• Mon, 30 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سن رائزرس اورسپرجائنٹس کی پلے آف پر نظر

Updated: May 08, 2024, 11:29 AM IST | Agency | Hyderabad

آئی پی ایل میں آج حیدرآباد کی ٹیم لکھنؤ کی میزبانی کرے گی۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت لےجانے کیلئے بیقرار۔

Hyderabad batsman Travis Head with his partner. Photo: INN
حیدرآباد کے بلے باز ٹریوس ہیڈ اپنے ساتھی کے ساتھ ۔ تصویر : آئی این این

 اپنے بلے بازوں کی خراب کارکردگی سے ابھرتے ہوئے سن رائزرس حیدرآباد بدھ کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف آئی پی ایل میچ میں کامیابی حاصل کرکے پلے آف کیلئے اپنے دعوے کو مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے ۱۱؍ میچوں میں ۱۲؍ پوائنٹس ہیں۔ سن رائزرس کا نیٹ رن ریٹ (۰ء۰۶۵- ) لکھنؤ (۰ء۳۷۱- ) سے بہتر ہے۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (۱۶)، راجستھان رائلز (۱۶) اور چنئی سپر کنگز (۱۲) پوائنٹس ٹیبل میں ان سے اوپر ہیں۔ سن رائزرس اور لکھنؤ کے درمیان جو بھی جیتے گا وہ پلے آف کی دوڑ میں ایک قدم آگے ہوگا۔ 
 پیٹ کمنس کی کپتانی والی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن گزشتہ چند میچوں میں اس کی جیت کی مہم رک گئی ہے۔ سن رائزرس کو گزشتہ ۴؍ میچوں میں سے ۳؍ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ ان کے حملہ آور بلے باز ناکام رہے ہیں۔ ممبئی انڈینس کے خلاف آخری میچ میں بڑا اسکور نہ بنانے کی وجہ سے اسے ۷؍ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
 ٹریوس ہیڈ کو چھوڑ کر باقی بلے باز گزشتہ چند میچوں میں خراب فارم میں رہے ہیں۔ نوجوان ابھیشیک شرما گزشتہ ۴؍ میچوں میں ۳۰؍ رن سے آگے نہیں جا سکے ہیں۔ سن رائزرس کے ہیڈ کوچ ڈینیل ویٹوری نے اعتراف کیا کہ ذمہ داری ہر بار اوپنرس پر نہیں چھوڑی جا سکتی، مڈل آرڈر کو بھی ذمہ داری سنبھالنی ہوگی۔ ہینرک کلاسن مسلسل کھیلنے میں ناکام رہے ہیں اور نتیش ریڈی نے بھی پیچ میں اچھی کارکردگی پیش کی ہے۔ ٹریوس ہیڈ نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار بلے بازی کی ہے اور وہ ٹیم کے ٹاپ اسکورر ہیں۔ 
 ٹی نٹراجن نے اچھی گیند بازی کی ہے جبکہ تجربہ کار بھونیشور کمار نے بھی اپنے فارم پایا ہے۔ دوسری طرف لکھنؤ سپر جائنٹس نے ایکانا اسٹیڈیم میں کولکاتا کے خلاف مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پہلی بار ۲۰۰؍ سے زیادہ رن دینے کے بعد۱۳۷؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان کے ایل راہل ناکام رہے جبکہ مارکس اسٹوئنس اور نکولس پوران بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ آیوش بدونی کی اس آئی پی ایل میں کارکردگی اوسط رہی ہے اور وہ اپنی افادیت ثابت کرنا چاہیں گے۔ 
 بولنگ میں فاسٹ بولر مینک یادو آئی پی ایل سے باہر ہو گئے ہیں جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محسن خان بھی زخمی ہو گئے ہیں۔ اس کی ذمہ داری افغانستان کے فاسٹ بولر نوین الحق، نوجوان یش ٹھاکر، اسٹوئنس اور اسپنرس کرونال پانڈیا اور روی بشنوئی پر ہوگی۔ 
 سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم: پیٹ کمنس (کپتان)، ابھیشیک شرما، ٹریوس ہیڈ، ہینرک کلاسن (وکٹ کیپر)، ایڈن مارکرم، عبدالصمد، نتیش ریڈی، شہباز احمد، بھونیشور کمار، جے دیو انادکٹ، ٹی نٹراجن، مینک مارکنڈے، عمران ملک، انمولپریت سنگھ، گلن سنگھ، راہل ترپاٹھی، واشنگٹن سندر، اپیندر یادو، جھٹ وید سبرامنیم، سنویر سنگھ، وجے کانت ویاس کانت، فضل حق فاروقی، مارکو جانسن، آکاش مہاراج سنگھ اور مینک اگروال۔ 
 لکھنؤ سپر جائنٹس ٹیم: کے ایل راہل (کپتان)، کوئنٹن ڈی کاک، نکولس پوران، آیوش بدونی، کائل میئرس، مارکس اسٹوئنس، دیپک ہڈا، دیودت پڈیکل، روی بشنوئی، نوین الحق، کرونال پانڈیا، یودھویر سنگھ، پریرک مانکڈ، یش ٹھاکر، امیت مشرا، شمر جوزف، مینک یادو، محسن خان، کے گوتم، شیوم ماوی، ارشین کلکرنی، ایم سدھارتھ، ایشٹن ٹرنر، میٹ ہنری، محمد ارشد خان۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK