• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کائلیان ایمباپے اسپین کے مضبوط فٹبال کلب ریئل میڈرڈ میں شامل

Updated: June 06, 2024, 12:00 PM IST | medrid

فرانس کے سابق کپتان نے پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) فٹبال کلب کے ساتھ ۷؍ سال گزارے۔ اب وہ اگلے ۵؍ سیزن تک ریئل میڈرڈ کی ٹیم کے لئے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔

Kylian Mbappe.Photo: INN.
کائلیان ایمباپے ۔ تصویر: آئی این این۔

فرانسیسی فٹبالر کائلیان ایمباپے ریئل میڈرڈ کی ٹیم میں شامل ہو گئے۔ ایمباپے کی اس ٹیم میں شمولیت کے بارے میں کئی برسوں سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں تاہم اب ایمباپے نے ہسپانوی لیگ لا لیگا کلب کے ساتھ ۵؍ سالہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ ریئل میڈرڈ نے اس کی تصدیق کردی ہے۔ ابھی پچھلے ہفتے ہی ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے ریکارڈ۱۵؍  ویں بار یوئیفا چمپئن لیگ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ کارلو اینسیلوٹی کے ریئل میڈرڈ نے مشہور ویمبلی اسٹیڈیم میں یوئیفا چمپئن لیگ کے فائنل میں بنڈس لیگا کے جائنٹس بوروسیا ڈورٹمنڈ کو۰۔ ۲؍گول سے شکست دی۔ 
ریئل میڈرڈ نے ریکارڈ۱۵؍ ویں چمپئن لیگ ٹرافی اٹھانے کے ۲؍ دن بعد فری ٹرانسفر پر ایمباپے کو دستخط کرنے کی تصدیق کی۔ فرانس کے سابق کپتان نے پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) فٹبال کلب کے ساتھ ۷؍ سال گزارے۔ اب وہ اگلے ۵؍ سیزن تک ریئل میڈرڈ کی ٹیم کے لئے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اس۲۵؍ سالہ کھلاڑی نے۱۰؍مئی کو پی ایس جی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ایمباپے جولائی میں ریئل میڈرڈ ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پی ایس جی کے ساتھ ان کا معاہدہ۳۰؍ جون کو ختم ہو گا۔ ریئل میڈرڈ کی ٹیم اب انہیں یورو کپ۲۰۲۴ء کے آغاز سے قبل لانچ کرے گی۔ 
ایمباپے ۲۰۰۸ء میں فرانس کی ٹیم کے ساتھ فیفا ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی پی ایس جی کے ساتھ اس نے ۶؍ لیگ وَن ٹائٹل اور ۴؍ فرانسیسی کپ جیتے ہیں۔ ایمباپے نے کلب کے آل ٹائم ٹاپ اسکورر کے طور پر اپنا دور ختم کیا۔ فرنچ فارورڈ نے پی ایس جی کی جانب سے۲۵۶؍ گول کئے۔ میڈرڈ منتقلی سے پہلے ایمباپے صرف لیگ وَن ٹیموں کے ساتھ منسلک تھے۔ ایمباپے نے سب سے پہلے اے ایس موناکو کلب میں شمولیت اختیار کی۔ ایمباپے نے۲۰۱۷ء میں موناکو سے پی ایس جی میں شمولیت اختیار کی جس کی فیس ۲۱۴؍ ملین امریکی ڈالر ہے۔ اس معاہدے کے ساتھ وہ پی ایس جی کے سابق سپر اسٹار نیمار جونیئر کے بعد دنیا کے دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔ 
میڈرڈ کو پہلی بار دسمبر۲۰۱۲ء میں ایمباپے کے بارے میں معلومات ملی تھی۔ ایمباپے کو فرانسیسی فٹبال فیڈریشن کی اکیڈمی میں رہتے ہوئے ایک ہفتے کیلئے میڈرڈ میں مدعو کیا گیا تھا۔ نوجوان کھلاڑی نے کلب کے ٹریننگ گراؤنڈ میں اپنے آئیکنس زین الدین زیدان اور کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کی۔ تاہم فرانسیسی اسٹار کو  ریئل میڈرڈ میں شامل ہونے میں ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ لگا۔ ریال میڈرڈ نے بھی۲۰۲۱ء میں ایمباپے کو سائن کرنے کی کوشش کی۔ اس کیلئے ۱۸۰؍ ملین یورو کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK