• Mon, 20 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

کرناٹک وجے ہزارے ٹرافی کا چمپئن

Updated: January 20, 2025, 5:07 PM IST | Vadodara

ٹورنامنٹ کے فائنل میں کرناٹک نے ۳۶؍رن سے کامیابی حاصل کی۔ روی چندرن کی سنچری۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

مڈل آرڈر کی شانداربلے بازی اور گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت کرناٹک نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ودربھ کو ۳۶؍ رن سے شکست دے کر ۵؍ویں بار وجے ہزارے ٹرافی پر قبضہ کرلیا۔ کوٹامبی اسٹیڈیم میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کرناٹک نے ۶؍ وکٹ پر۳۴۸؍ رن بنائے جس کے جواب میں ودربھ کی پوری ٹیم ۴۸ء۲؍ اوور میں ۳۱۲؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 
کرناٹک کی جیت میں مڈل آرڈر کے بلے باز روی چندرن اسمرن (۱۰۱) کے علاوہ کرشنن سری جیت (۷۸؍رن) اور ابھینو منوہر(۷۹؍ رن) کا تعاون اہم رہا، جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے نہ صرف اپنی ٹیم کو سنبھالا بلکہ ایک چیلنجنگ اسکور کھڑا کرنے میں مدد کی۔ جواب میں دھرو شوری (۱۱۰؍رن ) اور ہرش دوبے (۶۳؍ رن) نے ہدف تک پہنچنے کی پوری کوشش کی لیکن واسوکی کوشک (۴۷؍رن کے عوض ۳؍ وکٹ)، ابھیلاش شیٹی (۵۸؍ رن پر۳؍ وکٹ) اور پرسدھ کرشنا(۸۴؍ رن پر ۳؍ وکٹ) کی گیندبازی کے دباؤ میں بکھری ودربھ کی ٹیم کو آخر کار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ 
خیال رہے کہ کرناٹک کی ٹیم اس سے قبل ۲۰۱۴ء، ۲۰۱۵ء، ۲۰۱۸ء اور۲۰۲۰ء میں وجے ہزارے ٹرافی جیت چکا ہے، جب کہ ودربھ کا یہ پہلی بار ٹرافی جیتنے کا موقع تھا۔ 
ودربھ کو جیت کے لیے فی اوور میں تقریباً ۷؍ رن بنانے تھے اور شوری کے۴۰؍ویں اوور تک کریز پر ہونے کی وجہ سے یہ ہدف ممکن نظر آ رہا تھا، لیکن اگلے ہی اوور میں ابھیلاش شیٹی نے سنچری اسکور کرنے والے شوری کو آؤٹ کر کے ودربھ کی امیدوں کو بڑا جھٹکا دیا۔ تاہم، نچلے آرڈر میں، ہرش نے۲۰۰؍ سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے چوکوں اور چھکوں کی برسات کر دی لیکن تب تک جیت ودربھ کے ہاتھوں سے دور نکل چکی تھی۔ 
اس سے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ ابتدائی اوورس میں ودربھ کے لیے بہتر نظر آیا جب کپتان مینک اگروال (۳۲؍رن)، دیو دت پڈیکل (۸؍ رن) اور کے وی انیس (۲۳؍رن) کے وکٹ ۶۷؍ رن پر گرچکے تھے لیکن کرناٹک کے مڈل آرڈر کی باری تھی اور اس کسوٹی پر وہ کھرے اترے۔ روی چندرن نے پہلے سری جیت کے ساتھ ۱۶۰؍رن کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالا اور بعد میں ابھینو منوہر کے ساتھ مل کر۱۰۶؍ رن کی ایک اور شراکت بنا کر ودربھ کو ایک مضبوط چیلنج پیش کیا۔ 
اپنی سنچری اننگز کے دوران روی چندرن نے ۹۲؍ گیندیں کھیلیں اور ۷؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ وہ اننگز کے۴۹؍ویں اوور میں درشن نالکنڈے کا شکار بنے۔ اس سے پہلے سریجیت کا وکٹ یش کدم نے لیا۔ ابھینو نے صرف۴۲؍ گیندوں کی اننگز میں دھواں دھار بلے بازی کرتے ہوئے ۱۰؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگاکر وہاں موجود تماشائیوں کو بھر پور تفریح فراہم کیا۔ ودربھ کی جانب سے درشن نالکنڈے اور ناچیکیت بھوٹے کو دو دو وکٹ ملے جبکہ یش ٹھاکر اور یش کدم نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK