• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لیجنڈری باکسر مائیک ٹائسن: ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتنے والا سب سے کم عمرکھلاڑی

Updated: July 01, 2024, 11:41 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

دنیا کے خطرناک ترین باکسرز میں سے ایک مائیک ٹائسن جنہیں دنیا کے عظیم ہیوی ویٹ باکسرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، امریکہ کے سابق پیشہ ور باکسر ہیں۔

Mike Tyson. Photo: INN
مائیک ٹائسن۔ تصویر : آئی این این

دنیا کے خطرناک ترین باکسرز میں سے ایک مائیک ٹائسن جنہیں دنیا کے عظیم ہیوی ویٹ باکسرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، امریکہ کے سابق پیشہ ور باکسر ہیں۔ ٹائسن نے صرف۱۸؍ برس کی عمر میں پروفیشنل باکسنگ شروع کر دی تھی۔ مائیک ٹائسن کی زندگی بھلے ہی تنازعات سے بھری ہو لیکن انہوں نے باکسنگ کی دنیا میں ہمیشہ اپنا دبدبہ قائم رکھا۔ ۲۰؍ برس کی عمر میں ہیوی ویٹ چمپئن بننے کا کارنامہ انجام دیا۔ امریکہ کے لیجنڈری باکسر مائیک ٹائسن جن کا شمار دنیا کے عظیم باکسرز میں ہوتا ہے، باکسنگ رنگ میں بڑے بڑے باکسرز بھی ان کا سامنا کرنے سے گھبراتے تھے۔ مائیک ٹائسن کا باکسنگ کریئر بہت شاندار رہا۔ انہوں نے اپنے کریئر میں تقریباً۵۸؍ فائٹ لڑیں جن میں سے انہوں نے۵۰؍ فائٹ پر فتح حاصل کی۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ ان۵۰؍ میچوں میں سے ٹائسن نے۴۴؍ میچوں میں ناک آؤٹ سے کامیابی حاصل کی۔ مائیک ٹائسن نے اپنی پہلی فائٹ۱۹۸۵ء میں ہیکٹر مرسڈیز کو شکست دے کر جیتی۔ مائیک نے۱۹۸۵ء سے ۲۰۰۵ءتک باکسنگ مقابلوں میں حصہ لیا۔ ٹائسن نے اپنی باکسنگ کی مہارت کیلئے `آئرن مائیک، `کڈ ڈائنامائٹ اور `دی بیڈسٹ مین آن دی پلینیٹ جیسے خطابات حاصل کئے۔ 
 ٹائسن کا بچپن انتہائی غربت میں گزرا۔ ان کی والدہ کا انتقال اس وقت ہوا جب وہ۱۰؍ برس کے تھے۔ غربت اور مجرمانہ علاقے میں رہنے کی وجہ سے ٹائسن کو بار بار چھوٹے چھوٹے جرائم کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ یہ ٹائسن کی بدقسمتی یا ناسازگار حالات کا نتیجہ ہی کہیں گے کہ۱۳؍ برس کی عمر تک ٹائسن کو۳۸؍بار گرفتار کیا گیا۔ ان کی باکسنگ کی صلاحیتوں کو بابی اسٹیورٹ نے جانا۔ ڈی اماتو نے ٹائسن کو چھپنے اور ڈھونڈنے والا باکسنگ کا انداز سکھایا جس میں وہ اپنے ہاتھ اپنے گالوں کے قریب رکھتے اور باکسنگ رنگ میں مسلسل گھومتے رہتے جس سے ان کا دفاع تقریباً ناقابل تسخیر ہوتا۔ ۵؍ فٹ۱۱؍ انچ یعنی ۱ء۸؍   میٹر لمبے اور تقریباً ۹۹؍کلوگرام وزنی ٹائسن کا جسم کلاسک ہیوی ویٹ باکسر جیسا نہیں تھا، لیکن رنگ میں ان کی حیران کن چستی اور جارحیت نے ا ن کے حریفوں کو ہمیشہ زیر کیا۔ انہیں اب تک کے سب سے بڑے ہیوی ویٹ باکسرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ مائیک نے اپنی پہلی بیلٹ۲۰؍ سال کی عمر میں جیتی اور وہ ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتنے والے سب سے کم عمر باکسر بھی ہیں۔ ۱۹۸۷ء سے۱۹۹۰ء تک ٹائسن عالمی ہیوی ویٹ چمپئن کے بادشاہ رہے۔ 
 ٹائسن نے اپنے پہلے۱۹؍ پیشہ ورانہ مقابلے ناک آؤٹ کے ذریعے جیتے، ان میں سے۱۲؍ پہلے راؤنڈ میں ہوئے تھے۔ ۲۰؍ سال، ۴؍ ماہ اور۲۲؍ دن کی عمر میں پہلی بیلٹ جیتنے والے ٹائسن نے ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتا۔ اس طرح انہوں نے ہیوی ویٹ جیتنے والے کم عمر ترین باکسر کا ریکارڈ قائم کیا۔ وہ پہلے ہیوی ویٹ باکسر تھے جنہوں نے بیک وقت ڈبلیو بی اے، ڈبلیو بی سی اور آئی بی ایف ٹائٹل اپنے نام کئے اور یہ ٹائٹل لگاتار اپنے نام کرنے والے واحد ہیوی ویٹ تھے۔ اگلے سال ٹائسن اس وقت لائنل چمپئن بن گئے جب انہوں نے پہلے راؤنڈ کے۹۱؍ سیکنڈ میں مائیکل اسپنکس کو ناک آؤٹ کیا۔ ۱۹۹۰ءمیں ٹائسن کو انڈر ڈاگ بسٹر ڈگلس نے تاریخ کے سب سے بڑے اپ سیٹ میں ناک آؤٹ کر دیا۔ مائیک ٹائسن کو اب تک کے بہترین ہیوی ویٹوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ وہ اس وقت کے تمام سو سب سے بڑے باکسرز کی فہرست میں نمبر ایک تھے۔ 
 ٹائسن۲۰۰۴ء اور۲۰۰۵ء کے مقابلے ہار گئے تھے، اس کے بعد انہوں نے باکسنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK