نیوزی لینڈ کے گیند باز نے آئی سی سی مردوں کی ٹی ۲۰؍ گیندبازی درجہ بندی میں سر فہرست مقام حاصل کر لیا ہے
EPAPER
Updated: April 02, 2025, 10:16 PM IST | Dubai
نیوزی لینڈ کے گیند باز نے آئی سی سی مردوں کی ٹی ۲۰؍ گیندبازی درجہ بندی میں سر فہرست مقام حاصل کر لیا ہے
ویلنگٹن میں پاکستان کے خلاف آخری میچ میں اپنی ٹیم کی شاندار فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز جیکب ڈفی نے آئی سی سی مردوں کی ٹی ۲۰؍ گیندبازی درجہ بندی میں سر فہرست مقام حاصل کر لیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے ڈفی نے ویسٹ انڈیز کے اسپنر عقیل حسین کو سر فہرست مقام سے ہٹا کر یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔ ڈفی نے پچھلے ہفتے سات پوزیشن کی چھلانگ لگائی تھی اور ایڈم زمپا کے ساتھ مشترکہ طور پر ۵؍ویں مقام پر پہنچے تھے اور اس ہفتے انہوں نے حسین کے علاوہ ونندو ہسرنگا، عادل راشد اور ورون چکرورتی کو پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے۱۸؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ حاصل کئے، جن میں اوپننگ بلے باز حسن نواز اور تیسرے نمبر کے بلے باز عمر یوسف کے وکٹ بھی شامل تھے۔ بین سیئرس بھی گیند بازوں کی فہرست میں ۲۱؍ پوزیشن اوپر چڑھ کر۴۶؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ٹم سیفرٹ نے۳۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکے اور۱۰؍ چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۹۷؍ رن کی اننگز کھیل کر بلے بازوں کی فہرست میں اپنے کریئر کی بہترین ۸؍ویں رینکنگ حاصل کی ہے۔ ان کے اوپننگ پارٹنر فِن ایلن ایک پوزیشن اوپر چڑھ کر۱۵؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر سفیان مقیم ۲۵؍ درجے بہتری کے ساتھ ۸۶؍ ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس درجہ بندی میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان نیپیئر میں کھیلا جانے والا پہلا ون ڈے بھی شامل ہے جو گھریلوٹیم نے۷۳؍ رن سے جیتا تھا۔ مارک چیپ مین نے۱۱۱؍ گیندوں پر ۱۳؍ چوکوں اور ۶؍ چھکوں کی مدد سے۱۳۲؍ رن کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس کی وجہ سے وہ۲۴؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۷۸؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ دریں اثناء پاکستانی بلے باز سلمان آغا۵۸؍رن کی اننگز کے بعد ۶؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۳۷؍ ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے تیزگیندباز حارث رؤف۳۸؍ رن کے عوض۲؍ وکٹ لے کر۹؍ درجے بہتری کے بعد۱۶؍ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔