سابق کپتان کا زوردار بائونسر، بی سی سی آئی اورجے شاہ کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت سے باز رہیں
EPAPER
Updated: November 14, 2023, 10:34 AM IST | Colombo
سابق کپتان کا زوردار بائونسر، بی سی سی آئی اورجے شاہ کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت سے باز رہیں
سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ارجن راناتنگانے ہندوستانی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ پر سنگین الزامات عائد کئے ہیں۔ راناتنگا نے کہا کہ جے شاہ کا سری لنکا کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں پر کافی اثر و رسوخ ہے جس کا استعمال کرکے وہ سری لنکن کرکٹ کو تباہ کررہے ہیں۔ انہوں نے جے شاہ پر الزام لگایا کہ ان کی ملی بھگت کی وجہ سے ہی سری لنکن کرکٹ کا برا حال ہے۔ یاد رہے کہ سری لنکا کی ٹیم ہندوستان میں جاری ون ڈے ورلڈ کپ میں ۹؍لیگ میچوں میں سے ۷؍ ہارگئی اور ۹؍ ویں نمبر پر ہے۔ اس کی وجہ سے سری لنکا سیمی فائنل تک نہیں پہنچا اور ۲۰۲۵ء کی چمپئن ٹرافی کے لئے کوالیفائی کرنے میں بھی ناکام رہا ۔ سری لنکا کو۱۹۹۶ءمیں ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان رانا تنگا نے کہا – سری لنکا میںکرکٹ اور بورڈ دونوںجے شاہ چلا رہے ہیں۔ جئے شاہ کے دباؤ کی وجہ سے ہمارا کرکٹ بورڈ تباہ ہو رہا ہے۔ ایک ہندوستانی شخص سری لنکن کرکٹ کو برباد کر رہا ہے۔ وہ بھی صرف اس لئےکہ اس کے والد ہندوستان کے وزیر داخلہ ہیں اور کافی اثر و رسوخ والے شخص ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ایشیائی کرکٹ پر صرف ہندوستانی ٹیم کا غلبہ ہو دیگر ممالک کی ٹیمیں یا تو ان کی دست نگر بن کر رہیں یا پھر پوری طرح سے تباہ و برباد ہو جائیں۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ میں سری لنکا کی خراب کارکردگی کے بعد وہاں کے وزیر کھیل روشن رانا سنگھے نے سری لنکا کرکٹ بورڈ کو برخاست کردیا تھا اور ایک عبوری بورڈ بھی تشکیل دیتے ہوئے ارجن رانا تنگا کو عبوری بورڈ کا چیئرمین مقرر کیا تھا لیکن بورڈ نے عدالت سے رجوع کرکے اس فیصلہ پر اسٹے حاصل کرلیا۔ اس کے بعد ہی رانا تنگا کا یہ سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے بی سی سی آئی سے اپیل کی کہ وہ سری لنکائی بورڈ کے معاملات میں مداخلت بند کرے اور ہمیں بہتر ٹیم بنانے دے جو اس خطہ میں کرکٹ کے مستقبل کیلئے بہتر ہو گا۔