• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

راجکوٹ میں ٹرننگ وکٹ ہوگا : کلدیپ یادو

Updated: February 14, 2024, 11:15 AM IST | Agency | Rajkot

ہندوستانی ٹیم کے اسپنر نے کہا: تیز گیندباز اپنی ذمہ داری نبھارہے ہیں اور انہوںنے پچھلے میچ میں قابل تعریف مظاہرہ کیا تھا۔

Kuldeep Yadav. Photo: INN
کلدیپ یادو۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو نے منگل کو کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے اگلے میچوں میں ٹرننگ وکٹ دیکھنے کو مل سکتی ہیں لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کیلئے تیار کردہ جاندار وکٹ کرکٹ کیلئے اچھے ہیں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز فی الحال۱۔ ۱؍ سے برابر ہے۔ تیسرا ٹیسٹ میچ جمعرات سے سوراشٹر کرکٹ اسوسی ایشن(ایس سی اے ) اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 
 کلدیپ نے منگل کو ہندوستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن سے پہلے پریس کانفرنس میں کہاکہ ’’ `مجموعی طور پر سب کچھ اہم ہے۔ تیز گیند باز اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جیسا کہ آپ نے پچھلے میچ میں دیکھا ہوگا۔ اس لئے جاندار وکٹ کرکٹ کے لئے اچھے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے کہ آپ مزید ٹرننگ وکٹ نہیں دیکھیں گے۔ امید ہے کہ آپ مستقبل میں ایسے ہی وکٹ دیکھیں گے۔ 
 ہندوستانی ٹیم کو اب تک انگلینڈ کے جارحانہ کھیل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ میچ آسانی سے جیت لیا تھا لیکن ہندوستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر شاندار واپسی کی۔ پہلے دو میچ ایسے وکٹوں پر نہیں کھیلے گئے جو اسپنرس کے لئے مکمل طور پر سازگار تھیں۔ کلدیپ سے پوچھا گیا کہ پہلے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کیلئے اسپنر دوست وکٹ کیوں تیار نہیں کی گئیں، انہوں نے کہاکہ `مجھے نہیں معلوم، میں نے مکمل طور پر ایسے وکٹوں پر نہیں کھیلا جو اسپنرس کو تعاون کرتے ہیں۔ میں ہوم گراؤنڈس پر کھیلی گئی آخری سیریز (آسٹریلیا کے خلاف) میں شامل نہیں تھا۔ 
 انہوں نے کہاکہ `مجھے نہیں معلوم کہ ہمارا نقطہ نظر یا سوچ کیا ہو گی۔ دراصل یہ ٹیم مینجمنٹ کا فیصلہ ہے۔ یقیناً آپ سب بھی اچھا کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔ اچھا کرکٹ کیلئے اچھے وکٹوں کا ہونا ضروری ہے۔ کلدیپ سے پوچھا گیا کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں ٹرننگ وکٹ ہونا چاہئے یا نہیں، انہوں نے کہاکہ `مجھے اس بارے میں نہیں معلوم۔ جب بھی مجھے کھیلنے کا موقع ملتا ہے، میں اس سے لطف اندوز ہوتا ہوں، چاہے وکٹ فلیٹ ہو یا ٹرننگ۔ ہمارے لئے نہ صرف اسپن بولنگ بلکہ بیٹنگ بھی اہم ہے۔ 
 دھرو اور سرفراز تیسرے ٹیسٹ میں آغاز کر سکتے ہیں، گل نے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا
کھلاڑیوں کے زخمی ہونے سے پریشان ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف ۵؍ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں ڈومیسٹک لیجنڈ سرفراز خان اور وکٹ کیپر دھرو جوریل کو موقع دے سکتی ہے۔ سیریز ۱۔ ۱؍سے برابر ہے اور تیسرا میچ۱۵؍ فروری سے یہاں کھیلا جائے گا۔ میچ سے قبل ٹیم کے پریکٹس سیشن کو دیکھیں تو سرفراز نے سلپ اور گلی والے علاقوں میں فیلڈنگ کی جبکہ جوریل نے وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کی۔ گزشتہ میچ کی دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے شبھمن گل نے ٹیم کے اس اختیاری پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی۔ وشاکھاپٹنم میں دوسرے ٹیسٹ میں فیلڈنگ کے دوران گل کو دائیں ہاتھ کی انگلی میں چوٹ لگی تھی۔ انہوں نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کے دوران فیلڈنگ نہیں کی لیکن یہ بھی کہا کہ ان کی چوٹ سنگین نہیں ہے۔ شریاس ایّر کے باہر ہونے اور کے ایل راہل کے انجری سے صحت یاب ہونے میں ناکام ہونے کے بعد، سرفراز کے لئے دروازے کھل گئے ہیں، جو پچھلے کچھ برسوں میں رنجی ٹرافی میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں میں سے ایک ہیں۔ جوریل کو بہتر بلے باز ہونے کی وجہ سے بھرت پر ترجیح دی جاسکتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK