• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج راجستھان رائلس اور سن رائزرس حیدرآباد کا ’فائنل‘ امتحان

Updated: May 24, 2024, 9:09 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

دوسرے کوالیفائر میں حیدرآباد اور راجستھان کے درمیان چنئی میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ متوقع ، فاتح ٹیم فائنل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز سے ٹکرائے گی۔

Rajasthan captain Sanju Samson (right) and Hyderabad captain Pat Cummins played important roles in the team`s victory. Photo: INN
راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن(دائیں)اور حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنز ٹیم کی جیت میں اہم رول ادا کرسکے ہیں۔ تصویر : آئی این این

اتوار کو چنئی کے چیپاک میدان پر آئی پی ایل کے فائنل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا مقابلہ کس ٹیم سے ہوگا اس کا فیصلہ جمعہ کو ہوگا۔ جب دوسرے کوالیفائر میں سن رائزرس حیدرآباد اور راجستھان رائلس آمنے سامنے ہوں گے تو یہ آئی پی ایل کے بہترین پاور ہٹرز ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما اور یزویندر سنگھ چہل اور روی چندرن اشون کی تجربہ کار اسپن جوڑی کے درمیان بھی مقابلہ ہوگا۔ 
  ہیڈ اور ابھیشیک کی جوڑی نے جارحانہ بلے بازی کو ایک نئی سطح پر پہنچا دیا ہے۔ ہیڈ نے موجودہ سیزن میں ۱۹۹ء۶۲؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۵۳۳؍رن بنائے ہیں جبکہ ابھیشیک کے نام ۲۰۷ء۰۴؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۴۷۰؍رن ہیں۔ دونوں نے اب تک ۷۲؍ چھکے اور ۹۶؍چوکے لگائے ہیں۔ اس کے علاوہ سن رائزرس حیدرآباد کے پاس ہینرک کلاسن کی شکل میں ایک اور شانداربلے باز ہے جس نے ۳۴؍چھکے لگائے ہیں۔ تاہم چیپاک میں کھیلنا کسی بھی دوسرے گراؤنڈ کے مقابلے میں بالکل مختلف ہوگا کیونکہ یہاں گیند رک کر آتی ہے اور بلے بازوں کیلئےآتے ہی بڑے شاٹس مارنا آسان نہیں ہوتا۔ 
 راجستھان رائلس کے آف اسپنر اشون، جو اس گراؤنڈ میں اپنی زیادہ تر کرکٹ کھیلتے ہیں، یہاں کی پچ سے اچھی طرح واقف ہیں اور ٹورنامنٹ کے آخری مراحل میں ان کے فارم میں بہتری آئی ہے۔ راجستھان کو امید ہو گی کہ ملک کے بہترین لیگ اسپنر چہل کے ساتھ وہ ہیڈ، ابھیشیک اور کلاسن کو جلد پویلین بھیجیں گے تاکہ وہ میچ کو کنٹرول کر سکیں۔ 
  جہاں تک سن رائزرس حیدرآباد کی گیند بازی کا تعلق ہے تو اس کی ذمہ داری ایک بار پھر ٹی نٹراجن پر ہوگی، جو اس سیزن میں ٹیم کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز ہیں اور اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے حالات کا فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ اس کے علاوہ بھونیشور کمار اور پیٹ کمنز کی تجربہ کار جوڑی کو بھی بہت کچھ کرنا پڑے گا کیونکہ بھونیشور کمار نے گزشتہ ۲؍ میچوں میں کوئی وکٹ نہیں لیا ہے۔ سن رائزرس کا مسئلہ ٹیم میں ۲؍ اچھے اسپنر کی عدم موجودگی بھی ہے۔ مینک مارکنڈے زیادہ موثر نہیں رہے جبکہ شہباز احمد کی مہارت تیز رفتار بلے بازی ہے اور نہ ہی بائیں ہاتھ کی اسپن گیندبازی۔ 
  وہیں راجستھان رائلس کی بات کریں تو بنگلور کے خلاف ٹیم نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لگاتار ۵؍ میچوں میں ملنے والی شکست کے سلسلے کو توڑا ہے۔ ٹاپ آرڈر بلے بازوں نے بلے کے ساتھ کچھ مثبت اشارے دئیے ہیں۔ خاص طور پر یشسوی جیسوال نے اور وہ اگلے ماہ امریکہ میں ہونے والے ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ سے قبل اس فارم کو جاری رکھنے کی کوشش کریں گے۔ 
  تاہم کپتان سنجو سیمسن کو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ وہ گزشتہ ۳؍ میچوں میں ۲۰؍رنوں کا ہندسہ بھی نہیں چھو سکے ہیں۔ دھرو جوریل مڈل آرڈر میں کچھ دباؤ میں ہوں گے، جو اپنے آخری ۲؍ میچوں میں دوہرے ہندسوں تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ ٹیم، ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز شمرون ہیتھ مائر اور رومین پاول پر بھی بھروسہ کرے گی، جنہوں نے آر سی بی کے خلاف پاور ہٹنگ فارم کا مظاہرہ کیا تھا۔ ریان پراگ، جو موجودہ سیزن میں شاندار فارم میں ہیں، رائلس کے سب سے شاندار بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ 
 یہ دونوں ٹیمیں ۲۰۱۳ءمیں پلے آف میں صرف ایک بار آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں راجستھان رائلس نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد راجستھان نے ایلیمینیٹر میچ میں رائلس کو ۴؍ وکٹ سے شکست دی۔ اگر ہم آئی پی ایل کے کُل میچوں کی بات کریں تو دونوں ٹیموں کے درمیان برابری مقابلہ ہے۔ دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ۱۹؍مرتبہ آمنے سامنے ہوئی ہیں، جن میں سے حیدرآباد نے ۱۰؍مرتبہ اور راجستھان نے ۹؍ مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ آج ہونے والے مقابلے کو جیتنے کے لئے دونوں ہی ٹیمیں ایڑی چوٹی کا زور لگادیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK