ریئل کی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر برقرار۔ اسٹار فارورڈ کھلاڑی ونیشیس جونیئر زخمی ہوئے۔ بینزیما نے ریئل کیلئے ۳۵۰؍ گول مکمل کئے
EPAPER
Updated: May 01, 2023, 2:13 PM IST | Madrid
ریئل کی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر برقرار۔ اسٹار فارورڈ کھلاڑی ونیشیس جونیئر زخمی ہوئے۔ بینزیما نے ریئل کیلئے ۳۵۰؍ گول مکمل کئے
اسپینش لیگ لالیگا میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے المیریا فٹبال کلب کو ۲۔۴؍ گول سے شکست دے دی۔ اس میچ میں ریئل کی جانب سے کریم بینزیما نے ہیٹ ٹرک کی اور اپنے کلب کیلئے ۳۵۰؍ گول بھی مکمل کرلئے۔ اس میچ میں ریئل کی ٹیم نے میچ کے پورے ۹۰؍منٹ المیریا کی ٹیم کو زیادہ کھیلنے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل گول کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ اس فتح کے بعد ریئل کی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ بارسلونا فٹبال کلب نے اس پر ۱۱؍پوائنٹس کی برتری حاصل کی ہے۔
سنیچر کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے شاندار مظاہرہ کیا اور المیریا کوآغاز ہی سے پیچھے رکھا۔ میچ کے ۵؍ویں منٹ میں کریم بینزیمانے وینشیس جونیئر کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کیا۔ اس کے بعد بینزیما نے ایک اور شاندار گول ۱۷؍ ویں منٹ میںکیا۔ اس بار گول کرنے میں ان کی مدد راڈریگو نے کی جس سے ٹیم کا اسکور ۰۔۲؍ ہوگیا۔ میچ کے فرسٹ ہاف کے اختتام سے قبل ہی کریم بینزیما نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ریئل کو پنالٹی ملی اور فرانس سے تعلق رکھنے والے ریئل کے کھلاڑی نے گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ٹیم کا اسکور ۰۔۳؍ کردیا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں المیریا نے مزاحمت کی ۔ حالانکہ اس نے فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں ایک گول کردیا تھا۔ ایل ونیشیس مارکس نے ایل رمضانی کی مدد سے ایک گول کیاتھا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں ریئل کی جانب سے ایک گول ہوا۔ راڈریگو نے ڈی کیبلوس کی مددسے ٹیم کیلئے چوتھا گول کیا۔ میچ کے ۶۱؍ویں منٹ میں المیریا کی جانب سے بھی ایک اور گول ہوا۔ روبرٹون نے پورٹیلو کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔ میچ کے آخر میں دونوں جانب سے کوئی اور گول نہیں ہوسکا اور ریئل نے یہ میچ ۲۔۴؍ گول سے جیت لیا۔
اس وقت پوائنٹ ٹیبل میں بارسلونا فٹبال کلب اچھی پوزیشن میںہے۔ ریئل نے میچ میں کامیابی کے بعددوسری پوزیشن محفوظ رکھی ہے۔ ریئل میڈرڈ کے ۳۲؍میچوں میں ۶۸؍پوائنٹس ہیں جبکہ بارسلونا فٹبال کلب کیلئے اتنے ہی میچو ںمیں ۷۹؍پوائنٹس ہیں۔ آخرالذکر ٹیم نے ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ تیسری پوزیشن ایٹلیٹیکو میڈرڈ فٹبال کلب کی ٹیم ہے جس کے ۳۱؍ میچوں میں ۶۳؍ پوائنٹس ہیں۔ اس میچ میں ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی ونیشیس جونیئر زخمی ہو گئے تھے جس کی وجہ سے ان کا اگلے میچوں میں کھیلنا مشکل ہے۔ ریئل میڈرڈ کو چمپئن لیگ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب سے سیمی فائنل میں کھیلنا ہے۔ کوپاڈیل رے کے فائنل میں ریئل میڈرڈ کو اگلے ہفتے اوساسونا سے مقابلہ کرناہے ۔ میچ کے بعد ریئل کے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے کہاکہ جونیئر اچھی حالت ہے اور اس کی چوٹ سنگین نہیں ہے ۔