• Wed, 22 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کیا کلدیپ یادو اور اکشر، بٹلر کو روک سکیں گے!

Updated: May 07, 2024, 11:12 AM IST | Agency | New Delhi

آج آئی پی ایل میں دہلی کیپٹلس کی راجستھان رائلزسے ٹکر۔ راجستھان اچھے فارم میں ہے اور وہ پلے آف میں پہنچنے کے قریب ہے۔

Rajasthan batsman Jos Buttler. Photo: INN
راجستھان کے بلے باز جوس بٹلر۔ تصویر : آئی این این

آئی پی ایل۲۰۲۴ء کے ۵۶؍ ویں میچ میں دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کا مقابلہ راجستھان رائلز(آر آر) سے ان کے ہوم گراؤنڈ پر ہوگا۔ جبکہ راجستھان رائلز ۱۰؍میں سے ۸؍ میچ جیت کر پلے آف میں جگہ بنانے کے قریب ہے، ڈی سی ۱۱؍میں سے صرف ۵؍ میچ جیتنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل کے بیچ میں جدوجہد کر رہا ہے اور اسے اپنے امکانات برقرار رکھنے کیلئے اپنے تمام میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔ 
 دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک ۲۸؍ میچوں میں ہوئے ہیں۔ راجستھان ۱۳۔ ۱۵؍ کے قریبی فرق سے آگے ہے، حالانکہ دہلی کی ٹیم کوٹلہ گراؤنڈ میں ۸؍ میچوں میں ۳۔ ۵؍ سے آگے ہے۔ آئیے اس مقابلے کے کچھ اہم اعدادوشمار اور میچ اپس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ 
ڈی سی بولرس کیلئے بٹلر کو روکنا مشکل ہے 
آئی پی ایل۲۰۲۴ء میں ۲؍ سنچریاں بنانے والے جوس بٹلر کو روکنے کیلئے ڈی سی گیند بازوں کو سخت محنت کرنی پڑ سکتی ہے۔ صرف اکشر پٹیل کو چھوڑ کر، بٹلر ہر ڈی سی بولر پر تقریباً۱۴۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ پر رن بناتے ہوئے نظرآئیں گے۔ کلدیپ یادو نے بھلے ہی ۹؍ اننگز میں بٹلر کو ۳؍ بار آؤٹ کیا ہو، لیکن وہ ۱۳۸؍ کے اسٹرائیک ریٹ پر ان کے سامنے رن بناتے ہیں۔ 
  اکشر، بٹلر کو ۱۲۸؍ کے اسٹرائیک ریٹ تک محدود رکھتے ہیں، لیکن وہ۱۰؍ اننگز میں کبھی بھی بٹلر کو آؤٹ نہیں کرسکے۔ نورتجے نے بھلے ہی بٹلر کو دو بار آؤٹ کیا ہو لیکن بٹلر نے۱۷۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ اور ۵۰؍ کے اوسط سے رن بنائے ہیں۔ خلیل احمد اور مکیش کمار بھی ایک ایک بار بٹلر کو آؤٹ کر چکے ہیں لیکن ان کے خلاف بھی بٹلر کا اسٹرائیک ریٹ۱۴۰؍ کے قریب ہے۔ 
اشون کی نظریں وارنر کی واپسی پر ہیں 
 یہ آئی پی ایل ڈیوڈ وارنر کیلئے اتار چڑھاؤ سے بھرا ہوا ہے۔ پہلے ۳؍ میچوں میں اچھا کھیلنے کے بعد ان کے فارم میں کمی آئی اور وہ انگلی کی چوٹ کی وجہ سے چند میچوں سے باہر ہو گئے۔ ڈی سی کی جانب سے دیئے گئے میڈیکل اپ ڈیٹ کے مطابق وارنر کے اس میچ میں مکمل فٹ ہونے اور میدان پر اترنے کا امکان ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو آپ آر اشون کو پاور پلے میں بھی بولنگ کرتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں۔ اشون نے ٹی ۲۰؍ میچوں میں وارنر کو ۵؍بار آؤٹ کیا ہے، جبکہ وارنر اشون کے خلاف صرف ۱۲۲؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنانے میں کامیاب ہیں۔ اشون کے علاوہ وارنر بھی آر آر کی تیز گیند بازی سے پریشان ہیں۔ ٹرینٹ بولٹ نے انہیں ۳؍ بار آؤٹ کیا جبکہ اویس خان (۳؍ اننگز میں ) اور سندیپ شرما نے انہیں ۲۔ ۲؍ بار آؤٹ کیا۔ ان میں سے کسی کے خلاف وارنر کا اسٹرائیک ریٹ ۱۲۰؍ سے اوپر نہیں ہے۔ یزویندر چہل نے بھی وارنر کو دو بار آؤٹ کیا، حالانکہ وارنر نے چہل پر ۱۶۳؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے۔ مجموعی طور پر، یہاں تک کہ اگر وارنر واپسی کرتے ہیں، تب بھی ان کی خوش کن واپسی کے امکانات بہت کم ہوں گے۔ 
بولٹ آر آر کے اہم گیند باز ہوں گے
  راجستھان کے پاس اشون اور چہل کی اسپن جوڑی ہے، لیکن میچ کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ بولٹ آر آر کے اہم گیند باز ہوں گے۔ انہوں نے اپنی سوئنگ، رفتار اور بائیں ہاتھ کے زاویے سے دہلی کے تقریباً سبھی بلے بازوں کو پریشان کر رکھا ہے۔ وارنر کو ۳؍ بار آؤٹ کرنے کے علاوہ وہ ۷؍ اننگز میں ۴؍ بار اپنے ساتھی بلے باز پرتھوی شا کو بھی آؤٹ کر چکے ہیں جب کہ شا ان کے خلاف صرف۱۰۰؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنانے میں کامیاب ہیں۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے گیندبازبولٹ نے ۶؍ اننگز میں اکشر کو بھی ۳؍ بار آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK