• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وراٹ کوہلی کو روکنا راجستھان رائلزکیلئے چیلنج

Updated: May 22, 2024, 2:14 PM IST | Agency | Ahmedabad

آئی پی ایل میں آج ایلیمینیٹر میں رائل چیلنجرز اور راجستھان رائلز کےمابین مقابلہ۔ شکست پانے والی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائیگی۔

Yashvi Jaiswal and Virat Kohli. Photo: INN
یشسوی جیسوال اور وراٹ کوہلی۔ تصویر : آئی این این

سنجو سیمسن کی کپتانی میں راجستھان رائلز کو بدھ کو انڈین پریمیر لیگ پلے آف میں پراعتماد رائل چیلنجرز بنگلور سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، جو کرشماتی کارکردگی کے ساتھ پلے آف تک پہنچی ہے۔ ایک وقت میں، رائلز کا ٹاپ ۲؍ میں ہونا یقینی نظر آرہا تھا لیکن لگاتار۴؍ شکست اورکے کے آر کے خلاف آخری میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہونے سے، وہ سن رائزرس حیدرآباد کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ گئے۔ دوسری طرف آر سی بی سنسنی خیز طور پر پلے آف سے باہر ہونے کی دہلیز پر پہنچنے کے بعد چوتھے مقام پر پہنچ گئی۔ پہلے ۸؍ میں سے ۷؍ میچ ہارنے کے بعد فاف ڈو پلیسس کی ٹیم نے دفاعی چمپئن چنئی سپر کنگز کو شکست دے کر پلے آف میں جگہ بنا لی۔ 
 جہاں رائلز ۴؍ شکست اور بارش سے متاثرہ ایک میچ کے بعد یہاں پہنچی ہے، آر سی بی نے لگاتار ۶؍ کامیابی حاصل کرکے اپنے حریف کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ ۲۰۰۸ء میں آئی پی ایل کے پہلے سیزن کی چمپئن رائلز کو چند ہفتوں قبل ٹائٹل کا سب سے مضبوط دعویدار سمجھا جاتا تھا لیکن گزشتہ ۴؍ میچوں میں ان کی بیٹنگ اور بولنگ کی کمزوریاں کھل کر سامنے آ گئیں۔ 
 جوس بٹلر کی انگلینڈ واپسی سے ان کی بیٹنگ متاثر ہوئی ہے۔ اب یشسوی جیسوال (۳۴۸؍ رن)، کپتان سنجوسیمسن (۵۰۴؍ رن) اور ریان پراگ (۵۳۱؍ رن) کو اضافی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔ سیمسن اور پراگ کے علاوہ انگلینڈ کے ٹام ہولر کیڈمور سے بھی اچھی اننگز کی امید کی جائے گی جو جیسوال کے ساتھ اننگز کا آغاز کر سکتے ہیں۔ شیمرون ہتمائر لوور آرڈر کو مضبوط بنا سکتے ہیں، حالانکہ وہ اس سیزن میں اب تک بلے سے کمال نہیں کر پائے ہیں۔ 
 احمد آباد کا نریندر مودی اسٹیڈیم دیگر میدانوں کی طرح بلے بازوں کیلئے بہترجگہ نہیں ہے، اس لئے یہاں رائلز کے گیند باز کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس گراؤنڈ پر اس سیزن کی۱۲؍ اننگز میں اسکور صرف ۲؍ بار۲۰۰؍رن سے تجاوز کرچکا ہے، جس کا مطلب ہے کہ نظم و ضبط کے ساتھ گیند بازی کرنے والی ٹیم کا ہاتھ اوپر ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب آر سی بی کے وراٹ کوہلی نے اس سیزن میں ۱۴؍ میچوں میں ۷۰۸؍ رن بنائے ہیں اور وہ ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں۔ کپتان فاف ڈو پلیسس بھی فارم میں واپس آگئے ہیں جبکہ رجت پاٹیدار نے بھی ۵؍ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ انگلینڈ کے ول جیکس کے جانے سے آر سی بی پر کوئی اثر نہیں پڑا کیونکہ دنیش کارتک نچلے آرڈر پر۱۹۵؍ سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنا رہے ہیں۔ آخری میچ میں یش دیال نے چنئی سپر کنگز کے مہندر سنگھ دھونی اور رویندر جڈیجا کے خلاف شاندار آخری اوور کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنا ر کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK