• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یووینٹس نے اٹلانٹا کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

Updated: May 21, 2021, 12:59 PM IST | Agency | Paris/Reggio Emilia

تجربہ کار گول کیپر گیانلوگی بفون نے یووینٹس کے لئے اپنے شاندار کریئر کی آخری ٹرافی جیت لی جب ان کی ٹیم نے کوپا اٹالیا فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں اٹلانٹا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دےکر خطاب اپنے نام کر لیا

Juventus players celebrate with a trophy after beating Atlanta 1-2.Picture:INN
یووینٹس کے کھلاڑی اٹلانٹا کےوایک کے مقابلے ۲؍گول سے ہرانے کے بعد ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔۔تصویر :آئی این این

تجربہ کار گول کیپر گیانلوگی بفون نے یووینٹس کے لئے اپنے شاندار کریئر کی آخری ٹرافی جیت لی جب ان کی ٹیم نے کوپا اٹالیا فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں اٹلانٹا کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دےکر خطاب اپنے نام کر لیا۔ایک سال میں پہلی بار شائقین کو جشن منانے کا موقع اسٹیڈیم کے اندر ملا۔یووینٹس نے ۱۴؍ویں مرتبہ خطاب اپنے نام کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ تقریباً ۴؍ہزار ۳۰۰؍ فٹبال شائقین اسٹیڈیم میں اس فائنل مقابلے کو دیکھنے کےلئے موجود تھے۔ اٹلانٹا نے آخری بار ۱۹۶۳ء میں اٹالین کپ کا خطاب جیتا تھا۔گزشتہ ۳؍ فائنل میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ۲۰۱۹ء میں اسے لازیو کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اٹلانٹا کُل ملاکر پانچویں مرتبہ فائنل کھیل رہا تھا اور اسے صرف ایک بار ہی کامیابی حاصل ہوئی۔
 ڈیجن کلوسیوسکی نے کھیل کے پہلے ہاف میں ۳۱؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے یووینٹس کو میچ میں ایک صفر سے آگے کر دیا تھا۔اس کے ۱۰؍ منٹ بعد ہی رسلان مالنوسکی نے باکس کے اندر سے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم اٹلانٹا کو برابری دلا تھی اور مقابلے کو دلچسپ بنا دیا تھا۔پہلے ہاف کے اختتام پر دونوں ٹیمیں ایک ایک گول سے برابری پر تھیں۔دوسرے ہاف میں کھیل کے ۷۳؍ویں منٹ میں فیڈریکو چیسا نے گول کرتے ہوئے یووینٹس کو دو ایک سے آگے کردیا ۔یہ برتری آخر تک برقرار رہی۔کھیل کے ۸۸؍ویں منٹ میں رافیل ٹولائی کو ریڈ کارڈ کی وجہ سے میدان سے باہر جانا پڑا اور بقیہ وقت اٹلانٹا کو ۱۰؍کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑا اور اسی وجہ سے برابری کا گول کرنے میں انہیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
کرسٹیانو رونالڈو کا کارنامہ 
 ۳۶؍سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے  پہلی بار  اٹالین کپ ٹرافی جیتی اور اس کے ساتھ ہی انہوںنے مانچسٹر یونائٹیڈ،ریئل میڈرڈ اور اب یووینٹس کیلئے کھیلتے ہوئےسبھی گھریلو لیگ جیت لی ہیں۔اس خطاب کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو نےاپنے کریئر میں ۳۴؍واں خطاب حاصل کر لیا ہے ۔بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی۳۵؍خطاب کے ساتھ ان سے آگے ہیں۔
بفون نے مداحوں کا شکریہ ادا کیا
 یووینٹس کے اسٹار گول کیپر گیانلوگی بفون کو اٹلانٹا کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلتے ہوئے ٹرافی اٹھانے موقع ملا۔واضح رہے کہ ۴۳؍سالہ گول کیپر نے یووینٹس چھوڑنے کا اعلان کردیا تھا۔میچ کے بعد انہوںنے  کہا کہ ’’ٹرافی جیت کر جانا کافی خوشگوار احساس ہے۔میں اپنی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں ، معاون اسٹاف اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔بڑے دنوں بعد اسٹیڈیم میں شائقین کو دیکھ کر کافی خوشی ہورہی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK