی، آندرے رسل بڑا شاٹ کھیلنے گئے لیکن گیند ان کے بلے سے ٹکرائی اور اسٹمپ سے ٹکرا گئی۔ رسل کے وکٹ سے کولکاتا کی ٹیم۹۵؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔