• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آئی ایس ایل سال بہ سال بہتر ہو رہا ہے: سنیل چھیتری

Updated: September 14, 2023, 9:19 AM IST | New Delhi

ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا:آئی ایس ایل اب ملک میں فٹبال کی مقبولیت کو بڑھانے اور ہندوستان میں جگہ بنانے کی کوشش کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں مدد کرے گی

Sunil Chhetri. Photo:INN
ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری۔(تصویر: آئی این این )

ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے بدھ کو کہا کہ انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) اب ملک میں فٹبال کی مقبولیت کو بڑھانے اور ہندوستان میں جگہ بنانے کی کوشش کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں مدد کرے گی۔ یہ آج تک کارآمد ثابت ہوا ہے اور لیگ کی سطح سال بہ سال بہتر ہو رہی ہے۔ بنگلورایف سی کی قیادت کرنے والے چھیتری نے فٹبال کے معیار میں بہتری پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ ہندوستانی قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کرنے والے نوجوانوں کے لیے ایک تحریک ہے۔ انہوں نے سندیش جھنگن کی مثال دی جس نے آئی ایس ایل میں کھیل کر اپنی سطح کو بہتر کیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ہر سال بہتر کھلاڑیوں کی آمد سے لیگ کی سطح بہتر ہو رہی ہے۔ سندیش جھنگن اس کی ایک مثال ہے۔ ایک نوجوان کے طور پر اس نے کورو، بارتھ اوگبیچے اور میکو جیسے کھلاڑیوں کے خلاف کھیل کر بہتری لائی۔‘‘ہندوستانی کپتان کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے حیدرآباد ایف سی کے محافظ چنگلینسانا سنگھ نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو بہتر بنایا ہے۔میرے خیال میں آئی ایس ایل نے پچھلے۱۰؍ سالوں میں بہت اچھا کام کیا ہے۔جب آئی ایس ایل وجود میں آئی تو بہت سے غیر ملکی کھلاڑی آئے اور ہندوستانی کھلاڑیوں نے بڑے پیمانے پر ترقی کی۔ ہم جن کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں ان کا معیار ملکی کھلاڑیوں کو ایمانداری سے مدد کرتا ہے اور آپ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
بنگلور ایف سی کے ہیڈ کوچ سائمن گریسن نے کہا’’اگر آپ کو لگتا ہے کہ آپ ٹائٹل نہیں جیت سکتے تو ٹورنامنٹ میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ ہم نے مقابلہ کی سطح کے لحاظ سے آئی ایس ایل میں بہترین ہونے کے اپنے عزائم طے کیے ہیں۔ ہمارے پاس باصلاحیت نوجوانوں کا ایک گروپ ہے اور انہوں نے اس سال ہماری کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔ آئی ایس ایل کے دسویں سیزن کا آغاز۲۱؍ ستمبر کو ہوگا جب بنگلور ایف سی کا مقابلہ کوچی میں کیرالہ بلاسٹرز ایف سی سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK