• Sun, 29 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کبڈی لیگ میں جے پور کی گجرات پر فتح

Updated: November 16, 2024, 10:02 PM IST | Noida

جے پور پنک پینتھرس نے گجرات جائنٹس کو۸؍ پوائنٹس سے شکست دی، ٹیبل پر ۲؍ مقام چھلانگ لگائی

Kabaddi`s Match Image.Photo:INN
کبڈی کے میچ کی تصویر۔(تصویر:آئی این این)

 جے پور پنک پینتھرس نے جمعہ کو نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے پرو کبڈی لیگ کے۱۱؍ ویں سیزن کے۵۶؍ ویں میچ میں گجرات جائنٹس کو۲۴۔۳۲؍ کے فرق سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر۲؍ مقام کی چھلانگ لگا دی ہے۔ جے پور کی ۹؍ میچوں میں یہ ۵؍ویں جیت ہے جبکہ گجرات کو۱۰؍ میچوں میں ۸؍ویں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
۲۸؍ویں منٹ تک میچ۱۵۔۱۵؍ سے برابر تھا۔ اس کے بعد جے پور نے لگاتار ۳؍ پوائنٹس حاصل کر کے رفتار حاصل کی اور پھر پہلی بار گجرات کو آل آؤٹ کرکے ۹؍ پوائنٹس کی برتری حاصل ہوئی۔ یہاں سے جے پور نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور جیت کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئی۔ ارجن دیسوال (۹ ) نے ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچانے میں سب سے زیادہ چمک دکھائی۔ گجرات کی ٹیم کیلئے، گمان سنگھ ایک بار پھر۱۲؍پوائنٹس کے ساتھ چمکے لیکن وہ باقی کی حمایت حاصل نہیں کر سکے۔ دوسری طرف، نیرج (۶) اور رضا میرباگھری (۴) نے دفاع میں جے پور کو اچھی مدد فراہم کی۔
 ایک اور میچ میں ایان، دیوانک اور سندیپ جیسے ریڈرس کی شاندار کارکردگی کی بدولت پٹنہ پائریٹس نے نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پرو کبڈی لیگ کے۱۱؍ویں سیزن کے ۵۵؍ویں میچ میں بنگال واریئرس کو ۳۱۔۵۲؍ کے اسکور سے شکست دے کر  پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ بنگال کو۹؍ میچوں میں چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پٹنہ کیلئے  دیوانک نے۱۵؍ پوائنٹس، آیان نے ۱۱؍ اور سندیپ نے ۸؍ پوائنٹس اسکور کئے۔ دیپک نے دفاع سے ہائی ۵؍ لگایا۔ دوسری جانب بنگال کیلئے  نتن نے۱۱؍پوائنٹس بنائے جبکہ سشیل نے ۴؍ پوائنٹس اسکور کئے۔ ہیمراج نے ۲؍ سپر ٹیکلس سے متاثر کیا لیکن منیندر (۲) نے مایوس کیا۔ پٹنہ نے اچھی شروعات کی اور۱۰؍ منٹ میں۵۔۹؍ کی برتری حاصل کی۔ ایک موقع پر اس نے۱۔۶؍ کی برتری حاصل کر لی تھی اور پھر ایان نے  ملٹی پوائنٹ ریڈ کے ساتھ بنگال کو آل آؤٹ کی طرف دھکیل دیا۔ اس دوران اس نے دو بار منیندر کو پکڑا  تاہم  ہیمراج نے ۲؍ کے دفاع میں آیان کا شکار کرکے بنگال کو ۲؍ پوائنٹس  دیئے اور پھر نتن نے آل آؤٹ کو ٹال دیا۔  
وقفے کے بعد بنگال نے  ایک کے مقابلے میں ۳؍ پوائنٹس لے کر فرق بڑھا کر۱۱؍ کر دیا۔ اس کے بعد پٹنہ کے دفاع نے منیندر کا شکار کیا۔ دریں اثنا، آیان نے نتیش کو آؤٹ کرکے بنگال کو ایک بار پھر سپر ٹیکل کی صورتحال میں لایا۔ اسی دوران دیپک نے ہائی۵؍مکمل کیا۔ ایان نے اگلے حملے میں بنگال کو آل آؤٹ کرکے اپنی فتح پر مہر ثبت کی اور ۲۸۔۴۶؍کی برتری حاصل کی۔ ایان نے اس کے ساتھ اپنا سپر ۱۰؍ مکمل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK