Updated: December 29, 2024, 4:29 PM IST
| Melbourne
میلبورن اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے دورے کے چوتھے دن آسٹریلوی ٹیم کے خطرناک بلے باز ٹریوس ہیڈ کی وکٹ لے کر جسپریت بمراہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی ڈبل سنچری مکمل کر لی۔ جسپریت بمراہ اب ٹیسٹ کرکٹ میں ۲۰۰؍ وکٹیں لینے والے ہندوستان کے چھٹے تیز گیند باز بن گئے ہیں۔
جسپریت بمراہ۔ تصویر: آئی این این۔
جسپریت بمراہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی باؤلنگ سے لگاتار ایک کے بعد ایک نئے ریکارڈ بنا رہے ہیں، جس میں اب انہوں نے بارڈر-گاوسکر ٹرافی ۲۰۲۴ء- ۲۵ء کے چوتھے ٹیسٹ میں ۲۰۰؍ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کر لی ہیں۔ میلبورن اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے دورے کے چوتھے دن آسٹریلوی ٹیم کے خطرناک بلے باز ٹریوس ہیڈ کی وکٹ لے کر انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹوں کی ڈبل سنچری بھی مکمل کر لی۔ اس کے ساتھ بمراہ نے کئی نئے ریکارڈ بھی بنائے ہیں۔ جسپریت بمراہ اب ٹیسٹ کرکٹ میں ۲۰۰؍ وکٹیں لینے والے ہندوستان کے چھٹے تیز گیند باز بن گئے ہیں۔
تیز ترین ۲۰۰؍وکٹیں لینے والے ہندوستانی تیز گیند باز
سابق لیجنڈ کپل دیو تیز ترین ۲۰۰؍وکٹیں لینے والے ہندوستانی فاسٹ بالر تھے۔ انہوں نے ۱۹۸۳ءمیں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے خلاف اپنے۵۰؍ویں ٹیسٹ میچ میں ۲۰۰؍ وکٹیں حاصل کی تھیں ۔ بمراہ نے کپل دیو کا یہ بڑا ریکارڈ توڑ دیا ہےاور وہ اب سب سے تیز ۲۰۰؍ وکٹیں لینے والے ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ ۴۴؍ویں ٹیسٹ میں انجام دیا۔
ہندوستان کیلئے ۲۰۰؍ یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے تیز گیند باز !
بمراہ کے علاوہ کپل (۴۳۴)، ایشانت شرما (۳۱۱)، ظہیر خان (۳۱۱)، جواگل سری ناتھ (۲۳۶) اور محمدسمیع(۲۲۹) ہی ایسے دوسرے ہندوستانی تیز گیند باز ہیں جنہوں نےٹیسٹ کرکٹ میں ۲۰۰؍یا اس سے زیادہ وکٹیں اپنے نام کی ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ سابق تجربہ کار اسپنر انیل کمبلے کے نام ہے۔ اپنے کریئر میں انہوں نے۱۳۲؍ ٹیسٹ میچوں میں ۲۹ء۶۵؍کی اوسط سے ۶۱۹؍ وکٹیں حاصل کیں۔
بمراہ نےتاریخ رقم کی
بمراہ نے بارڈر گواسکر ٹرافی کی اس سیریز میں تاریخ رقم کی ہے۔ بمراہ بارڈر-گاوسکر ٹرافی کی ایک سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔ اس سیریز میں اب تک ان کے نام۲۹؍ وکٹیں ہیں۔ انہوں نے بین ہلفن ہاس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جنہوں نے ۲۰۱۱ء کی سیریز میں ۲۷؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ بریٹ لی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس سابق تجربہ کار تیز گیند باز نے۲۰۰۷ء بارڈر گواسکر ٹرافی میں ۲۴؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔