• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کولکاتا نائٹ رائیڈرس آئی پی ایل کا نیا چمپئن

Updated: May 26, 2024, 10:30 PM IST | Chennai

چنئی میں سن رائزرس حیدرآباد کو ۸؍وکٹ سے شکست دے کر تیسری بار خطاب اپنے نام کیا۔ آندرے رسل کی قاتلانہ گیندبازی کے سامنے حیدرآباد کی ٹیم معمولی اسکور پر ڈھیر

Kolkata Knight Riders players.Photo:PTI
کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے کھلاڑی۔ (تصویر۔پی ٹی آئی)

اتوار کو ہونے والے آئی پی ایل کے فائنل میں کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے تیسری بار خطاب پر قبضہ کیا۔ اس سے قبل کولکاتا کی ٹیم نے ۲۰۱۲ء اور ۲۰۱۴ء میں بھی خطاب جیتا تھا ۔ اُس وقت ٹیم نے گوتم گمبھیر کی کپتانی میں خطاب جیتا تھا اور وہ اس بار ٹیم کے مینٹور تھے۔ سن رائزرس حیدرآباد نے پہلے کھیلتے ہوئے اتوار کو ۱۸ء۳؍اوور میں ۱۱۳؍رن بنائے۔ ۱۱۴؍رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے۱۰ء۳؍اوورمیں ۲؍وکٹ کے نقصان پر ۱۱۴؍رن بناکر میچ ۸؍وکٹ سے جیت لیا۔ کولکاتا کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گُر باز نے ۳۲؍گیندوں پر ۳۹؍رن بنائے، سنیل نارائن نے ۶؍رن کا تعاون دیا۔ وینکٹیش ایّر نے ۲۶؍گیندوں پر ۴؍چوکوں اور ۳؍چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۲؍رن بنائے۔ کپتان شریاس ایّر نے ناٹ آؤٹ ۶؍رن بنائے۔ حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنس اور شہباز احمد نے ایک ایک وکٹ لیا۔    
ا س سےقبل کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے گیند بازوں نے جارحانہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے خطابی میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کو۱۸ء۳؍ اوور میں۱۱۳؍ رن    پر سمیٹ  دیا۔ چنئی میں اتوارکو سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان پیٹ کمنس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آنے والی حیدرآباد کی شروعات کافی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں ابھیشیک شرما (۲؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ ابھیشیک کو مشیل  اسٹارک نے بولڈ آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں ویبھو اروڑہ نے ٹریوس ہیڈ (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ راہل ترپاٹھی (۹؍رن) بھی ۵؍ویں اوور میں مشیل کا شکار بنے۔ ایڈین مارکرم اور نتیش کمار ریڈی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ حیدرآباد کا کوئی بھی بلے باز کولکاتا کے گیند بازوں کے سامنے  ٹھہر نہ  سکا اور کھلاڑی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ ہرشیت رانا نے ۷؍ویں اوور میں نتیش کمار ریڈی (۱۳؍رن) کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد۱۱؍ویں اوور میں ہرشیت نے ایڈن مارکرم(۱۶؍ رن) کو بولڈ کر دیا۔ شہباز احمد ۸؍رن، عبدالصمد  ۴؍رن ، جے دیو انادکت ۴؍رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان پیٹ کمنس نے۱۸؍  گیندوں پر۲۴؍ رن  کی سب سے بڑی  اننگز کھیلی۔ حیدرآباد کی ٹیم۱۸ء۳؍ اوور میں۱۱۳؍  رن  پر ڈھیر ہوگئی۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرس کی جانب سے آندرے رسل نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ مشیل اسٹارک اور ہرشیت رانا نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ ویبھو اروڑہ، سنیل نارائن اور ورون چکرورتی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔       

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK