اٹلی کے کھلاڑی نے فائنل میں ڈینیل میدویدیف کو ۵؍سیٹوں میں شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ کیا
EPAPER
Updated: January 28, 2024, 10:02 PM IST | Melbourne
اٹلی کے کھلاڑی نے فائنل میں ڈینیل میدویدیف کو ۵؍سیٹوں میں شکست دے کر ٹرافی پر قبضہ کیا
اٹلی کے نوجوان ٹینس کھلاڑی یانک سنر نے اتوار کو آسٹریلین اوپن میں مردوں کے سنگلز فائنل میں روس کے ڈینیل میدویدیف کو شکست دے کر اپنا پہلا گرینڈ سلیم خطاب جیت لیا۔ اتوار کو پہلے ۲؍ سیٹوں میں پیچھے رہنے کے بعد سنر نے میدویدیف پر مسلسل ۳؍ سیٹ جیت کر۶۔۳ ،۶۔۳، ۴۔۶، ۴۔۶، ۳۔۶؍ میچ جیت لیا۔پہلے سیٹ میں میدویدیف نے سنر کو۳۔۶؍ کے فرق سے شکست دی۔ میدویدیف نے دوسرے سیٹ میں بھی طوفانی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے سنر کو واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا اور یہ سیٹ۳۔۶؍ سے جیت لیا۔ اس طرح وہ میچ میں۰۔۲؍ سے آگے ہو گئے۔ سنر نے واپسی کرتے ہوئے تیسرا سیٹ۴۔۶؍ سے اور چوتھا سیٹ بھی۴۔۶؍ کے فرق سے جیت لیا۔ انہوں نے تیسرا سیٹ۳۔۶؍ سے جیت کر میچ جیت لیا۔ اپنی خطابی جیت کے ساتھ سنر آسٹریلین اوپن میں مردوں کے سنگلز کا فائنل جیتنے والے پہلے اطالوی کھلاڑی بن گئے ہیں۔ سنر نے پہلی بار کوئی گرینڈ سلیم فائنل کھیلا۔ اس سے قبل سنر صرف۲۰۲۰ء میں فرنچ اوپن کے کوارٹر فائنل،۲۰۲۳ء میں ومبلڈن کے سیمی فائنل اور۲۰۲۲ء میں یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔ڈینیل میدویدیف اپنے کریئر میں تیسری بار آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ہار گئے۔ ۲۲؍ سال اور۱۶۵؍ دن کی عمر میں یانک سنر۲۰۰۸ء کے بعد آسٹریلین اوپن مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔۲۰۰۸ء میں جوکووچ نے ۲۰؍ سال۲۵۰؍ دن کی عمر میں خطاب جیتا تھا۔گرینڈ سلیم جیتنے والے تیسرے اطالوی یانک سنر آسٹریلین اوپن جیتنے والے پہلے اطالوی کھلاڑی کے ساتھ ساتھ گرینڈ سلیم جیتنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ نکولا پیٹرنجیلی نے اس سے قبل۱۹۵۹ء اور۱۹۶۰ء میں رولاں گیرو کا ٹائٹل (فرنچ اوپن) جیتا تھا۔ اس سال کے آسٹریلین اوپن کی کل انعامی رقم۴۸۱؍ کروڑ روپے ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال انعامی رقم میں۱۳؍ فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلوں کے فاتح کو تقریباً۱۷ء۵۰؍ کروڑ روپے ملیں گے جبکہ فائنل کے رنر اپ۹ء۵؍ کروڑ روپے ملے گا۔