تیسرے ٹی ۲۰؍ میں ویسٹ انڈیز کو ۹؍وکٹ سے شکست دے دی۔ کوسل مینڈس نے ناٹ آؤٹ ۶۸؍رن بنائے
EPAPER
Updated: October 18, 2024, 10:11 PM IST | Dambulla
تیسرے ٹی ۲۰؍ میں ویسٹ انڈیز کو ۹؍وکٹ سے شکست دے دی۔ کوسل مینڈس نے ناٹ آؤٹ ۶۸؍رن بنائے
کوسل مینڈس (ناٹ آؤٹ۶۸؍رن) اور کوسل پریرا (ناٹ آؤٹ۵۵؍رن )کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت سری لنکا نے جمعرات کو تیسرے ٹی۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ سری لنکا نے ۳؍ میچوں کی سیریز۱۔۲؍ سے جیت لی ہے۔
جمعرات کی دیر رات ویسٹ انڈیز کے۱۶۲؍ رن کے جواب میں سری لنکا نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ پر۶۰؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں گڈاکیش موتی نے پاتھم نسانکا کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پہلی کامیابی دلائی۔ نسانکا نے۲۲؍ گیندوں پر ۷؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۳۹؍ رن بنائے۔ کوسل مینڈس نے۵۰؍ گیندوں پر ۵؍ چوکے اور ۳؍ چھکے کے ساتھ (ناٹ آؤٹ۶۸؍رن ) اچھی اننگز کھیلی جبکہ کوسل پریرا نے۳۶؍ گیندوں پر ۷؍ چوکے لگا کر ناٹ آؤٹ ۵۵؍رن بنائے۔ سری لنکا نے۱۸؍ اوورس میں ایک وکٹ پر۱۶۶؍ رن بنانے کے بعد میچ ۹؍ وکٹ سے جیت لیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان روومین پاول (۳۷؍رن)، گڈاکیش موتی (۳۲؍رن ) اور برینڈن کنگ (۲۳؍رن ) کی دھماکہ خیز بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو۱۶۳؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ بلے بازی کے لئے آنے والی ویسٹ انڈیز کی شروعات اچھی رہی اور پہلے ہی اوور میں مہیش ٹیکشنا نے ایون لوئس (صفر) کو بولڈ کرکے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد شائی ہوپ اور برینڈن کنگ نے اننگز کو سنبھالا۔ وینندو ہسرنگا نے چھٹے اوور میں برینڈن کنگ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑدیا۔ کنگ نے۱۹؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر ۲۳؍ رن بنائے۔ روسٹن چیز ۸؍اور شرفن ردرفورڈ ۶؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان روومین پاول نے۲۷؍ گیندوں پر ایک چوکا اور۳؍ چھکے لگا کر۳۷؍ رن بنائے۔ گڈاکیش موتی نے۱۵؍ گیندوں پر ایک چوکا اور ۳؍ چھکے لگا کر ۳۲؍رن بنائے۔ روماریو شیفرڈ نے ۱۳؍ گیندوں پر ۱۸؍ رن بنائے۔ فیبین ایلن ۴؍ اور الزاری جوزف ۲؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۶۲؍ رن بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹیکشنا اور وینندو ہسرنگا نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ کامندو مینڈس، نووان تھشارا، چارتھ اسالنکا اور متیشا پاتھیرانا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔