• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لیجنڈس کرکٹ لیگ: عرفان پٹھان کی قیادت میں بھیلواڑہ کنگز کی شاندار کارکردگی

Updated: September 29, 2022, 1:08 PM IST | Agency | Cuttack

ٹورنامنٹ کے اپنے ۵؍ویں میچ میں بھیلواڑہ نے گجرات جائنٹس کو ۵۷؍رن سے شکست دے دی۔بھیلواڑہ ٹیم ۵؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی

Bhilwara Kings captain Irfan Pathan is seen with a teammate .Picture:INN
بھیلواڑہ کنگز کے کپتان عرفان پٹھان ساتھی کھلاڑی کے ساتھ نظر آرہے ہیں ۔ تصویر:آئی این این

بھیلواڑہ کنگز نے منگل کو بارابتی اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے لیجنڈس لیگ کرکٹ کے اپنے ۵؍ویں میچ میں گجرات جائنٹس کو ۵۷؍رن سے شکست دے دی۔ دوسری فتح  کے ساتھ عرفان پٹھان کی قیادت والی بھیلواڑہ ٹیم ۵؍ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ گجرات کی ٹیم کھسک کر تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھیلواڑہ کنگز نے۲۰؍اوورس میں ۴؍ وکٹوں پر۲۲۲؍ رن بنائے۔ جواب میں گجرات کی ٹیم ’یونیورس باس‘ کرس گیل (۱۵) کی واپسی کے باوجود تمام وکٹوں کے نقصان پر ۱۹ء۴؍اوورس میں صرف۱۶۵؍رن ہی بنا سکی۔ گجرات کی ٹیم کی یہ دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد بھیلواڑہ کنگز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شاندار آغاز کیاتھا۔ مورنے وین وِک (۵۰) اور ولیم پورٹر فیلڈ (۶۴) نے پہلے وکٹ کیلئے۵۸؍ گیندوں پر۱۱۷؍ رن بنائے۔ پورٹر فیلڈ نے۳۳؍ گیندوں کا سامنا کیا اور۱۰؍ چوکے اور ۲؍چھکے لگائے۔ ۲؍ رن کے بعد وِک بھی آؤٹ ہو گئے۔ وک نے اپنی۲۸؍ گیندوں کی اننگز میں ۴؍ چھکے لگائے جبکہ وہ اتنے ہی چوکے لگانے میں بھی کامیاب رہے۔ اس کے بعد کپتان عرفان پٹھان (۳۴؍رن) نے جیسل کاریا (۴۳) کے ساتھ مل کر اسکور کو ۱۵۰؍ رن  سے آگے لے گئے۔ عرفان۱۷۴؍رن کے مجموعی اسکور پر اشوک ڈنڈا کا شکار بنے۔ عرفان نے۲۳؍ گیندوں کی اننگز میں ایک چوکا اور ۳؍ چھکے لگائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد بڑے بھائی یوسف پٹھان (ناٹ آؤٹ ۱۴؍رن) اور کاریا نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں اسکور کو ۲۰۰؍رن سے آگے لے جانے میں کامیاب رہے۔ کاریا نے۲۹؍  گیندوں کا سامنا کیا اور ۵؍ چوکے اور ایک  چھکا لگایا، جب کہ یوسف نے ۵؍ گیندوں کی ناقابل شکست اننگز میں ۲؍ چھکے لگائے۔ راجیش بشنوئی نے بھی ۲؍ گیندوں پر ۲؍ چھکے لگائے۔ ڈِنڈا، کے پی اپنا، تھیسارا پریرا اور گرین سوان نے گجرات جائنٹس کیلئے ایک ایک کامیابی حاصل کی۔ جواب میں گجرات کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ وہ ۳؍ رن کے مجموعی اسکور پر کیون اوبرائن (۲)کا وکٹ گنوا بیٹھے۔ گیل اور کپتان وریندر سہواگ (۲۷) نے اس کے بعد دوسرے  وکٹ کیلئے۴۳؍ رن کی شراکت کی لیکن کاریا نے سہواگ کو۴۷؍رن  کے مجموعی اسکور پر آؤ ٹ کیا اوریہ جوڑی توڑ دی۔ سہواگ نے۲۰؍ گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ٹیم سہواگ کے آؤٹ ہونے کے صدمے سے ابھی سنبھلنے والی تھی کہ ایس سری سنتھ نے لینڈل سمنز کو آؤٹ کر کے گجرات کو تیسرا جھٹکا دیا۔ سری سنتھ نے جلد ہی ایلٹن چگمبورا (۲؍رن) کو  آؤٹ کرکے گجرات کو دُہرا جھٹکا دیا۔ لیگ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے گیل کافی عرصے سے رن  بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے تھے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاریا نے انہیں ۵۴؍رن  کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کر کے گجرات کی شکست کو یقینی بنائی۔ گیل نے۲۰؍ گیندوں پر ۲؍ چوکے لگائے۔ اب دوبارہ وکٹ لینے کی باری سری سنتھ کی تھی۔ سری نے پریرا کو۶۶؍رن  کے اسکور پر آؤٹ کرکے گجرات کو چھٹا جھٹکا دیا۔ گجرات نے۷۴؍ رن  کے مجموعی اسکور پر جوگندر شرما (۱۰؍رن) کا وکٹ گنوادیا اور اس کے ساتھ ہی گجرات کی شکست یقینی ہوگئی لیکن آخری لمحات میں یشپال سنگھ (۵۷؍ رن، ۲۹؍ گیندوں پر۶؍ چوکے، ۳؍ چھکے) اور ریاد امرت (۱۹؍ رن) ، ۱۴؍گیند،۲؍ چھکے) نے کچھ اچھے شاٹس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ بھیلواڑہ کنگز کی جانب سے سری سنتھ نے ۲؍ جبکہ جیسل کریچا اور فیڈل ایڈورڈز نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔
 میچ کے بعد عرفان پٹھان نے کہاکہ ہم اس ٹورنامنٹ میں اچھا کررہے ہیں اور امید ہے کہ افتتاحی ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم کامیاب ہو جائے۔انہوںنے مزید کہاکہ گجرات کےسامنے سری سنتھ نے اچھی گیندبازی کی اور ان کی بلے بازی کو تہس نہس کردیا۔ وہ اب بھی اچھے فارم ہیں اور میں چاہتا ہوںکہ وہ اسی اچھا کرکٹ کھیلیں۔ ٹیم کو ان سے کافی امیدیں ہیں۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK