Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل: راجستھان اور لکھنؤ میں سخت مقابلہ متوقع

Updated: April 19, 2025, 10:18 AM IST | Agency | Jaipur

راجستھان رائلز اس سیزن میں جدوجہد کررہا ہےاور لکھنؤ کیخلاف اسے یقینی جیت چاہئے۔

Lucknow Supergiants batsmen busy in practice. Photo: INN
لکھنؤ سپرجائنٹس کے بلے باز مشق میں مصروف۔ تصویر: آئی این این

مستقل مزاجی تلاش کرنے کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے، راجستھان رائلز سنیچر کو یہاں انڈین پریمیر لیگ کے ایک میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنے ۳؍ میچوں کے ہارنے کےسلسلے کو ختم کرنے کی کوشش کرے گی۔ رائلز ۷؍ میچوں میں صرف ۲؍ کامیابی ہی حاصل کرسکی ہے۔ آخری میچ میں اسے دہلی کیپٹلس نے سپر اوور میں شکست دی تھی۔
 رائلز کو اب اس شکست کو بھولنا ہوگا اور رشبھ پنت کی کپتانی والی لکھنؤ کی ٹیم پر جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں اپنی پوزیشن بہتر کرنی ہوگی۔ بولنگ اور بیٹنگ میں تسلسل کے فقدان سے دوچار رائلز ٹیم اپنے  فارم کو تلاش کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ کپتان سنجو سیمسن پچھلے میچ میں سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے ریٹائرڈ ہو گئے تھے لیکن بعد میں کہا کہ وہ ٹھیک محسوس کر رہے ہیں۔ رائلز کی بیٹنگ اب تک ناکام رہی ہے اور مڈل آرڈر دباؤ میں کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اگرچہ اوپنر یشسوی جیسوال نے رائل چیلنجرز بنگلور اور دہلی کیپٹلس کے خلاف نصف سنچریاں بنا کر فارم میں واپسی کے آثار دکھائے ہیں، لیکن یہ دیکھنا باقی ہے کہ وہ اس رفتار کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔ پہلے میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف ۶۶؍ رن بنانے کے بعد سے سیمسن کا بلہ بھی خاموش ہے۔ ان کے  اور جیسوال  کے  فارم پر بہت کچھ منحصر ہوگا۔
 راجستھان رائلز کے بلے بازوں کو شاردُل ٹھاکر، اویس خان، دگویش راٹھی اور روی بشنوئی جیسے اچھے گیند بازوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ریان پراگ اور دھرو جریل بھی قابل ذکر کردار ادا نہیں کر سکے۔ نتیش رانا نے گزشتہ میچ میں ۵۱؍ رن بنائے تھے اور ٹیم ان سے اس رفتار کو برقرار رکھنے کی توقع رکھے گی۔ بولنگ میں جوفرا آرچر فارم میں واپس آرہے ہیں لیکن سندیپ شرما کے علاوہ باقی گیند باز مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔
 دوسری جانب آخری میچ میں چنئی سپر کنگز سے ہارنے کے باوجود لکھنؤ بہتر پوزیشن میں ہے۔ ٹیم ۷؍ میں سے ۴؍ میچ جیت کر پانچویں نمبر پر ہے۔ لکھنؤ کے بلے باز، خاص طور پر نکولس پورن (۷؍میچوں میں۳۵۷؍ رن) اورمشیل  مارش (۶؍ میچوں میں۲۹۵؍ رن) کا چرچا رہا ہے۔ بلے بازوں کی فہرست میں پورن پہلے اور مارش تیسرے نمبر پر ہیں۔
 جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم نے بھی رن بنائے ہیں حالانکہ ان کے ہم وطن ڈیوڈ ملر ابھی تک کچھ خاص نہیں کر سکے۔ کپتان پنت نے بھی چنئی کے خلاف۴۹؍ گیندوں پر۶۳؍ رن بنا کر اپنا کھاتہ کھولا، لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ شروع میں لکھنؤ کی کمزور کڑی اس کے گیند باز تھے لیکن انہوں نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان کے تیز ترین گیند باز مینک یادو نے ٹیم میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK