گجرات کی ٹیم ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کیلئے تیار۔ کولکاتا کے کھلاڑی بھی گھریلو میدان پر اچھا کھیلنا چاہیں گے۔
EPAPER
Updated: April 21, 2025, 10:55 AM IST | Agency | Kolkata
گجرات کی ٹیم ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کیلئے تیار۔ کولکاتا کے کھلاڑی بھی گھریلو میدان پر اچھا کھیلنا چاہیں گے۔
آئی پی ایل کے ۱۸؍ ویں سیزن میں پیر کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی ٹیم گجرات ٹائٹنس کی میزبانی کرے گی۔ گجرات ٹائٹنس اس وقت زبردست فارم میں ہے اور وہ ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ اس لئے پیر کو اس کا پلڑا بھاری رہے گا۔ یہ میچ نائٹ رائیڈرس کے گھریلو میدان ایڈن گارڈنس پر ہوگا۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرس کا مقابلہ آئی پی ایل ۳۹؍ ویں میچ میں گجرات ٹائٹنس سے ہوگا۔ گجرات کی ٹیم ۷؍ میچوں میں ۵؍ جیت کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ کولکاتا نائٹ رائیڈرس صرف۷؍ میں سے ۳؍ میچ جیت کر۶؍ پوائنٹس ہی حاصل کرسکی ہے۔ کولکاتا میں اب تک ہوم ٹیم اس سیزن میں۳؍ میچ کھیل چکی ہے اور صرف ایک جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ اسے گھر سے دور دو فتوحات ملی ہیں۔ ایسے میں پیر کو کھیلا جانے والا میچ کولکاتا کیلئے بہت اہم ہوگا۔ وہ نہ صرف اس گراؤنڈ پر اپنا ریکارڈ بہتر کرنا چاہے گی بلکہ پوائنٹس ٹیبل پر بھی اوپر جانا چاہے گی۔
وہ ٹیبل ٹاپر گجرات ٹائٹنس کے خلاف ہے، جو زبردست فارم میں ہیں اور گھر اور گھر سے باہر دونوں جگہ جیت رہے ہیں۔ ایسے میں کولکاتا کے ایڈن گارڈنس میں ایک دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ایڈن گارڈنس کی پچ بلے بازوں کے لئے زیادہ سازگار سمجھی جاتی ہے۔ ٹی ۲۰؍ میچوں میں یہاں شروع میں تیز گیند بازوں کو مدد ملتی ہے لیکن بعد میں اسپنرس حاوی ہو جاتے ہیں۔ اس پچ پر اوسط اسکور۱۶۰؍ سے ۱۷۰؍رن کے آس پاس ہے، لیکن بڑے اسکور بھی دیکھے جاتے ہیں۔ ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے گیندبازی کو ترجیح دیتی ہے۔ آئی پی ایل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس اور گجرات ٹائٹنس کے ریکارڈ کے بارے میں بات کریں تو اب تک یہ دونوں ٹیمیں صرف ۴؍ بار آمنے سامنے ہوئی ہیں۔ ان میں سے گجرات ٹائٹنس نے ۲؍ میچ جیتے ہیں جبکہ کے کے آر نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔